Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہرمنپریت کے پاس کپل اور دھونی کی برابری کا موقع

Updated: March 07, 2020, 11:48 AM IST | Agency | New Delhi

ہرمنپریت کوراگر خاتون ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ جیت جاتی ہیں تو وہ ورلڈ کپ جیتنے والے کپتانوں کے زمرے میں شامل ہوجائیں گی

Harmanprret Kaur. Picture INN
ہرمنپریت کور ۔ تصویر : آئی این این

 نئی دہلی : ہندوستانی خاتون ٹی ۲۰؍ کرکٹ ٹیم کی کپتان هرمنپريت کورکے پاس تجربہ کار کپتانوں کپل دیو اور مہندر سنگھ دھونی کے زمرے میں شامل ہونے کا شاندار موقع ہے۔ هرمنپريت کی کپتانی میں ہندوستانی خاتون ٹیم آسٹریلیا میں جاری  ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ چکی ہے اور ٹورنامنٹ کا خطابی مقابلہ اتوار کو ہندوستان اور میزبان آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔هرمنپريت اگر اتوار کو میلبورن میں ٹرافی اٹھانے میں کامیاب ہوتی ہیں تو وہ کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستان کی تیسری کپتان بن جائیں گی۔ کپل کی کپتانی میں ہندوستانی مرد ٹیم نے ۱۹۸۳ء  میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر پہلی بار عالمی اعزاز جیتا تھا۔
  ۲۰۰۷ء میں منعقدہ پہلے مرد ٹی  ۲۰؍ورلڈ کپ میں دھونی کی کپتانی میں ہندوستان نے پاکستان کو شکست دے کر خطاب جیتا تھا۔ دھونی کی کپتانی ہی میں ہندوستان نے۲۰۱۱ء  میں سری لنکا کو شکست دے کر۲۸؍ سال کے طویل وقفے کے بعد ون ڈے ورلڈ کپ جیتا تھا۔ہندوستانی خاتون ٹیم ۲۰۰۵ء  میں جنوبی افریقہ کے سینچورین میں ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا سے۹۸؍ رن سے شکست سے دو چار  ہو گئی تھی۔ اس وقت ہندوستان کی کپتان میتھالی  راج تھیں۔ آسٹریلیا نے۵۰؍ اوور میں ۴؍ وکٹ پر۲۱۵؍ رن بنائے تھے جبکہ ہندوستانی ٹیم۱۱۷؍ رن پر سمٹ گئی تھی۔میتھالی کی ہی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم ۲۰۱۷ء میں انگلینڈ میں ہوئے ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی تھی جہاں اسے انگلینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انگلینڈ نے۵۰؍ اوور میں ۷؍ وکٹ پر۲۲۸؍ رن بنائے جبکہ ہندوستانی ٹیم سخت جدوجہد کرنے کے باوجود ۴۸ء۴؍ اوور میں ۲۱۹؍رن پر سمٹ گئی تھی۔
 اسی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں ہندوستان نے هرمنپريت کور کی ناٹ آؤٹ ۱۷۱؍ رن کی طوفانی اننگز کے دم پر آسٹریلیا کو۳۶؍ رن سے شکست دی تھی۔ هرمنپريت نے کرشماتی اننگز کھیلتے ہوئے۱۱۵؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۱۷۱؍ رن  میں ۲۰؍چوكے اور ۷؍چھکے لگائے تھے۔ هرمنپريت کی موجودہ ٹورنامنٹ میں بلہ کے لحاظ سے مایوس کن کارکردگی رہی ہے اور وہ۴؍میچوں میں  ۲، ۸،ایک اور ۱۵؍ رن بنا پائی ہیں لیکن ہندوستانی ٹیم کو امید رہے گی کہ اس کی کپتان فائنل میں دھماکہ خیز بلے بازی کریں اور ٹیم کو چمپئن بنائیں ۔ ہندوستان پہلی بار خاتون ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچا ہے۔ جو کام میتھالی  ۲۰۰۵ء  اور ۲۰۱۷ء میں نہیں کر پائی تھیں وہ کام هرمنپريت کے پاس کر دکھانے کا موقع ہے۔ ہندوستانی مرد ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے خاتون ٹیم کو فائنل کے لئے اپنی نیک خواہشات دی ہیں ۔وراٹ کی کپتانی میں اس سال ٹیم انڈیا کو آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں کھیلنا ہے اور وراٹ کو خود کو بہترین کپتان ثابت کرنے کیلئے یہ ورلڈ کپ جیتنا ہو گا۔ وراٹ کی کپتانی میں ہندوستانی  ٹیم گزشتہ سال یکروزہ عالمی کپ کے سیمی میں نیوزی لینڈ سے ہار گئی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK