Inquilab Logo Happiest Places to Work

کورونا وائرس سے اولمپکس کی تیاریاں متاثر، ہندوستانی کھلاڑیوں کی تشویش میں اضافہ

Updated: March 06, 2020, 8:31 PM IST | New Delhi

  کورونا وائرس کی وجہ سے ان کی تیاری متاثر ہوئی ہے لیکن پی وی سندھو اور بجرنگ پونیا جیسے سرکردہ ہندوستانی کھلاڑیوں کو امید ہے کہ ٹوکیو اولمپکس دنیا بھر میں پھیلی مہلک بیماری کے باوجود پہلے سے طے شدہ شیڈول پروگرام کے مطابق ہوں گے۔

Representation Purpose Only- Picture INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

  کورونا وائرس کی وجہ سے ان کی تیاری متاثر ہوئی ہے لیکن پی وی سندھو اور بجرنگ پونیا جیسے سرکردہ ہندوستانی کھلاڑیوں کو امید ہے کہ ٹوکیو اولمپکس دنیا بھر میں پھیلی مہلک بیماری کے باوجود پہلے سے طے شدہ شیڈول پروگرام کے مطابق ہوں گے۔ اولمپکس چا ندی کا تمغہ جیتنے والی سندھو نے کہا کہ وہ ساتھی بیڈ منٹن کھلاڑیوں کے خدشات کو سمجھ سکتی ہیں ۔ ان میں ہم وطن سائنا نہوال بھی شامل ہیں جن کے لئے بہت سے ٹورنامنٹ منسوخ ہونے کی وجہ سے کوالیفائی کرنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ اولمپک کھیلوں کا آغاز۲۴؍ جولائی سے ہوگا۔ سندھو نے کہاکہ آل انگلینڈ چمپئن شپ ابھی تک ملتوی نہیں کی گئی ہے۔ سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے لیکن کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ آخر کار ، مجھے حکومت کے فیصلے کو قبول کرنا ہوگا کہ کیا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا’’وہ (کورونا وائرس) ابھی آیا ہے اور تیزی سے پھیلا ہے۔ اولمپک سال میں یہ سب ہونا برا ہے۔ کچھ ٹورنامنٹ منسوخ کردیئے گئے ہیں لہٰذا ہمیں انتظار کرنا ہوگا اور دیکھنا ہوگا کہ کیا ہوتا ہے۔‘‘ قومی کوچ پلیلاگوپی چند نے کہا کہ اولمپک کھیلوں کے کھلاڑیوں میں سب سے اہم ہے لیکن لوگوں کی صحت ہمیشہ اولین ترجیح ہے۔
 گوپی چند نے کہا’’ہمیں دولت مشترکہ ، ایشین گیمز یا ورلڈ چمپئن شپ میں ایسا مسئلہ نظر نہیں آیاتھا۔ اولمپکس ۴؍ برسوں میں آتے ہیں اس لئے ہمارے لئے یہ زندگی کا ایک اہم لمحہ ہے۔ لوگ تیاری کرتے ہیں ، حکمت عملی بناتے ہیں اور اپنے خوابوں کو سچ کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ اگر معاملات ٹھیک ہیں تو اولمپکس ہوں گے ، لیکن اگر چیزیں سازگار نہیں ہیں تو میں سمجھتا ہوں کہ شہریوں کی حفاظت اور صحت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ ‘‘کورونا وائرس کی وجہ سے۳۳۰۰؍ سے زیادہ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور۸۵؍ ممالک میں تقریباً ایک لاکھ افراد اس سے متاثر ہیں ۔ سب سے زیادہ متاثرہ ممالک چین ، اٹلی ، کوریا ، جاپان اور ایران ہیں ۔ ریسلر بجرنگ پونیا نے کہا ’’ہمیں پریکٹس کے لئے ملک سے باہر جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بہت سارے ممالک کے سفر پر پابندیاں عائد ہیں جو ہماری تیاریوں کو متاثر کررہی ہیں ۔ ہم پریکٹس کے لئے روس جا رہے ہیں لیکن ایشین اولمپک کوالیفائر ملتوی ہونے کے بعد کچھ پہلوان ناراض ہیں ۔اس نے میرے معمولات میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ میرے خیال میں لوگوں کو بہت زیادہ خوفزدہ نہیں ہونا چاہئے۔ بحیثیت ایک کھلاڑی ، میں یہ سوچے بغیر اپنی تیاریوں کو جاری رکھوں گا کہ اولمپکس ملتوی ہوجائیں گے یا نہیں ۔‘‘ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) اور ٹوکیو گیمز کے منتظمین نے کہا کہ کھیل کورونا وائرس سے متعلق خدشات کے باوجود پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ خاتون رنر دوتی چند ابھی تک ٹوکیو اولمپکس کیلئے کوالیفائی نہیں کرسکی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بیشتر ممالک اس میں حصہ نہیں لیتے ہیں تو اولمپکس کا انعقاد نہیں ہونا چاہئے۔ دوتی نے کہاکہ میرا کام دوڑنا ہے لہٰذا حکومت کو فیصلہ کرنا ہے کہ میں انہیں پریکٹس کے لئے بھیجوں یا نہیں ۔ ۳؍بیرون ملک مقابلوں کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ میں نے ٹکٹ لیا تھا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے مجھے ویزا نہیں مل سکا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK