EPAPER
Updated: August 19, 2021, 2:27 PM IST | Agencyd | Dubia
آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں جو روٹ کے۸۹۳؍ پوائنٹس ہیں۔ کین ولیمسن نمبروَن کی پو زیشن پر برقرار۔ راہل کو بھی فائدہ ہواہے
: انگلینڈکی ٹیم کے کپتان جو روٹ کو آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بڑا فائدہ ہوا ہے۔ روٹ بلے بازوں کی تازہ ترین آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ٹیسٹ رینکنگ میں جو روٹ کے ۸۹۳؍ پوائنٹس ہیں۔ جو روٹ ہندوستان کیخلاف سیریز سے پہلے ۵؍ویں نمبر پر تھے۔ پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد انہوںنے ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ لارڈس ٹیسٹ کے بعد وہ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔جو روٹ اس سے قبل آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں چوتھے نمبر پر تھے۔ جو روٹ نے ہندوستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ۶۴؍ اور دوسری اننگز میں۱۰۹؍ رن بنائے۔ لارڈس ٹیسٹ میں روٹ نے پہلی اننگز میں ۱۸۰؍رن کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
روٹ اب نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن سے صرف۸؍ پوائنٹس پیچھے ہیں۔ کین ولیمسن کے اس وقت ٹیسٹ رینکنگ میں۹۰۱؍ پوائنٹس ہیں جبکہ جو روٹ۸۹۳؍پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ روٹ کو۲؍ مقامات کا فائدہ ملا ہے۔ اسٹیو اسمتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ روٹ نے اسمتھ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نمبر ۲؍پر اپنی جگہ بنالی ہے۔ اس کے علاوہ مارنس لبوشین نمبر ۴؍ پر ہیں۔ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کا فارم خراب رہا ہے لیکن ٹیسٹ رینکنگ میں ان کی جگہ۵؍ ویں نمبر پر ہے۔
ہٹ مین روہت شرما کو زبردست فائدہ ہوا ہے۔ روہت ۶؍ ویں نمبر پر ہیں لیکن ان کے ریٹنگ پوائنٹس بڑھ گئے ہیں۔ روہت کے اب ۷۷۳؍پوائنٹس ہیں۔ روہت وراٹ سے صرف ۳؍ پوائنٹس پیچھے ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ جب روہت شرما نے ٹیسٹ کرکٹ میں بطور اوپنر بیٹنگ شروع کی تو ان کی ٹیسٹ رینکنگ۵۴؍ تھی ، گزشتہ برسوں میں انہوں نے ہٹ مین کی حیثیت سے ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور آج وہ آئی سی سی ٹیسٹ میں نمبر ۶؍پر پہنچ گئے ہیں۔
روہت شرما نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں بہترین رینکنگ حاصل کرنے کے لیے حیرت انگیز کام کیا ہے۔ روہت بطور اوپنر دنیا میں سب سے زیادہ درجہ رکھنے والے بلے باز بھی ہیں۔ رشبھ پنت بھی ۷؍ویں نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے بابر اعظم نے ۲؍ مقام حاصل کیے ہیں اور اب وہ ۸؍ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ آئی سی سی کی ایک پریس ریلیز کے مطابق دوسرےٹیسٹ میں پلیئر آف دی میچ لوکیش راہل کو بھی رینکنگ میں کافی فائدہ ملا ہے۔ وہ پہلی اننگز میں ۱۲۹؍رن کی بدولت۱۹؍ درجے کی چھلانگ لگا کر۳۷؍ ویں پوزیشن پر آگئے ہیں ۔ ان کے کریئر کی بہترین رینکنگ ۸؍ نمبر ہے ، جو انہوں نے نومبر۲۰۱۷ء میں حاصل کی تھی۔ گیندبازی کی بات کریں تو محمد سراج۳۸؍ ویں رینک پر پہنچ گئے ہیں۔ سراج کی یہ ٹیسٹ رینکنگ میں اب تک کی بہترین رینکنگ ہے۔ پیٹ کمنس پہلے نمبر پر رہے۔