Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہند۔آسٹریلیا کی خواتین کا تاریخی ٹیسٹ برابری پر ختم

Updated: October 04, 2021, 1:13 PM IST | Agency

ہندوستان نے ۳؍وکٹ پر ۱۳۵؍رن بناکردوسری اننگز بھی ڈکلیئر کردی تھی۔سنچری بنانے والی اسمرتی پلیئرآف دی میچ رہیں

Women cricketers from Australia and India can be seen together.Picture:INN
آسٹریلیا اور ہندوستان کی خواتین کرکٹرس کو ایک ساتھ دیکھا جاسکتاہے ۔ تصویر: آئی این این

 ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان واحد  دن رات کا تاریخی ٹیسٹ میچ اتوارکو چوتھے اورآخری دن ڈرا پر ختم ہوا۔ گلابی گیند ٹیسٹ میچ کے ڈرا ہونے سے دونوں ٹیموں کو ۲۔۲؍پوائنٹس ملے۔ اس  سیریز کے پوائنٹ ٹیبل میں ۴۔۶؍ کی سبقت کے ساتھ میزبان ٹیم آگے ہیں۔ ہندوستان کو سیریز اپنے نام کرنے کے لئے ۳؍ ٹی ۲۰؍ مقابلے جیتنے ہوں گے۔  یہ میچ ہندوستان کے لیے کئی لحاظ سے شاندار رہا، جہاں اسمرتی مندھانا نے تاریخی سنچری اننگز کھیلی اور ہندوستان مسلسل چھٹی بار ٹیسٹ میچ میں ناقابل تسخیر رہا۔اسمرتی مندھانا نے پہلی اننگز میں ۱۲۷؍اور دوسری اننگز میں ۳۱؍رن بنائے اور وہ پلیئر آف دی میچ رہیں۔ ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز ۳؍ وکٹ پر ۱۳۵؍  رن پر ڈکلیئر کرکے  آسٹریلیا کے سامنے۳۲؍ اوورس میں ۲۷۲؍ رن کا ہدف رکھا جس کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا نے ۲؍ وکٹ پر۳۶؍رن بنائے اور میچ ڈرا پر ختم ہوا۔ ہندوستان نے اگرچہ ۲؍ وکٹ  لئے تھےلیکن گیلی گیند کو سوئنگ کرنا مشکل تھا اور آخری گھنٹے سے پہلے دونوں کپتان میتھالی  راج اور مگ لیننگ نے میچ  کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہندوستانی اننگز میں۱۲۷؍ رن بنانے کے بعد پلیئر آف دی میچ بننے والی اسمرتی مندھانا نے اپنی اننگز کے بارے میں کہا ’’یقینی طور پر یہ میری ٹاپ۳؍ اننگز میں سے ایک ہے۔ پہلے دن کے کھیل کے بعد میں اس رات کافی گھبرائی ہوئی تھی۔۸۰؍رن   کے اسکور پر نو بال پرموقع  ملنے کے بعد میں نے یہ ارادہ کرلیا تھا کہ مجھے اس موقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔ بطور کھلاڑی سفید کپڑا پہن کر  ٹیسٹ میچ کھیلنا بڑی بات ہوتی ہے۔ آج حالات پہلے دن سے بہت مختلف تھے اور یہ صرف ٹیسٹ کرکٹ میں ہی ہوتا ہے۔ ‘‘ اسمرتی مندھا نا نے مزید کہاکہ ہمارے پاس  ٹی۲۰؍ میچوں سے پہلے زیادہ وقت باقی نہیں ہے۔ ایک دن کے آرام کے بعد ہم مشق کریں گی۔ ویسے میں نے پھر بھی ٹی۲۰؍ کے انداز میں بلے بازی کی۔‘‘ دوسری اننگز میں اسمرتی نے۴۸؍ گیندوں پر۳۱؍رن  ، شیفالی ورما نے۹۱؍گیندوں میں ۵۲؍رن  اور پونم راؤت نے۶۲؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ۴۱؍ رن بنائے۔ ڈرا کے بعدہندوستانی ٹیم کی کپتان میتھالی  راج نے کہا کہ اگر ہمیں پہلے گھنٹے میں۴؍ وکٹ مل جاتے تو ہم میچ جاری رکھتے۔ بارش کی وجہ سے ہم نے کئی اوور ضائع کیے ، پھر بھی ہم نے  نتیجہ کی کوشش کی۔ جھولن گوسوامی نے اچھی گیندبازی کی اور نوجوان تیزگیندبازوں کے ساتھ وقت گزارا۔ اسمرتی ہمیشہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہی ہیں۔ رچا گھوش اور یاستیکا بھاٹیا نے مجھے بہت متاثر کیا۔ مجھے امید ہے کہ ہرمن پریت کور ٹی۲۰؍ میچ کھیلتے ہوئے نظر آئیں گی۔ آسٹریلیا کے کپتان میگ  لیننگ نے کہا ’’اگر موسم اچھا ہوتا تو ہم ۴؍ دن میں بھی نتیجہ نکال لیتے۔ ہندوستان نے ہمیں مشکل پوزیشن میں ڈال دیا اور مجھے خوشی ہے کہ ٹیم نے شاندار واپسی کی ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK