EPAPER
Updated: September 02, 2021, 12:18 PM IST | Agency | Dubai
انگلینڈ کے کپتان جوروٹ بدھ کو ہندوستان کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں تقریباً ۶؍ سال کے بعد دنیا کے نمبر ایک ٹیسٹ بلے باز بن گئے۔
انگلینڈ کے کپتان جوروٹ بدھ کو ہندوستان کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں تقریباً ۶؍ سال کے بعد دنیا کے نمبر ایک ٹیسٹ بلے باز بن گئے۔۳۰؍سالہ کھلاڑی سیریز کے آغاز میں ۵؍ویں نمبر پر تھے لیکن ناٹنگھم ، لارڈس اور لیڈس میں کھیلے جانےوالے تینوں ٹیسٹ میچوں میں۵۰۷؍ رن نے انہیں وراٹ کوہلی ، مارنس لبوشین ، اسٹیو اسمتھ اور بالآخر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو پیچھے چھوڑنے میں مدد کی۔ وہ اب ۱۵؍ درجہ بندی پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔
روٹ لیڈس میں تیسرے ٹیسٹ سے پہلے بیٹنگ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر تھے جس میں انہوں نے انگلینڈ کی واحد اننگز میں ۱۲۱؍ رن بنائے۔ اس سے قبل وہ دسمبر۲۰۱۵ء میں پہلے نمبر پر رہے تھے ، لیکن پھر کوہلی اور اسمتھ نے انہیں پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ ولیمسن کے ساتھ ان ۳؍ کھلاڑیوں کے علاوہ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرس بھی نومبر۲۰۱۵ء میں پہلے نمبر پر تھے۔انگلینڈ کے کپتان اب اپنے کریئر کے بہترین۹۱۷؍ ریٹنگ پوائنٹس سے صرف ایک پوائنٹ نیچے ہیں جو انہوں نے اگست۲۰۱۵ء میں ناٹنگھم میں آسٹریلیا کے خلاف۱۳۰؍رن بنانے کے بعد حاصل کیا تھا۔ واضح رہے کہ روٹ کے علاوہ انگلینڈ کے صرف ۴؍ بلے بازوں نے اب تک سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے ہیں جن میں لین ہٹن ، جیک ہوبز ، پیٹر مے اور ڈینس کمپٹن شامل ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے بدھ کو جاری ہونے والی تازہ ترین ہفتہ وار رینکنگ میں ہندوستانی اوپنر روہت شرما نے کپتان وراٹ کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنے ملک کے ٹاپ رینکنگ ٹیسٹ بلے باز بن گئے ہیں۔ انہیں ایک مقام کے فائدے سے کریئر کی بہترین ۵؍ویں پوزیشن مل گئی ہے۔ وہ وراٹ سے ۷؍ ریٹنگ پوائنٹس آگے ہیں۔ ان کے ۷۷۳؍ پوائنٹس ہیں اور وراٹ۷۶۶؍پوائنٹس ہیں۔ پر ہیں۔