Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان ۸؍ویں بار انڈر۱۹؍ایشیا کپ کا چمپئن

Updated: January 01, 2022, 12:47 PM IST | Agency | Dubai

ہندوستان کی نوجوان ٹیم نے فائنل میں سری لنکا کو ۹؍وکٹ سے شکست دے دی۔ وکی اوستوال نے اچھی گیندبازی کامظاہرہ کیا

 The players of India`s U-19 team can be seen together after the final.Picture:INN
ہندوستان کی انڈر ۱۹؍ٹیم کے کھلاڑی فائنل کے بعد ایک ساتھ دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

 اسپنر وکی اوستوال (۱۱؍ رن پر۳؍ وکٹ) کی جارحانہ گیندبازی اور سلامی بلے بازج اگکرش رگھوونشی (۵۶؍رن)کی شاندار نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے جمعہ کو یہاں فائنل  میں پڑوسی ملک سری لنکا کو یکطرفہ اندازمیں ۹؍ وکٹ سے شکست دے کر انڈر۱۹؍ ایشیا کپ۲۰۲۱ءخطاب جیت لیا۔ ہندوستان کا یہ آٹھواں خطاب  ہے۔ سری لنکائی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بارش کے بعد مقررہ ۳۸؍اوور میں ۹؍ وکٹ کے نقصان پر۱۰۶؍رن ہی بنا سکی۔ جواب میں ہندوستان نے انگکرش اور ایس راشد کے مابین ۹۶؍رن کی شراکت کی بدولت  ۲۱ء۳؍ اوور میں ہی ایک وکٹ پر۱۰۴؍رن بناکر میچ اور خطاب جیت لیا۔خیال رہے کہ بارش کی وجہ سے ہدف میں تخفیف کرکے اسے ۱۰۲؍رن کیا گیاتھا۔ ہندوستان اور سری لنکا کے مابین انڈر۱۹؍ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں یہ ۵؍ ویں ٹکر تھی۔ دونوں ٹیمیں اس سے پہلے ۱۹۸۹ ء ، ۲۰۰۳ء،۲۰۱۶ءاور۲۰۱۸ءکے فائنل میں آمنے سامنے تھیں اور ان تمام میچوں میں ہندوستان نے سری لنکا کو یکطرفہ انداز میں شکست دی تھی اور جمعہ کو بھی ہندوستان کا یہی انداز رہا۔ ۱۹۸۹ءکے فائنل میں ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سری لنکا کو۲۵۵؍رن کا ہدف دیا تھالیکن سری لنکائی ٹیم۳۹ء۵؍اوور میں ۱۴۵؍رن پر ہی سمٹ گئی اور ہندوستان نے۷۹؍  رن سے میچ جیت لیا۔۱۴؍سال کے طویل وقفہ کے بعد۲۰۰۳ءکے فائنل میں دونوں پھر ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئے لیکن ہندوستان کا دبدبہ قائم رہا۔ اس میں سری لنکا  نے ہندوستان کو۲۲۶؍رن کا ہدف دیا جسے ہندوستان نے یکطرفہ انداز میں ۸؍ و کٹ سے جیت لیا۔ ۲۰۱۶ءمیں ٹورنامنٹ کی میزبانی کرتے ہوئے سری لنکا نے فائنل میں جگہ بنائی جہاں اسے تیسری مرتبہ ہندوستان کا سامنا کرنا پڑا اور یہاں بھی ہندوستان نے۳۴؍رن سے مقابلہ اور خطاب جیت لیا۔ ۲۰۲۱ءسے پہلے۲۰۱۸ءکے فائنل میں بھی ہندوستان نے سری لنکا کو ۱۴۴؍رن سے یکطرفہ انداز میں شکست دے کر خطاب پر قبضہ کرلیا اور جمعہ کو ہندوستان نے تاریخ کو دُہرایا اور سری لنکا پر۹؍ وکٹ سے آسان کامیابی حاصل کرلی تھی۔ لیفٹ آرم اسپنر وکی اوستوال، کوشل تانبے اور دیگرگیندبازوں کی جارحانہ گیندبازی کے آگے سری لنکا ئی بلے باز بے بس نظر آئے اور وکٹ گنواتے رہے۔وکی نے ۸؍ اوور میں۱۱؍رن دے کر سب سے زیادہ ۳؍ وکٹ لئے۔ ان کے علاوہ کوشل نے ۶؍ اوور میں۲۳؍رن  دے کر جبکہ رام وردھن ہینگ گرکر، روی کمار اور راجا باوا نے ایک ایک وکٹ لیا۔ روی، راج اور کوشل نے سری لنکا کے ٹاپ آرڈر کو واپس بھیجا جبکہ وکی نے مڈل آرڈر کوپویلین روانہ کردیا۔۳۷؍رن پر ۴؍ وکٹ گرنے کے بعد سری لنکا ئی ٹیم اتنے دباؤ میں آئی پھر سنبھل نہیں سکی۔ ٹاپ آرڈر سے لے کر ٹیل اینڈر تک کوئی بھی کھلاڑی سیٹ نہیں ہوسکا۔
 بلے بازی میں سری لنکا کو پسپا کرنے کے بعد ہندوستان نے بلے بازی میں دبدبہ دکھایا اور ٹاپ آرڈر کے بلے باز انگکرش اور راشد کی ۹۶؍ رن  کی شرا کت  کی بدولت ۹؍ وکٹ سے میچ جیت لیا۔ انگکرش نے ۷؍ چوکوں کی مدد سے ۶۷؍گیندوں پر۵۶؍رن اور راشد نے ۲؍ چوکوں کی مدد سے۴۹؍گیندوں پر۳۱؍ رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔میچ کے بعد وکی اوستوال نے کہا کہ ہم نے فتح کی امید سے ہی کھیلنا شروع کیا تھا اور ہم سری لنکا کو جلد سے جلد آؤٹ کرنے کیلئے کھیل رہے تھے۔ ہم اپنے منصوبے میں کامیاب رہے اور فاتح بھی رہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK