Inquilab Logo Happiest Places to Work

جنوبی افریقہ کو ہندوستانی گیندبازوں کا منہ توڑ جواب

Updated: January 13, 2022, 11:55 AM IST | Agency | Cape Town

جنوبی افریقہ کی ٹیم ۲۱۰؍رن پر آؤٹ۔ ہندوستان کو پہلی اننگز میں ۱۳؍رن کی سبقت۔ تیزگیندباز جسپریت بمراہ نے ۵؍وکٹ لئے

Congratulating Jaspreet Bumrah on the dismissal of India`s Patterson.Picture:INN
ہندوستان کے کھلاڑی پیٹرسن کے آؤٹ ہونے پر جسپریت بمراہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ۔ تصویر: آئی این این

 ہندوستانی ٹیم کے گیندبازوں نے ٹیسٹ کے دوسرے دن بدھ کو جنوبی افریقہ کی ٹیم کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے پہلی اننگز میں ۲۱۰؍رن پر آؤٹ کردیا۔ جس کی بدولت  ٹیم انڈیا کو پہلی اننگز میں ۱۳؍رن کی سبقت ملی۔ خیال رہے کہ ہندوستانی ٹیم سیریز کے آخری اور تیسرے ٹیسٹ کے پہلے روز ۲۲۳؍ رن پر آؤٹ ہوگئی تھی اور جنوبی افریقہ نے منگل کو ایک وکٹ پر ۱۷؍ رن بنالئے تھے لیکن بدھ کو ہندوستان کے تیزگیندبازوں نے جنوبی افریقہ کے حوصلے پست کردیئے۔ خبر لکھے جانے تک ہندوستانی ٹیم نے ۲؍وکٹ پر ۲۴؍ رن بنالئے تھے اور ۳۷؍رن کی سبقت حاصل کرلی تھی۔ کے ایل راہل ۱۰؍ اور مینک اگروال ۷؍رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ چتیشور پجارا صفر پر کریز پر موجود تھے۔  بدھ کو میزبان جنوبی افریقی ٹیم نے ۸؍ اوور میں۱۷؍ رن پر ایک وکٹ کے اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا اورلنچ تک۲۷؍ اوور کھیلے اور۳؍ کے رن ریٹ کے ساتھ لنچ تک۸۳؍ رن اور جوڑے   تاہم بدھ  کے سیشن میں جنوبی افریقہ نے ۲؍ وکٹ جلد ہی گنوا دیئے۔۹؍ویں اوور کی دوسری گیند پر۱۷؍رن  کے اسکور پر ایڈن مارکرم کا وکٹ گرا جبکہ اس کے بعد۲۱؍ویں اوور کی دوسری گیند پر ۴۵؍ کے اسکور پر  نائٹ واچ مین کیشو مہاراج آؤٹ ہوئے۔ مارکرم جہاں ایک چوکے کی مدد سے۲۲؍ گیندوں پر آؤٹ ہوگئے، وہیں کیشو مہاراج نے۴۵؍ گیندوں پر۴؍ چوکوں کی مدد سے۲۵؍ رن بنائے۔ اس کے بعد پیٹرسن اور وان ڈیر ڈوسن نے اننگز کو سنبھالا اور چوتھے  وکٹ کیلئے نصف سنچری کی شراکت کرکے ٹیم کو لنچ تک اچھی پوزیشن میں پہنچا دیا۔ دونوں نے اچھے کھیل کا  مظاہرہ کرتے ہوئے لنچ تک کوئی وکٹ نہ گرنے دیا ۔  ڈیرڈوسن ۵۴؍گیندوں پر ۲۱؍رن بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ وہ امیش یادو کا شکار بن گئے۔ ان کے بعد آنے والے تیمبا باؤما نے کچھ دیر تک پیٹرسن کا ساتھ نبھایا لیکن وہ بھی اپنے اسکور کو بڑے اسکور میں نہیں بدل سکے تھے۔ ۵۲؍گیندوں پر ۴؍چوکوں کی مدد سے ۲۸؍ رن بنانے کے بعد وہ محمد سمیع کی گیند پر کپتان وراٹ کوہلی کو کیچ تھما بیٹھے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کائل ویرانے بھی بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے ۔ کائل کو بھی محمد سمیع نے وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں آؤٹ کر دیا۔ اس وقت ٹیم کا اسکور ۶؍وکٹ پر ۱۵۹؍رن تھا۔ اس کے بعد بمراہ نے نئے بلے باز مارکو جینسن کو بولڈ کرکے پویلین کی راہ دکھائی۔ وہ ۷؍رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ ٹیم کے ۱۷۹؍ رن کے مجموعی اسکورپر پیٹرسن آؤ ٹ ہوگئے ۔ انہوںنے ٹیم کیلئے اچھی اننگز کھیلتے ہوئے ۱۶۶؍گیندوں پر ۹؍چوکوں کی مدد سے ۷۲؍رن بنائے۔ وہ ٹیم کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم زیادہ دیر تک مزاحمت نہ  کرسکی اور ۷۶ء۳؍اوور میں ۲۱۰؍رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کگیسو ربادا نے ۱۵؍ اور لونگی اینگیڈی نے ۳؍رن بنائے۔ ڈوانے اولیور نے ناٹ آؤٹ ۱۰؍رن بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے سب سے کامیاب گیندبازی کی  اور ۴۲؍رن پر ۵؍وکٹ لئے۔ امیش یادو اور محمد سمیع نے ۲۔۲؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور شاردل ٹھاکر کو ایک وکٹ ملا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK