EPAPER
Updated: July 28, 2021, 11:20 AM IST | Agency | Tokyo
آسٹریلیا سے ملنے والی شکست کو بھول کر ہاکی ٹیم نے صفر۔۳؍ سے کامیابی حاصل کرلی۔ گروپ میں دوسرے نمبرپر براجمان
ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے گزشتہ میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شرمناک شکست کوبھول کر یہاں منگل کو گروپ اے میچ میں اسپین کی ہاکی ٹیم کوصفر۔۳؍ سے شکست دے کر اپنی فتح کا فارم دوبارہ حاصل کرلیا۔ ہندوستان کی جانب سے روپندرپال سنگھ نے۱۵؍ ویں اور۵۱؍ ویں جبکہ سمرن جیت سنگھ نے۱۴؍ ویں منٹ میں گول کیا۔ ان میں سے ایک گول پنالٹی اسٹروک سے ہوا۔ وہیں تجربہ کار ہندوستانی گول کیپر پی آرشری جیش نے ہندوستان کے اولمپک مہم کو پٹری پر لانے کے لئے اچھادفاع کیا اورایک بھی موقع کو گول میں تبدیل نہیں ہونے دیا۔ قابل ذکر ہے کہ پول اے میں ہندوستان کی ۳؍ میچوں میں یہ دوسری جیت ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے آسٹریلیا سے ایک۔۷؍ سے ہارنے سے پہلے سنیچر کو نیوزی لینڈ کو۲۔۳؍ سے شکست دی تھی۔ ہندوستان اب ۶؍ ٹیموں کے گروپ میں دوسرے مقام پر ہے۔ گروپ کی سرفہرست ۴؍ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں جائیں گی۔ اب ہندوستان کی مردوں کی ٹیم کا اگلا مقابلہ ۲۹؍جولائی کو ارجنٹائنا سے ہوگا جوکہ ایک مشکل ٹیم ہے۔ ا س کے بعد ہندوستانی ٹیم اپنے آخری گروپ میچ میں میزبان جاپان کی ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔ ہندوستان کی ہاکی ٹیم کے چیف کوچ گراہم ریڈ نے کہاکہ ہم نے میچ جیت لیا یہ اچھی بات ہے لیکن ابھی بھی کچھ خامیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔ امید ہے کہ اگلے میچ میں ٹیم اس سے اچھا مقابلہ کرے گی۔