EPAPER
Updated: January 31, 2020, 12:26 PM IST | Agency | Bengaluru
ہندوستانی خاتون فٹبال ٹیم کی کھلاڑی بالا دیوی نے گزشتہ روز اسکاٹ لینڈ کے فٹ بال کلب رینجرز کے ساتھ معاہدہ کیا۔ دونوں کے درمیان یہ معاہدہ ۱۸؍ ماہ تک کیلئے ہوا ہے۔ واضح رہے کہ ۲۹؍ سال کی بالا دیوی نے نومبر میں رینجرز کے ساتھ ٹرائلس میں حصہ لیا تھا اور اسی کے بعد ان کے اس معاہدہ کا راستہ صاف ہوا۔
بنگلور : ہندوستانی خاتون فٹبال ٹیم کی کھلاڑی بالا دیوی نے گزشتہ روز اسکاٹ لینڈ کے فٹ بال کلب رینجرز کے ساتھ معاہدہ کیا۔ دونوں کے درمیان یہ معاہدہ ۱۸؍ ماہ تک کیلئے ہوا ہے۔ واضح رہے کہ ۲۹؍ سال کی بالا دیوی نے نومبر میں رینجرز کے ساتھ ٹرائلس میں حصہ لیا تھا اور اسی کے بعد ان کے اس معاہدہ کا راستہ صاف ہوا۔ اس کے ساتھ ہی بالا دیوی پیشہ ورانہ فٹبالر بننے والی ہندوستان کی پہلی خاتون بن جائیں گی۔ ساتھ ہی وہ رینجرز کے لئے کھیلنے والی پہلی ایشیائی انٹرنیشنل فٹبالر ہونے کا بھی اعزاز حاصل کریں گی۔
اس معاہدہ سے خوش بالا دیوی نے کہاکہ میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ میں ایک دن دنیا کے سب سے بڑے کلبوں میں سے ایک کے لئے یورپ میں فٹبال کھیلوںگی۔ مجھے امید ہے کہ رینجرز کے ساتھ میرا یہ معاہدہ ہندوستان میں فٹبال کو پیشے کے طور پر اپنانے اور اس میں کامیابی کی خواہش رکھنے والی ہزاروں لڑکیوں کو حوصلہ دےگی۔بالا موجودہ وقت میں ہندوستان کی خاتون فٹبال ٹیم کے لئے سب سے زیادہ گول کرنے والی کھلاڑی ہیں۔
بالا نے ۲۰۱۰ء کے بعد سے اب تک کل ۵۸؍ میچوں میں ۵۲؍ گول کئے ہیں۔ وہ ساؤتھ ایشیا ریجن میں سب سے زیادہ انٹرنیشنل گول کرنے والی خاتون فٹبالر ہیں۔ اپنے شاندار انٹرنیشنل کریئر میں بالا دیوی نے ہندوستان کی قومی فٹبال ٹیم کی کپتانی بھی کی ہے۔ وہ صرف ۱۵؍برس کی عمر میں پہلی بارہندوستان کیلئے کھیلی تھیں۔ گھریلو فٹ بال میں بھی بالا کا ریکارڈ شاندار رہا ہے۔ انہوں نے گھریلو سیشن میں ۱۲۰؍ میچوں میں ۱۰۰؍ سے زیادہ گول کئے ہیں۔ گزشتہ ۲؍ سیزن سے وہ والی ویمنس لیگ میں ٹاپ اسکورر ہیں۔ بالا کو ۲۰۱۵ء اور ۲۰۱۶ء میں آل انڈیا فٹبال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) نے ویمنس پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ سے نوازا تھا۔بالا نے کہاکہ میں ٹاپ کلاس خصوصیات اور کوچنگ کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گی اور مجھے یقین ہے کہ رینجرز کے پاس جس طرح کی سہولیات اور مقابلے ہیں، اس سے یقینی طور پر مجھے کافی فائدہ ہو گا۔بالا نے کہاکہ میں ایمی میكڈونالڈ، کوچنگ عملے اور رینجرز کے پورے انتظامیہ کی تہہ دل سے شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مجھ پر بھروسہ کیا۔ساتھ ہی یہ معاہدہ بنگلور ایف سی کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ پورے عمل میں بنگلور ایف سی نے اہم کڑی کا کام کیا۔