Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیشنزلیگ کے سیمی فائنل میں آج فرانس اور بلجیم مدمقابل

Updated: October 07, 2021, 1:07 PM IST | Agency | Turin

دونوں ٹیمیں فائنل میں داخل ہونے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگادیں گی۔ بلجیم کیلئے لوکاکو فرنٹ لائن میں ہوں گے۔ فرانس کے بینزیماپر نظر

Karim Benzema. Picture:INN
کریم بینزیما ۔ تصویر: آئی این این

 جمعرات کی دیر رات یوئیفا نیشنز  لیگ کے دوسرے سیمی فائنل میں  یورپ کی مضبوط ٹیمیں فرانس اوربلجیم آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ میچ یووینٹس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔  اس وقت بلجیم اور فرانس یورپ کی۲؍ مضبوط ٹیمیں  ہیں او ران کا اسکواڈ بھی مضبوط ہے لیکن گزشتہ موسم گرما میں ہونےوالے یورو چمپئن شپ میں یہ دونوں ٹیمیں کچھ خاص نہیں کر سکی تھیں۔ یہ دونوں ٹیمیں اس ناقص کارکردگی کو بھول کر جمعرات کی  دیر رات  کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ہی یوئیفا نیشنز لیگ کے فائنل میں داخل ہونا چاہیں گی۔  یوروکپ کے کوارٹرفائنل میں شکست کے بعد سے ہی بلجیم کی ٹیم نے اچھے فارم کا مظاہرہ کیا ہے۔ اسے یورو چمپئن اٹلی نے کوارٹر فائنل میں شکست دی تھی۔ اس شکست کے بعد بلجیم کی ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرس کے میچ میں ایسٹونیاکو ۲۔۵ ؍ اور چیک جمہوریہ کو صفر۔۳؍ سے شکست دےدی۔ اس کے بعد بیرون ملک ہونے والے ایک اور میچ میں بلجیم نے بیلاروس پر صفر۔ایک سے کامیابی حاصل کی تھی۔  دوسری طرف فرانس کا فارم اتنا قابل تعریف نہیں ہے اور اس کے کھلاڑی اچھی کارکردگی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ یورو کپ کے راؤنڈ ۱۶؍کے میچ میں عالمی چمپئن کو سوئزر لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی اور وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا تھا۔ اس کے بعد فرانس کی ٹیم نے یکے بعد دیگرے ۲؍میچ ڈرا کھیلے ہیں۔ فرانس نے بوسنیا اور ہرزیگووینیا اور یوکرین سے ڈرا کھیلا اورورلڈ کپ کے کوالیفائرس میں فن لینڈ کو صفر۔۲؍ سے شکست دے دی۔  یوئیفا نیشنز لیگ میں ان دونو ںٹیموں نے اپنے اپنے گروپس میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی اوریہ دونوں ٹیمیں فائنل میں داخل ہونے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیں گی۔  بلجیم اور فرانس کے درمیان ہونے والے گزشتہ ۱۰؍میچوں میں فرانس نے ۵؍میچ جیتے ہیں اور ۲؍میں بلجیم کو کامیابی نصیب ہوئی ہے۔ ان دونوں کے درمیان ۳؍ میچ ڈرا ہوئے ہیں۔ دیگر ٹیموں کے ساتھ ان کے گزشتہ میچو ںکا جائزہ لیا جائے تو بلجیم نے ۴؍میں فتح اور ایک میں شکست پائی ہے۔ دوسری طرف فرانس کے ۳؍ میچ ڈرا ہوئے ہیں ۔ ایک میچ میں فتح اور ایک میں شکست ملی ہے۔  بلجیم کی کی ٹیم کے بارے میں بات کریں تو ڈرائس مارٹینس، کرسٹین بینٹیک اور ڈی ووک اوریگی کواسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔رومیلو لوکاکو ٹیم کی فرنٹ لائن میں نمائندگی کریں گے۔ ان کے ساتھ کیون ڈی برائن اور ایڈین ہیزارڈ ہوں گے۔ یانک کراسکو اور تھورگین ہیزارڈ لیف بیک میں ہوںگے۔بلجیم نے پیر کو ہی تصدیق کردی تھی کہ تھامس میونیئر نے گھٹنے کی ا نجری کی وجہ سے اسکواڈ سے اپنا نام واپس لے لیا ہے اور ان کی جگہ رائٹ ونگ میں تموتی کاسٹیگنے ہوں گے۔  فرانس کی جانب سے اس کے اسٹار کھلاڑی اینگولو کانتے نہیں کھیل سکیں گے کیونکہ وہ کووڈ میں مبتلا ہیں۔ دوسری طرف انتھونی مارشل کا کہنا ہے کہ وہ فرانس کی جانب سے کھیلنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے تاہم ان کا کھیلنا مشکل ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK