Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ میں ہندوستان، آسٹریلیا سے دودو ہاتھ کیلئے تیار

Updated: February 02, 2022, 11:44 AM IST | Agency | New Delhi

سیمی فائنل میں ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کو زیر کرنے کیلئے میدان پر اترے گی۔ہندوستان کی نوجوان ٹیم کو دھل ، رشید اور روی کمار سے بہتر کھیل کی امید۔ آسٹریلیا بھی مقابلے کیلئے تیار

Indian team players excited for the semi-finals.Picture:INN
ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑی سیمی فائنل کیلئے پُر جوش ۔ تصویر: آئی این این

 ہندوستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں جنہوں نے اپنے حریفوں کو میدان میں اور میدان سے باہر کورونا وائرس کو شکست دی ہے۔ بدھ کو اینٹیگا کے کولج کرکٹ گراؤنڈ میں انڈر۱۹؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء کے سیمی فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔ کورونا وباکی وجہ سے ہندوستان کی تیاریاں بہت متاثر ہوئیں۔ گزشتہ ۲؍برسوںمیں کوئی قومی کیمپ یا ٹورنامنٹ نہیں ہوا اور حال ہی میں ایشیا کپ کھیلنے کے بعد ہی ٹیم ویسٹ انڈیز گئی  ہے۔ ۴؍ بار کے چمپئن ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو۴۵؍ رن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا آغاز کیا۔ اس کے بعد تاہم آئرلینڈ کے خلاف بمشکل۱۱؍ کھلاڑی ہی جمع ہو سکے جس کے بعد کئی کھلاڑی کورونا سے متاثر پائے گئے۔  آئرلینڈ کیخلاف دوسرے گروپ میچ میں ۵؍ کھلاڑی دستیاب نہیں تھے۔ کپتان یش دھل، نائب کپتان شیخ رشید، آرادھیا یادو، مانو پارکھ اور سدھارتھ یادو کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔پانچوں آئرلینڈ اور یوگانڈا کے خلاف نہیں کھیل سکے جس کے بعد بی سی سی آئی کو متبادل کھلاڑی بھیجنے پڑے۔ یوگانڈا کے خلاف ۶؍ ریزرو کھلاڑیوں کو میدان پراتارا گیا۔ ہندوستانی ٹیم نے تاہم آئرلینڈ اور یوگانڈا دونوں کو شکست دی اور کوارٹر فائنل میں بنگلہ دیش کو شکست دی۔ اب ہندوستان کے پاس مضبوط ٹیم ہے اور نشانت سندھو بھی انفیکشن سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔  ہندوستان کو آخری اوورس میں اپنی بلے بازی کو بہتر کرنا ہوگا۔ اس سے قبل ہندوستان نے آئرلینڈ کے خلاف ۵؍ وکٹ پر۳۰۷؍رن اور یوگانڈا کے خلاف ۴۰۵؍ رن بنائے تھے جو افریقی ٹیم کے خلاف اس کی سب سے بڑی جیت تھی۔ اب آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم سامنے ہے۔ ہندوستان کے حوصلے اس بات سے بلند ہوئے ہوں گے کہ کورونا سے لڑنے کے باوجود وہ تمام میچ جیت کر آخری ۴؍ میں پہنچ گیا ہے۔ہندوستان مسلسل چوتھی بار سیمی فائنل کھیلے گا۔ ہندوستان کے پاس دھل اور شیخ رشید کے علاوہ ہرنور سنگھ، انگکرش رگھوونشی، راج باوا جیسے اچھے بلے باز ہیں۔ دھل نے پہلے میچ میں۸۲؍ رن بنائے تھے۔   بولنگ میں روی کمار نے بنگلہ دیش کے خلاف ۵؍ اوورس میں۱۴؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ لئے۔ تیز گیند باز راجوردھن ہنگرگیکر، اسپنر وکی اوستوال اور کوشل تانبے کے ساتھ، میڈیم پیسر باوا اس پر نظر رکھیں گے۔ ہندوستانی نوجوان فاسٹ بولر روی نے بنگلہ دیش کے بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی تھی۔ وہ ٹیم کی فتح کے معمار تھے۔ انہوں نے میچ میں اپنی مہلک بولنگ سے بنگلہ دیش کے ٹاپ آرڈر کو تباہ کر دیا۔ روی کمار کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا تھا۔دو بار کی چمپئن آسٹریلیا نے پاکستان کو کوارٹر فائنل میں شکست دی تھی۔ ان کے پاس ایک زبردست اوپنر ٹِگ ویلے ہیں جنہوں نے اب تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ پاکستان کے خلاف اس نے ۷۱؍ گیندوں پر ۹۷؍ رن بنائے اور ہندوستان کو ان کے بلے بازوںکو روکنا پڑے گا۔ ہندوستان نے پریکٹس میچ میں آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK