EPAPER
Updated: October 08, 2021, 1:48 PM IST | Agency | Abu Dhabi
آئی پی ایل میں آج دوسرے مقابلے میں پلے آف کےلئے پہلے ہی کوالیفائی کر چکی رائل چیلنجرس بنگلور اور دہلی کپیٹلزبھی آمنے سامنے ہوںگی
؍۵؍بارکی چمپئن ممبئی انڈینس کو آئی پی ایل پلے آف میں جگہ بنانے کے لئے جمعہ کو سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف کرو یا مرو کے مقابلے میں ہر حال میں جیت کی ضرورت ہوگی۔راجستھان رائلز کو ۸؍وکٹوں سے ہرانے کے بعد ممبئی اب ۱۳؍میچوں سے ۱۲؍پوائنٹس لے کر پانچویں مقام پر ہے۔اس کا نیٹ رن ریٹ ۰ء۴۸؍ہے۔دوسری جانب کولکاتا نائٹ رائیڈرس اگر اپنے آخری لیگ میچ میں راجستھان کو ہرا دیتی ہے تو اس کے ۱۴؍پوائنٹس ہوجائیںگے اور ان کا رن ریٹ بھی ممبئی سے بہتر ہے۔ایسے میں ممبئی جیت بھی جاتی ہے تو ۱۴؍پوائنٹس کے باوجود اس کا کوالیفائی کرنا کافی مشکل ہوگا کیوںکہ کولکاتا کا رن ریٹ ممبئی سے کافی بہترہے۔کے کے آر اگر ہار جاتی ہے تو ممبئی میچ جت کر کوالیفائی کر لےگی۔ روہت شرما کو ایک بار پھر آگے بڑھ کر ٹیم کی قیادت کرنی ہوگی۔انہیں اچھی شروعات کو بڑے اسکور میں بدلنا ہوگا جو اس سیزن میں وہ نہیں کر پا رہے ہیں۔دوسری جانب راجستھان کے خلاف جارحانہ ہاف سنچری بنانے کے بعد ایشان کشن کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہوگا۔ممبئی کا مڈل آرڈر کافی خراب فارم میں ہے۔سریہ کمار یادو،آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا،کیرون پولاڈر اور سوربھ تیواری کو موقع ملنے پر اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
ممبئی کی گیندبازی لائن اپ کافی بہتر ہے جس نے گزشتہ مقابلے میں راجستھان کو ۹۰؍ رنوں پر ڈھیر کر دیا تھا۔تیز گیندباز جسپریت بمراہ اب تک ۱۹؍وکٹیں لے چکے ہیں۔وہیں گزشتہ میچ میں ناتھن کولٹر نائل نے ۴؍وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ٹرینٹ بولٹ اور اسپن گیندباز جینت یادو سے بھی ٹیم کو بہتر گیندبازی کی امید رہےگی۔ دوسری جانب پہلے آف کی دوڑ سے باہر ہو چکی سن رائزرس حیدرآباد جیت کے ساتھ اس ٹورنامنٹ سے وداع لینا چاہے گی۔کپتان کین ولیمسن نے گزشتہ میچ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا تھا اور اپنی کپتانی میں ٹیم کو اچھی جیت دلائی تھی۔وہ اپنے فارم کو ممبئی کے خلاف بھی جاری رکھنے کی کوشش کریںگے۔جیسن رائے ،ابھیشیک شرما،پریم گرگ،عبدالصمد اور ردھی مان ساہا سے بھی ٹیم کو اچھی کارکردگی کی امید رہےگی۔ گیند بازی میں عمران ملک ممبئی کے بلے بازوں کو اپنی تیز رفتاری سے پریشان کر سکے ہیں۔کُل ملاکر کہا جائے تو اس میچ میں سارا دباؤممبئی انڈینس پر ہی رہےگا کیوںکہ حیدرآباد بے فکر ہوکر کھیلی گی کیوںکہ ان کے پاس گنوانے کےلئے کچھ نہیں ہوگا۔
دبئی،(ایجنسی):پلےآف میں پہلے ہی جگہ بنا چکی رائل چیلنجرس بنگلور(آر سی بی) گزشتہ میچ میں ملنے والی شکست کو بھلاکر آخری لیگ میچ میں دہلی کپیٹلز کو ہراکر اگلے دور میں اعتماد کے ساتھ قدم رکھنا چاہے گی۔دہلی کے ۱۳؍میچوں سے ۲۰؍ پوائنٹس ہیں ۔وہیں سن رائزرس حیدرآباد سے ہار کر آرسی بی کا پوانٹ ٹیبل میں دوسری پوزیشن حاصل کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ اے بی ڈیولیرس،کپتان وراٹ کوہلی اور دیودت پڈیکل جیسے بلے بازوں کی موجودگی کے باوجود ٹیم ۱۴۲؍کا نشانہ حاصل نہیں کر سکی تھی۔ناک آؤٹ مرحلے سے قبل کپتان کوہلی کوبلے بازی کے تعلق سے غور کرنا ہوگا۔ بنگلور کےلئے گلین میکسویل اب تک ۵؍ ہاف سنچریوں کی مدد سے ۴۴۷؍رن بنا چکے ہیں جبکہ ڈیولیرس اپنے فارم میں اب تک نظر نہیں آئے ہیں۔کوہلی اور پڈیکل سے اچھی شروعات ملنے پر مڈل آرڈر مخالف ٹیم پر قہر بن کر ٹوٹ سکتا ہے ۔ گزشتہ میچ میں کوہلی کا وکٹ پہلے ہی اوور میں گرنے کی وجہ سے ٹیم دباؤ میں آگئی تھی۔جہاں تک گیندبازی کا سوال ہے تو آر سی بی کے گیندبازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔محمد سراج، ہرشل پٹیل اور جارج گارٹن نے تیز گیندبازی کی ذمہ داری بخوبی سنبھالی ہے۔اسپن گیندبازی میں یجویندر چہل بھی کارآمد ہورہے ہیں۔ دوسری جانب رشبھ پنت کی کپتانی والی دہلی کپیٹلز نے گزشتہ ۵؍میں سے ۴؍میچ جیتے ہیں اور اس کا اعتماد کافی بلند ہے۔پرتھوی شاہ کے اچھی بلے بازی نہ کر پانےکے باوجود دہلی کی بلے بازی کافی مضبوط نظر آتی ہے۔شکھر دھون۱۳؍میچوں میں ۵۰۱؍رن بنا چکے ہیں۔شریس ایر اور پنت بھی کوئی مواقع پر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہیں بقیہ میچوں میں بھی اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔تیز گیندبازی میں اینرک نورتجے، کگیسو ربادا اور آویش خان کمال کر رہے ہیں۔ وہیں اسپن گیندباز آر اشون اور اکشر پٹیل کو کھیلنا بھی آسان نہیں ہوتا۔