Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہندر سنگھ دھونی کو نظر انداز کرنا ٹیم انڈیا کیلئے نقصاندہ ثابت ہوگا

Updated: March 20, 2020, 2:22 PM IST | Agency | New Delhi

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی وسیم جعفر نے کہا کہ اگر ’ماہی‘ فٹ رہتے ہیں تو عالمی کپ کیلئے انہیں ٹیم میں ضرور شامل کیا جانا چاہئے

Wasim Jaffer - Pic : INN
وسیم جعفر ۔ تصویر : آئی این این

ہندوستان کے اسٹار کرکٹ کھلاڑی مہندر سنگھ دھونی قریب۹؍ماہ سے کرکٹ سے دور ہیں۔ اس سال کا آئی پی ایل سیزن ٹال دیا گیا ہے۔اب اسے ۱۵؍اپریل کے بعد منعقد کئے جانے کا امکان ہے۔ ان سب کے باوجود مہندر سنگھ دھونی کی صلاحیت اور قابلیت پر سابق کھلاڑیوں اورمداحوں کا اعتماد برقرار ہے۔ ٹیم انڈیا کے سابق کھلاڑی وسیم جعفر نےتو مہندر سنگھ دھونی کو ’انمول‘ قرار دیا ہے۔
 گزشتہ دنوں کرکٹ کے ہر فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے وسیم جعفر نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ ٹی۔۲۰؍عالمی کپ کے لئے ٹیم میں مہندر سنگھ دھونی کو نظر انداز کئے جانے سے ہندوستان کو نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔واضح رہے کہ ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ کا انعقاد اسی سال اکتوبر نومبر میں میں ہونا ہے۔
 گھریلو کرکٹ میں رنوں کا پہاڑ کھڑا کرچکے وسیم جعفرکا کہنا ہے کہ اگر مہندر سنگھ دھونی فٹ رہتے ہیں اور ان کا فارم بھی اچھا رہتا ہے تو ٹی۔۲۰؍ عالمی کپ کےلئے انہیں ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں شامل کیا جانا چاہئے۔وسیم جعفر نے اس کے ساتھ ہی ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں ۳؍وکٹ کیپر بلے بازوں کو شامل کرنے کا مشورہ بھی دیا۔وسیم جعفر نے کہا کہ اگر ’ماہی‘ فٹ ہیں اور فارم میںرہتے ہیں تو انہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔وہ بے حد قیمتی کھلاڑی ہیں۔وہ نہ صرف وکٹ کیپنگ میں ٹیم کو قوت بخش سکتے ہیںبلکہ ٹیم کی بلے بازی میں بھی شاندار تعاون پیش کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ ان کا وسیع تجربہ بھی ٹیم کےلئے کارآمد ثابت ہوگا۔وسیم جعفر نے کہا کہ اگر مہندر سنگھ دھونی کھیلتے ہیں تو اس سے کے ایل راہل پر وکٹ کیپنگ کا دباؤ ہٹ جائےگا۔اس کے علاوہ اگر ہندوستانی ٹیم مڈل آرڈر میں بائیں ہاتھ کا بلے باز رکھنا چاہتی ہے تو رشبھ پنت کو بھی ٹیم میں لیا جا سکتا ہے۔
 واضح رہے کہ ۳۸؍سال کے مہندر سنگھ دھونی نے آخری میچ گزشتہ سال جولائی میں کھیلا تھا۔ و ہ میدان میں واپسی کرنےکیلئے تیار ہیں اور آئی پی ایل کیلئے  تیاری بھی شروع کر دی تھی۔کورونا وائرس کے سبب آئی پی ایل کو آگے بڑھا دیا گیا اور اسی وجہ سے مہندر سنگھ دھونی کی واپسی کی امیدوں کو بھی جھٹکا لگا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK