EPAPER
Updated: December 11, 2020, 12:34 PM IST | Agency | Paris
دنیا کے سب سے مہنگے فٹبال کھلاڑی نیمار کی ہیٹ ٹرک اور ٹیم کے ساتھی کھلاڑی کائلن ایمباپے کے ۲؍گول کی بدولت فرانسیسی فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین(پی ایس جی) نے چمپئن لیگ میں گروپ’ایچ‘ مقابلے میں استانبول بشاک سیہیر کو ایک کے مقابلے۵؍ گول سے ہرادیا۔پی ایس جی کےلئے پہلا گول نیمار نے ۲۱؍ویں منٹ میں کیا تھا
دنیا کے سب سے مہنگے فٹبال کھلاڑی نیمار کی ہیٹ ٹرک اور ٹیم کے ساتھی کھلاڑی کائلن ایمباپے کے ۲؍گول کی بدولت فرانسیسی فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین(پی ایس جی) نے چمپئن لیگ میں گروپ’ایچ‘ مقابلے میں استانبول بشاک سیہیر کو ایک کے مقابلے۵؍ گول سے ہرادیا۔پی ایس جی کےلئے پہلا گول نیمار نے ۲۱؍ویں منٹ میں کیا تھا۔اس کے بعد انہوںنے رافنہا اور ایمباپے کے ساتھ مل کر کاؤنٹر اٹیک کرتے ہوئے کھیل کے ۳۸؍ ویں منٹ میں اپنا اور ٹیم کا دوسرا گول کردیا۔ اس کے بعد ایمباپے نے ۴۲؍ویں منٹ میں پنالٹی کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے ٹیم کا تیسرا گول کیا۔پہلے ہاف میں پی ایس جی نے تین صفر کی برتری بنا لی تھی اور مضبوط پوزیش میں پہنچ گیا تھا۔ دوسرے ہاف میں میچ کے ۵۰؍ویں منٹ میں نیمار نے ایک اور گول کرتے ہوئے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔اس گول کی مدد سے پی ایس جی نے چار صفر کی برتری بنا لی ہے۔کھیل کے ۵۷؍ویں منٹ میں استانبول کے ٹوپل نے گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کےلئے پہلا گول کیا۔دریں اثناء ایمباپے نے کھیل کے ۶۲؍ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور ایک کے مقابلے ۵؍گول کر دیا جو آخر تک برقرار رہا۔ واضح رہے کہ یہ میچ منگل کی رات شروع ہوا تھا لیکن نسلی فکرے بازی کی وجہ سے ۱۵؍منٹ بعد ہی میچ روک دیا گیا تھا اور دونوں ٹیموں نے میچ ریفری سیبسٹین کوٹیسکو کی نسلی فکرے بازی کے خلاف میدان سے باہر جانے کا فیصلہ کیا تھا۔استانبول ٹیم کا کہنا تھا کہ سیبسٹین نے ان کے معاون منیجر پیئرے ویبو کے خلاف نسلی فکرہ کسا تھا۔بعد میں ویبو نے اس پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ۶؍بار کہا تھا کہ تم نے کالا کیوں کہا۔بدھ کی رات جب میچ شروع ہوا تو میچ ریفریوں اور کھلاڑیوں نے ایک گھٹنے پر بیٹھ کر نسل پرستی کے خلاف یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔