EPAPER
Updated: December 20, 2021, 1:58 PM IST | Agency | Dhaka
دفاعی چمپئن نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپانی ٹیم کیخلاف۶؍گول کئے
ہندوستانی ہاکی ٹیم کا ایشین چمپئن ٹرافی میں شاندار کارکردی کا سلسلہ جاری ہے۔دفاعی چمپئن نے اپنے آخری لیگ میچ میں جاپان کو ۶۔صفر کے بڑے فرق سے ہرایا۔ ہندوستانی ٹیم کےلئے ہرمن پریت سنگھ نے ۲؍ گول کئے جبکہ اس میچ میں گول کیپر سورج کرکیرا کا بھی مظاہرہ قابل تعریف رہا۔سورج نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو ایک بھی گول کرنے کا موقع نہیں دیا۔مندیپ سنگھ کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم نے پورے میچ کے دوران جاپان پر دبدبہ بنائے رکھا۔ ہرمن پریت سنگھ نے شاندار کھیل کامظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کےلئے سب سے زیادہ ۲؍ گول کئے جبکہ دلپریت سنگھ،جرمن پریت سنگھ، سمیت اور شمشیر نے ایک ایک گول کیا۔ ہندوستانی ٹیم نے ٹاپ پر رہتے ہوئے لیگ مرحلہ کا اختتام کیا۔یاد رہے کہ ہندوستان اور جاپان کے درمیان ٹوکیو اولمپک میں بھی ٹکر ہوئی تھی جہاں ہندوستان نے ۳؍کے مقابلے ۵؍گول کیاتھا۔ ہندوستانی ٹیم نے میچ کی شروعات سے ہی دبدبہ بنایا تھا اور کھیل کے ابتدائی ۱۰؍منٹوں میں ہی اسے ۳؍پنالٹی کارنر ملے جن میں سے ایک کو گول میں تبدیل کیا گیا۔پہلے کوارٹر میں ہندوستان نے ایک صفر کی برتری حاصل کر لی تھی۔ اس کے بعد ۲۳؍ویں منٹ میں دلپریت سنگھ نے دوسرا جبکہ جرمن پریت سنگھ نے ۳۴؍ویں منٹ میں ہندوستان کیلئے تیسرا گول کیا۔اس کے بعد سمیت،ہرمن پریت اور شمشیر نے بھی گول کرتے ہوئے اسکورصفر۔۶؍کر دیا۔