Inquilab Logo Happiest Places to Work

لیلا،ماریا شاراپووا کے بعد یوایس اوپن کی کم عمر سیمی فائنلسٹ

Updated: September 09, 2021, 2:01 PM IST | Agency | New York

یوایس اوپن کے خواتین کے سنگلز کے کوارٹر فائنل میں کینیڈا کی کھلاڑی نے ایلینا سویتلانا کو شکست دی

Leylah Annie Fernandez.Picture:INN
لیلا فرنانڈیز۔ تصویر: آئی این این

منگل کی دیر رات ہونےوالے کوارٹر فائنل میچ میں کینیڈا کی لیلا فرنانڈیزنے اہم پوائنٹس حاصل کئے اور وہ ۲۰۰۵ء کے بعد روسی ٹینس اسٹار ماریا شاراپووا کے بعدوہ سال کے آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن کی کم عمرسیمی فائنلسٹ بن گئی ہیں۔کینیڈا کی  نوجوان ٹینس کھلاڑی نےخواتین کے سنگلز کے کوارٹر فائنل میں بہترین کارکردگی کامظاہر ہ کیا اور اپنے شاندار شاٹس سے حریف کھلاڑی کو زیر کردیا۔ان کے اس کھیل سے شائقین بھی محظوظ ہوئے اور انہوں نے لیلافرنانڈیز کی پزیرائی کی۔ شائقین ان کے کھیل سے بہت خوش تھے اور وہ ان کی حوصلہ افزائی کررہے تھے۔  سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلیم یوایس اوپن کے خواتین کے سنگلز کے کوارٹر فائنل میں کینیڈا کی  نوجوان کھلاڑی لیلا فرنانڈیز نے یوکرین کی کھلاڑی ایلینا سویتلانا کو ۳؍سیٹوں میں شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا اور خود سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔ وہ اس سال ہونے والے یوایس اوپن کی خواتین کے سنگلز مقابلوں کی پہلی سیمی فائنلسٹ بنی ہیں۔ انہوںنے یوکرینی کھلاڑی کو ۳۔۶، ۶۔۳، ۶۔۷؍ سے ہرا دیا۔آرتھر ایش اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں آخری سیٹ ٹائی بریکر میں مکمل ہوا ۔ لیلا نے اس میچ میں بیس لائن کے پیچھے سے کھیلتے ہوئے یوکرینی کھلاڑی کو مسلسل بیک فُٹ پر دھکیل دیا۔ 
 لیلا نے کوارٹر فائنل میں پہنچنے سے قبل اپنے یوایس اوپن کے سفر میں سابق نمبروَ ن جاپان کی اسٹار ناؤمی اوساکا کو باہر کردیا تھا ، اس کے بعد انہوںنے جرمنی کی اسٹار کھلاڑی انجلک کربر کو بھی زیر کرکے ٹورنامنٹ میں اپنا سفر جاری رکھا۔  فرنانڈیز  اپنے کھیل پر توجہ دے رہی ہیں اور مسلسل اچھا کھیل رہی ہیں۔\ میچ کے بعد کینیڈا کی ۱۹؍سالہ کھلاڑی لیلا فرنانڈیز نے کہا کہ میں خود پر بھروسہ کرنے کے بارے میں سوچتی ہوں۔ میں اپنے کھیل پر یقین کرتی ہوں۔ہر پوائنٹ، شکست اور فتح کے بعد میں خود سے سوال کرتی ہوں، میں اپنے انداز میں کھیلوں۔ میں اپنے شاٹس خود منتخب کرتی ہوں اور دیکھتی ہوں کہ گیند کس طرف سفر کرتی ہے۔خیال رہے کہ پیر کو ۱۹؍برس کی ہونے والی فرنانڈیز نے گزشتہ ۶؍سے زائد ٹورنامنٹ میں تیسرے راؤنڈ سے آگے اپنا مقابلہ جاری نہیں رکھا تھا ،اب  وہ یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ کینیڈا کی کھلاڑی نے مزید کہا کہ میں کیا محسوس کررہی ہوں وہ میں ہی جانتی ہوں۔ میں یہی سوچ رہی ہوںکہ میں اب اگلے میچ میں کامیابی حاصل کرکے ٹورنامنٹ پر قابض  ہوجاؤں ۔ میں اگلے مقابلے کیلئے پوری تیاری کررہی ہوں۔ سیمی فائنل میں پہنچ کر بہت خوش ہوں۔ دیگر ایک کوارٹر فائنل میں بیلاروس کی آرینا سبالینکا نے چیک جمہوریہ کی کھلاڑی باربورا کریجسیکووا کو ۲؍سیٹوں میں آسانی سے شکست دے دی۔ آرینا کا اگلا میچ  کینیڈا کی کھلاڑی لیلا فرنانڈیز سے ہوگا۔  بیلاروسی کھلاڑی نے باربورا کو ۱۔۶، ۴۔۶؍  سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK