Inquilab Logo Happiest Places to Work

شیوم ماوی اورفرگیوسن کی خطرناک گیندبازی، کولکاتا نے راجستھان کو ۸۶؍رن سے ہرادیا

Updated: October 09, 2021, 1:14 PM IST | Agency | Sharja

کولکاتانائٹ رائیڈرس نے آئی پی ایل ٹیبل میں اپنا ریٹ ریٹ بہتر کردیا۔ شیوم اور فرگیوسن نے مجموعی طورپر ۷؍وکٹ لئے۔ شبھمن گل نے ۵۵؍ اور ایّر نے ۳۸؍رن بنائے

Shivam Mavi. Picture:INN
شیوم ماوی ۔ تصویر: آئی این این

 شیوم ماوی اور لوکی فرگیوسن کی  خطرناک گیندبازی کی بدولت کولکاتا  نائٹ رائیڈرس  نے  جمعرات کو یہاں آئی پی ایل ۱۴؍ کے۵۴؍ ویں میچ میں راجستھان رائلز کے خلاف۸۶؍ رن کی  شاندار کامیابی حاصل کی۔ اس کے ساتھ ہی کولکاتا نے پلے آف میں کوالیفائی کرنے کی اپنی امیدوں کو مضبوط کیا۔ شارجہ کی سست پچ پر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کولکاتا نے۲۰؍ اوورس میں ۱۷۱؍رن کا چیلنجنگ اسکور  بنایا۔ جواب میں بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے راجستھان کی ٹیم کولکاتا کی خطرناک گیندبازی کے سامنے ٹک نہیں سکی۔ کولکاتا نے راجستھان کو۱۶ء۱؍ اوورس میں۸۵؍ رن پر سمیٹ دیا۔  نوجوان ہندوستانی گیندباز شیوم ماوی اور تجربہ کار لوکی فرگیوسن کولکاتا کی جیت کے ہیرو رہے۔ انہوں نے مل کر ۷؍ وکٹ  لئے  اور راجستھان کی بلے بازی کی کمر توڑ دی۔ ماوی نے ۳ء۱؍ اوورس میں۲۱؍ رن دے کر ۴؍ اور فرگیوسن نے ۴؍ اوورس میں۱۸؍ رن دے کر ۳؍وکٹ  لئے۔ ان کے علاوہ ورون چکرورتی اور شکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ لیا۔ شیوم ماوی کو ان کی شاندار گیندبازی کے لئے  `پلیئر آف دی میچ  دیا گیا۔  راجستھان کی طرف سے راہل تیوتیا ہی بلے بازی میں تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ راہل نے ۵؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی بدولت ۳۶؍گیندوں پر سب سے زیادہ۴۴؍رن بنائے۔ ان کے علاوہ شیوم دوبے نے۲۰؍ گیندوں پر۱۸؍ رن بنائے جبکہ دیگر سبھی بلے باز کے کے آر کے گیندبازوں کے سامنے ناکام ثابت ہوئے۔  سلامی بلے بازوں شبھمن گل اور وینکٹیش ایّر نے شاندار شروعات کی۔ دونوں نے پہلے وکٹ کیلئے۷۹؍ رن کی شراکت کی۔ شبھمن نے ۴؍چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۴۴؍ گیندوں پر۵۵؍رن بنائے جبکہ وینکٹیش نے ۳؍چوکوں اور۲؍چھکوں کی مدد سے۳۵؍ گیندوں پر۳۸؍ رن کا تعاون دیا۔  اس بڑی جیت کے ساتھ کولکاتا نے نہ صرف ۲؍ پوائنٹ حاصل کئے بلکہ اپنے نیٹ رن ریٹ میں بھی اضافہ کیا ہے۔ اس کا رن ریٹ اب مثبت ۰ء۵۸۷؍ ہوگیا ہے۔  جو پہلے نمبر کی ٹیم دہلی کیپٹلس اور دوسرے نمبر کی چنئی سپرکنگز سے بھی زیادہ ہے۔ ایسے میں اب کولکاتا کے پلے آف میں پہنچنے کی امیدوں زیادہ بڑھ گئی ہیں۔ ممبئی بھی اس دوڑ میں برقرار ہے لیکن اس کے سامنے پہاڑ جیسا ہدف ہے۔ اسے اپنے آخری میچ میں نہ صرف کامیابی حاصل کرنی ہوگی بلکہ بڑے فرق سے جیتنا ہے جو آسان نہیں ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK