Inquilab Logo Happiest Places to Work

بارش کے سبب سیمی فائنل رد، ہندوستان کی خاتون ٹیم پہلی بار فائنل میں داخل

Updated: March 06, 2020, 7:08 PM IST | Agency | Sydney

ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کیخلاف ایک گیند بھی نہیں پھینکی جا سکی،دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کی شکست،یوم خواتین پر ہندوستان اور آسٹریلیا میں ٹکر

Indian Women`s Cricket Team. Picture INN
ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم۔ تصویر : آئی این این

 سڈنی : ہندوستان نے بارش کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف جمعرات کو سیمی فائنل میچ منسوخ ہو جانے سے پہلی بار آئی سی سی خواتین ٹی ۔۲۰؍ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا جہاں خطاب کے لئے اس کا مقابلہ اتوار کو آسٹریلیا سے بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر میلبورن میں ہوگا۔ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان یہاں سیمی فائنل مقابلے میں پہلے سے بارش کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا اور یہ طے تھا کہ اگر میچ دھل جاتا ہے تو ہندوستانی ٹیم اپنے بہتر گروپ ریکارڈ کی وجہ سے فائنل میں پہنچ جائے گی۔ آخر میں یہی ہوا۔ بادلوں اور بارش نے صبح سے ہی انگلینڈ کے خیمے کو مایوسی میں ڈال رکھا تھا جبکہ ہندستانی خیمے میں خوشی کے بادل منڈلا رہے تھے۔ اگرچہ شاندار فارم کا مظاہرہ کر رہی ہندوستانی ٹیم مقابلے کو جیت کر فائنل میں پہنچنا پسند کرتی لیکن ٹیم اس بات کے لئے پُر امید تھی کہ بہتر گروپ ریکارڈ اس کے حق میں تھا۔بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سیمی فائنل کے لئے کوئی ریزرو ڈے نہیں رکھا تھا اور میچ منسوخ ہونے سے ہندوستانی ٹیم خطابی مقابلے میں پہنچ گئی جبکہ انگلینڈ کو باہر ہو جانا پڑا۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے اپنے گروپ کے  چاروں میچ جیتے تھے جبکہ انگلینڈ نے اپنے گروپ  میں ۴؍ میں سے ۳؍ میچ جیتے تھے۔
ہندوستان کا فائنل میں آسٹریلیا سے اتوار کو میلبورن میں  مقابلہ ہوگا۔  دفاعی چمپئن آسٹریلیا نے بارش سے متاثرہ دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو ۵؍ رن سے شکست دے دی۔ہندوستان نے گروپ مرحلے میں گزشتہ چمپئن آسٹریلیا کو ۱۷؍ رنوں سے، بنگلہ دیش کو ۱۸؍رنوں سے، نیوزی لینڈ کو ۳؍ رنوں سے اور سری لنکا کو ۷؍ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ہندوستان اب فائنل میں پھر آسٹریلیا سے نبرد آزما ہو گا اور اس کے پاس اتوار کو خواتین کے عالمی دن پر  تاریخ بنانے کا موقع رہے گا۔ انگلینڈ نے ہندوستان کو ۲۰۱۷ءکے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں اور ۲۰۱۸ءمیں ٹی ۔۲۰؍ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست دی تھی لیکن اس بار اس کے ارمانوں پر   بارش نے پانی پھیر ڈالا۔
  ہندوستان کے خلاف ہونے والے سیمی فائنل میں صبح سے ہو رہی بارش کی وجہ سے انگلینڈ کا خیمہ مسلسل مایوسی میں ڈوبتا جا رہا تھا۔ اس کے کھلاڑیوں کی نظریں آسمان پر جمی ہوئی تھیں کہ موسم صاف ہو اور میچ کا کچھ امکان بن سکے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ اس کی کھلاڑیوں کے چہرے لٹکتے چلے گئے اور میچ منسوخ ہونے کا اعلان ہوتے ہی انگلش کھلاڑیوں نے مایوسی میں اپنا سر تھام لیا۔ دوسری طرف ہندوستانی کھلاڑیوں کے لئے  یہ خوشی کا موقع تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK