EPAPER
Updated: February 25, 2021, 1:44 PM IST | Agency | Ahmedabad
اسپنر اکشرپٹیل نے ۶؍کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ آر اشون کے حصے میں ۳؍وکٹ آئے۔ زاک کراؤلی کی نصف سنچری ۔ انگلینڈ کے باقی بلے باز ناکام
بدھ کو دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم کے ساتھ ہی ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ڈے نائٹ ٹیسٹ کا آغاز ہوا اور اس میچ میں ہندوستان کے اسپن گیندبازوں نے ایک بارپھر بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو ڈِنر سے قبل ہی پویلین روانہ کردیا۔ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں ۱۱۲؍رن بنائے ۔ اس کی جانب سے زاک کراؤلی نے ہی نے سب سے اچھی بلے بازی کی اور نصف سنچری بنائی۔ اکشر پٹیل نے ۶؍کھلاڑیوں کا شکار کیا اور روی چندرن اشو نے ۳؍وکٹ لئے۔ انگلینڈ نے بدھ کو ہندوستان کے خلاف ۴؍ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین ۴؍ میچوں کی سیریز کایہ تیسرا میچ احمد آباد کے نو تعمیر شدہ موٹیرا اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔ یہ میچ گلابی گیند سے کھیلا جارہا ہے۔ سیریز ایک ایک سے برابرہے۔ انگلینڈ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس کا پہلا وکٹ ۲؍رن کے اسکور پر گرا۔ احمد آباد میں اپنا۱۰۰؍ واں ٹیسٹ کھیلنے والے ایشانت شرما نے ڈوم سیبلے کو کھاتہ کھولنے کا موقع نہیں دیا اور انہیں روہت شرما کے ہاتھوں کیچ کرواکر پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد زاک کراؤلی نے تیز رفتاری سے بلے بازی کی کوشش کی لیکن انگلینڈ کا دوسرا وکٹ بھی ۲۷؍رن کے مجموعی اسکور پر گرا۔ اسٹار کھلاڑی جانی بیریسٹو کو اس میچ کے ہیرو اکشر پٹیل نے ایل بی ڈبلیو کرکے آؤٹ کیا۔ بیریسٹو کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔
۲؍وکٹ جلد گر جانے کے بعدانگلینڈ کی ٹیم دباؤ میں آگئی۔ اس کے بعد کریزپر کپتان جو روٹ آئے اور انہوں نے سنبھل کر بلے بازی کی۔ کراؤلی اور روٹ نے کچھ اچھے شاٹ لگائے اور اپنی ٹیم کو ۷۰؍رن تک پہنچا یا۔ ایسا لگ رہا تھا کہ ان دونوں کے درمیان پارٹنرشپ طویل ہوگی لیکن ایسا نہیں ہوا اور ۷۴؍رن کے مجموعی اسکورپر جوروٹ ۱۷؍رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ انگلینڈ کے کپتان کوآراشون نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ اس کے فوراً بعد زاک کراؤلی بھی آؤٹ ہوگئے ، حالانکہ انہوں نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ کراؤلی نے ۸۴؍گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ۱۰؍چوکوں کی مدد سے ۵۳؍رن بنائے۔ وہ ٹیم کے ۸۰؍رن کے مجموعی اسکور پر اکشر پٹیل کا شکار ہوگئے۔ ۸۰؍رن پر ۴؍وکٹ گرجانے کے بعدانگلینڈ کی بلے بازی بکھر گئی اور اس کے بعد اس کے کھلاڑی کریز پر صرف چہرہ دکھانے کیلئے آنے لگے ۔ ۸۱؍رن پر اولی پاپ آؤٹ ہوگئے اور ان کی شکل میں انگلینڈ کو ۵؍واں جھٹکا لگا۔ اولی پوپ کو اشون نے اپنا شکار بنایا اوروہ ایک رن کے معمولی اسکورپر بولڈ ہوگئے۔ اس کےاگلے ہی اوور میں انگلینڈ کے اسٹار آل راؤنڈر بین اسٹوکس بھی آؤٹ ہوگئے ہیں۔ ان کا وکٹ اکشرپٹیل نے لیا۔ بیریسٹو نے۲۴؍گیندوں کا سامنا کیا اور ایک چوکے کی مدد سے ۶؍ رن بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ انگلینڈ کے ۹۳؍رن پر ۷؍واں وکٹ جوفرا آرچر کی شکل میں گرا۔ آرچر کو اکشر نے بولڈ کیا۔ ان کے بعد جیک لیچ ۳؍رن بناکر آر اشون کا شکار ہوگئے۔ ۱۰۵؍ رن کے مجموعی اسکورپر انگلینڈ کو ۹؍واں جھٹکا لگا اور اس کے اسٹا ر گیند باز اسٹورٹ براڈ ۳؍رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ۱۱۲؍ رن کے اسکورپر بین فوکس ۱۲؍رن بناکر اکشر پٹیل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ جیمس اینڈرس بغیر رن بنائے ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے ۔ اکشر پٹیل نے ۳۸؍رن پر ۶؍وکٹ لئے۔ آر اشون نے ۲۶؍رن پر ۳؍وکٹ لئے اور ایشانت شرما کو ایک وکٹ ملا۔