EPAPER
Updated: December 06, 2021, 2:07 PM IST | Agency | venford
انگلش پریمیرلیگ میں سٹی نے ویٹفورڈ فٹبال کلب کو ۱۔۳؍ سے ہرا دیا
انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) میں سنیچر کی دیر رات ہونے والے میچ میں مانچسٹر سٹی نے پہلے ہاف ہی سے زبردست مقابلہ کرتے ہوئے حریف ٹیم ویٹفورڈ کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دےدی۔ اس میچ کے ہیرو سٹی کے برنارڈو سلو ا رہے جنہوں نے سٹی کی جانب سے ۲؍گول کئے۔ اس فتح کے ساتھ ہی مانچسٹر سٹی کی ٹیم نے ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ ٹا پ پر موجود چیلسی کی ٹیم کو سنیچر کی شام ویسٹ ہیم یونائٹیڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی اور اس کا سٹی کو فائدہ ہوا۔ شکست کے بعد چیلسی اور سٹی کے درمیان ایک پوائنٹ کا فرق آگیا تھا اورسنیچر کی رات سٹی نے ویٹفورڈ کو شکست دے کر یہ فرق بھی مٹا دیا اور برتری حاصل کرلی۔ اب دوسری پوزیشن پر موجود لیورپول اور اس کے درمیان ایک پوائنٹ کا فرق ہے۔ چیلسی کی ٹیم تیسرے نمبرپر پہنچ گئی ہے۔ سنیچر کی رات ہونےوالے میچ میں مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کی جانب سے پہلا گول رحیم اسٹرلنگ نے چوتھے منٹ میں کیا۔ اس کے بعد ۳۱؍ویں منٹ میں اور ۶۳؍ویں منٹ میں سٹی کی جانب سے برنارڈو سلوا نے ۲؍گول کئے،جس سے ٹیم کا اسکور صفر۔۳؍ ہوگیا۔ میچ کے آخری وقت میں ویٹفورڈ کی جانب سے کیوچو ہرنانڈیز نے ایک گول کرکے شکست کے فرق کو کم کرنے کی کوشش کی ۔ میچ کے آخر میں اسکور ۱۔۳؍ رہا اور سٹی نے پورے ۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔