EPAPER
Updated: December 27, 2021, 1:06 PM IST | Agency | Melbourne
صرف جو روٹ ہی ہاف سنچری بنا سکے،پیٹ کمنز اور ناتھن لیون کی شاندار گیندبازی،آسٹریلیا نے ایک وکٹ پر۶۱؍رن بنا لئے
تیزگیندباز پیٹ کمنز (۳۶؍رن پر ۳؍ وکٹ) اور آف اسپنر ناتھن لیون (۳۶؍ رن پر ۳؍ وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ایشیز ٹیسٹ میچ کے پہلے دن اتوار کو۱۸۵؍رنوں پر سمیٹ دیا۔ آسٹریلیا نے اس کے جواب میں پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ کے نقصان پر ۶۱؍رن بنالئے ہیں اور وہ پہلی اننگز میں ۱۲۴؍رنوں سے پیچھے ہے۔ افتتاحی بلے باز ڈیوڈ وارنر ۴۲؍ گیندوں میں ۵؍چوکوں کی مدد سے ۳۸؍ رن بناکر جیمس اینڈرسن کا شکار ہوئے۔ اسٹمپ کے وقت مارکس ہیرس ۲۰؍رن اور ناتھن لیون کھاتہ کھولے بغیر کریز پر موجود تھے۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا درست فیصلہ کیا۔ کمنز نے ۳؍ وکٹیں لے کر انگلینڈ کی اننگزکو تباہ کردیا۔ انہوں نےسلامی بلے باز حسیب حمید، جیک کراؤلی اور ڈیوڈ ملان کو ۶۱؍رنوں تک پویلین بھیج دیا۔ رہی سہی کسر مشیل اسٹارک نے کپتان جو روٹ کو آؤٹ کر کے پوری کردی ۔ روٹ نے ۸۲؍گیندوں میں ۴؍ چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ ۵۰؍رن بنائے۔ روٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کی اننگز کو سنبھالنے والا کوئی نہیں بچا۔ گزشتہ ۲؍ٹیسٹ میچوں کی طرح اس میچ میں بھی انگلینڈ کے بلے باز ناکام رہے۔ بین اسٹوکس ۶۰؍گیندوں پر ۲۵؍رن بناکر کیمرون گرین کی گیند پر ٹیم کے ۱۱۵؍کے اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ جوس بٹلر ۳؍رن بنانے کے بعد لیون کا پہلا شکار بنے۔۱۲۸؍ کے اسکور پر بٹلر کی وکٹ گری۔
مارک ووڈ (۶) کو اپنا ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے اسکاٹ بولانڈ نے پویلین بھیجا۔ جونی بیرسٹو نے یکطرفہ جدوجہد کرتے ہوئے ۷۵؍گیندوں میں ۳؍ چوکوں کی مدد سے ۳۵؍رن بنائے۔ اسٹارک نے بیرسٹو کو اپنا شکار بنایا۔ بیرسٹو آٹھویں بلے باز کے طور پر ٹیم کے اسکور ۱۵۹؍ پر آؤٹ ہوئے۔ اولی رابنسن نے ۲۶؍گیندوں میں ۳؍ چوکوں کی مدد سے ۲۲؍رن بنائے۔ لیون نے رابنسن کو اپنا دوسرا شکار بنایا۔ اس کے بعد لیون نے جیک لیچ (۱۳) کو اسٹیون اسمتھ کے ہاتھوں کیچ کرا دیا اور انگلینڈ کی اننگز ۱۸۵؍رنوں پر سمٹ گئی۔ پیٹ کمنز نے ۱۵؍ اوور میں ۳۶؍رن دے کر ۳؍ وکٹیں ، لیون نے ۱۴ء۱؍ اوور میں ۳۶؍رن پر ۳؍ وکٹیں ،اسٹارک نے ۵۴؍رن پر ۲؍ وکٹیں جبکہ بولانڈ اور گرین کو ایک ایک وکٹ ملی۔