Inquilab Logo Happiest Places to Work

تیز گیندباز محمد عامر نے بین الاقوامی کرکٹ سےریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

Updated: December 18, 2020, 12:25 PM IST | Agency | Lahore

پاکستانی کرکٹ کھلاڑی محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کوخیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

Mohammad Aamir.Picture :INN
محمد عامر ۔ تصویر:آئی این این

 پاکستانی کرکٹ کھلاڑی محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کوخیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ محمد عامر نے کہا کہ سری لنکن  پریمیرلیگ میں شرکت کے بعد ابھی کراچی پہنچا ہوں۔ کل جمعہ کو لاہور آنے پراس حوالے سے تمام تفصیلات  بتاؤں گا۔  میں نےابھی انٹرنیشنل کرکٹ مزید نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔محمد عامر کا کہنا ہے کہ کرکٹ چھوڑنا تو نہیں چاہتا تھا مگر جس طرح کا ماحول بن چکا ہے اس میں  موجودہ ٹیم انتظامیہ کے تحت  بین الاقوامی کرکٹ  کھیلنا جاری رکھنا ممکن نہیں ہے۔ نیوزی لینڈ کے دورہ کیلئے ۳۵؍کھلاڑیوں میں بھی شامل نہ کئے جانے پر مجھے اپنے مستقبل کا اندازہ ہوگیا تھا۔ ۲۰۱۰ءسے ۲۰۱۵ءتک کرکٹ سے دوری کے عرصہ میں بہت سی ذہنی  اذیت برداشت کی، اب مزید ہمت نہیں ہے۔محمد عامرنے کہا کہ ٹیم میں میری  واپسی میں  پی سی بی کےسابق چیئرمین نجم سیٹھی اورسابق کپتان شاہد آفریدی کا اہم کردار رہاہے۔  ٹیم کے باقی لوگوں کا کہنا تھا کہ ہمیں محمد عامرکے ساتھ نہیں کھیلنا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کے حوالے سے میں نے ذاتی فیصلہ کیا تھا۔ اس کو بھی غلط انداز میں موضوع بحث بنایا گیا۔
یہ عامر کا ذاتی فیصلہ ہے:پی سی بی
  پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق  تیز گیندباز محمد عامر کے مزید کرکٹ نہ کھیلنے کی خبریں میڈیا پر ہی  سن رہے ہیں اس حوالے سے خود محمد عامر نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ترجمان  نے کہا کہ فاسٹ بولر ویسے بھی اب پی سی بی کے ساتھ کانٹریکٹ میں نہیں ہیں اور اس ناطے سے وہ ہم سے بات کرنے کے بھی پابند نہیں رہے، وہ اپنے فیصلے کرنے میں مکمل آزاد ہیں۔ریٹائرمنٹ کا ان کا اپنا ذاتی فیصلہ ہے۔
یہ پاکستان کرکٹ کیلئے ٹھیک نہیں:انضمام
 محمد عامر کے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بیان پر قومی ٹیم کے سابق مایہ ناز کپتان اور سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے ۔ ایک  نجی ٹی وی  سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کرکٹ کیلئے اچھا نہیں ہے ۔ اگر کھلاڑی اس طرح دل شکستہ ہوں گے تو یہ اچھی چیز نہیں ہے ۔ شاہد آفریدی نے بھی کہا کہ عامر بڑے کھلاڑی  ہیں تو انہیں اس طرح سے دل شکستہ نہیں ہونا چاہیے۔ عامر کو ایسا فیصلہ نہیں کرنا چاہیے بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے بات کرنی چاہیے جبکہ مینجمنٹ کو بھی چاہیے کہ جب کسی بڑے  کھلاڑی کو ڈراپ کریں تو اس کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنی چاہیے کہ آپ کو کس وجہ سے ٹیم سے باہر کیا جارہاہے ۔ انضمام الحق کا کہناتھا کہ سب ایک ٹیم ہیں اور سب کو آپس میں بیٹھ کر بات کرنی چاہیے ، اگر بورڈ محسوس کر رہاہے کہ پلیئر کو مینجمنٹ سے مسئلہ ہے تو اس پر بات چیت کرنی چاہیے۔ عامر کو کوئی شکایت تھی تو انہیں بھی بورڈ سے بھی بات کرنی چاہیے تھی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK