EPAPER
Updated: October 15, 2020, 1:43 PM IST | Agency | Madrid
فٹبال کے معروف کھلاڑی اور ۵؍ مرتبہ بيلن ڈی اور ايوارڈ يافتہ کرسٹيانو رونالڈو اور گولف کی عالمی رينکنگ ميں پہلی پوزيشن پر براجمان ڈسٹن جانسن کورونا وائرس ميں مبتلا ہو گئے ہيں۔
فٹبال کے معروف کھلاڑی اور ۵؍ مرتبہ بيلن ڈی اور ايوارڈ يافتہ کرسٹيانو رونالڈو اور گولف کی عالمی رينکنگ ميں پہلی پوزيشن پر براجمان ڈسٹن جانسن کورونا وائرس ميں مبتلا ہو گئے ہيں۔ اس پيش رفت کے بعد يہ بحث بھی شروع ہو گئی ہے کہ بين الاقوامی سطح پر کھيل کتنے محفوظ ہيں۔ رونالڈو ميں اس وبائی مرض کی کوئی علامات نہيں ہیں۔ وہ بدھ کی شب یوئیفا نيشنز ليگ ٹورنامنٹ ميں سويڈن کے خلاف فٹبال ميچ ميں اپنے ملک پرتگال کی نمائندگی کرنے والے تھے تاہم اب وہ اس ميچ ميں حصہ نہيں ليں گے۔ آخری مرتبہ وہ گزشتہ اتوار کو فرانس کے خلاف ميدان ميں اترے تھے۔ پرتگال کی قومی ٹيم کے کوچ فرنانڈو سانتوس نے بتايا کہ انتظاميہ نے تمام قواعد و ضوابط کا خيال رکھا تھا تاہم پھر بھی رونالڈو اس وائرس کا شکار ہو گئے۔ پرتگال اور فرانس کی ٹيم کے تمام اراکین کے ٹيسٹ کروائے گئے اور کسی بھی ديگر کھلاڑی ميں وائرس کی تشخيص نہيں ہوئی۔ دريں اثناء گولف کی عالمی رينکنگ ميں پہلی پوزيشن پر براجمان ڈسٹن جانسن کا کورونا ٹيسٹ بھی مثبت آيا ہے۔ نتيجتاً ۳۶؍ سالہ جانسن اس ہفتے امريکی شہر لاس ويگاس ميں ہونے والے `سی جے کپ سے باہر ہو گئے ہيں۔ ان دنوں چوٹی کے کھلاڑيوں کے کورونا ميں مبتلا ہونے کے بعد بحث شروع ہو گئی ہے کہ عالمی کھلاڑی کتنے محفوظ ہیں۔