Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان اور انگلینڈ کی خاتون ٹیم آج ٹی۔۲۰؍میں آمنے سامنے

Updated: July 09, 2021, 1:37 PM IST | Agency | Northampton

ہرمن پریت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلے بازی شعبہ کو مضبوطی فراہم کرنے کی کوشش کریںگی

Harmanpreet Kaur.Picture:INN
ہندوستانی ٹیم کی کپتان ہرمن پریت۔۔تصویر :آئی این این

ہندوستانی خاتون ٹیم کی کپتان ہرمن پریت میزبان انگلینڈ کی مضبوط ٹیم کے خلاف جمعہ کو یہاں ہونے والے پہلے ٹی۔۲۰؍ مقابلے میں فارم میں واپس آنے کے ساتھ ٹیم کی بلے بازی کو مضبوط کرنے کی کوشش کریںگی۔واضح رہے کہ اب تک ہرمن پریت کو بلے بازی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ٹیم انڈیا کے موجودہ دورے پر کھیلا گیا واحد ٹیسٹ میچ ڈرا رہا تھا جبکہ انگلینڈ نے یکروزہ سیریز ایک کے مقابلے ۲؍میچوں سے جیتی تھی۔ہرمن پریت نے نومبر ۲۰۱۸ء سے کرکٹ کے اس سب سے چھوٹے فارمیٹ میں ہاف سنچری نہیں بنائی ہے ۔ان کی کوشش ہوگی کہ وہ انگلینڈ کے خلاف بڑی اننگز کھیل کر نہ صرف اپنا  اعتماد بحال کریں بلکہ ٹیم کی بلے بازی کو بھی مضبوطی فراہم کریں۔ٹیم کی دونوں افتتاحی بلے باز شیفالی ورما اور اسمرتی مندھانا اچھے فارم میں ہیں اور ٹیم کو ان دونوں بلے بازوں سے اچھے آغازکی امید رہےگی۔ دورے پر اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی اسنیہ رانا کا فروری۲۰۱۶ء کے بعد اپنا پہلا ٹی ۔۲۰؍میچ کھیلنا تقریباً یقینی ہے۔شیفالی کے ساتھ ٹیم میں ۱۷؍سال کی ایک دیگر کھلاڑی رچا گھوش کو بھی جنوبی افریقہ کے خلاف گھریلو سیریز میں شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کے خلاف آخری ۱۱؍میں جگہ ملنے کی امید کی جا سکتی ہے۔دپتی شرما اور اسنیہ کے علاوہ ہندوستان کے پاس تیز گیندباز سمرن دل بہادر کی شکل میں تیسرے آل راؤنڈر کا متبادل  بھی موجود ہے۔
 دوسری جانب انگلینڈ نے گھریلو کرکٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد ٹی۔۲۰؍ٹیم میں افتتاحی بلے باز ڈینی وہائٹ کی واپسی ہوئی ہے۔لارین ونفیلڈ ہل کی غیر موجودگی میں وہ ٹیمی بیومونٹ کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گی۔یکروزہ  میچ میں ۵؍وکٹیں حاصل کرنے والی تیز گیندباز کیٹ کراس کو انگلینڈ نے اپنی ٹی ۔۲۰؍ٹیم میں شامل نہیں کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK