EPAPER
Updated: June 24, 2021, 3:26 PM IST | Agency | New Delhi
ہاکی انڈیا نے تجربہ کار ڈیفینڈرس بیریندر لاکڑا اور ہرمن پریت سنگھ کو نائب کپتان مقرر کیا ہے
ہاکی انڈیا نے تجربہ کار مڈ فیلڈر من پریت سنگھ کو ٹوکیو اولمپکس کے لئے جانے والی ۱۶؍ رکنی ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم کا کپتان مقرر کیا۔ ہاکی انڈیا اس کے علاوہ تجربہ کار ڈیفینڈرس بیریندر لاکڑا اور ہرمن پریت سنگھ کو نائب کپتان کے طور پر مقرر کیا ہے جو ٹیم کی قیادت گروپ کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ من پریت کی کپتانی میں ٹیم نے پچھلے ۴؍برس میں کئی سنگ میل عبور کئے ہیں جن میں ۲۰۱۷ء میں ایشیاء کپ ،۲۰۱۸ء میں ایشین چمپئن ٹرافی اور۲۰۱۹ء میں ایف آئی ایچ سیریز کا فائنل جیتنا شامل ہیں۔ من پریت سنگھ کی سربراہی میں ٹیم نے بھونیشور میں ایف آئی ایچ مینز ورلڈ کپ ۲۰۱۸ء کے کوارٹر فائنل میں بھی جگہ بنائی تھی۔
کورونا وباکی وجہ سے شیڈول میں خلل پیدا ہونے سے قبل ٹیم نے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ ۲۰۲۰ء میں انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ یہ من پریت کا تیسرا اولمپکس ہوگا۔ ٹیم نے ان کی قیادت میں عالمی درجہ بندی میں بھی بہتری کی ہے۔فی الحال وہ چوتھے نمبر پر ہے۔
وہیں بریندر اور من پریت تجربہ کار ڈیفینڈر ہیں۔ بیریندر۲۰۱۲ء لندن اولمپک کھیلوں کا بھی حصہ تھے، لیکن گھٹنوں کی بڑی سرجری کے سبب ۲۰۱۶ءمیں ریو اولمپکس سے محروم رہ گئے تھے ، انجری کے سبب مختصر وقفے کے بعد ٹیم میں واپسی کے بعد سے ، بریندر نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم میں اپنے کردار پر قائم رہے ہیں۔من پریت کے بارے میں بات کریں تو ۲۰۱۵ء میں سینئر ہندوستانی ٹیم میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے وہ ڈریگ فلکر اور ڈیفینڈر کی حیثیت سے اپنے کردار میں بہتری لائے ہیں۔ ۲۰۱۹ء میں کپتان من پریت کی غیر موجودگی میں ہرمن پریت نے ٹوکیو میں ایف آئی ایچ اولمپک ٹیسٹ ایونٹ میں ہندوستانی ٹیم کو فتح کی راہ دکھائی۔
ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ ، گراہم ریڈ نے تینوں کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا’’تینوں کھلاڑی گزشتہ برسوں سے ٹیم کی قیادت کا لازمی حصہ رہے ہیں اور ان تینوں کھلاڑیوں نے ان چیلنجنگ وقت کے دوران نوجوانوں کی رہنمائی کرنے میں بڑی پختگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ دونوں نائب کپتان کے انتخاب سے ٹورنامنٹ میں ہماری قیادت مضبوط ہوگی۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ مل کر ٹیم کو کامیابی کی طرف لے جائیں گے۔‘‘
من پریت نے اولمپکس میں جانے والی ہندوستانی مردوں کی ٹیم کا کپتان نامزد ہونے پر اظہار تشکر کرتے ہوئےکہا ’’یہ اولمپکس واقعی خاص ہوگا اور میں اس بار ٹیم کے کپتان کے طور پر تیسری بار اولمپکس میں ہندوستان کی نمائندگی کرنے کا موقع پاکر کافی خوش ہوں۔ یہ ذمہ داری سونپی جانا میرے لئے انتہائی فخر کا لمحہ ہے۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران ہم نے ایک مضبوط قائدانہ گروپ تیار کیا ہے اور وباسے پیدا ہونے والے چیلنجوں کو کامیابی کے ساتھ قابو کیا ہے ، تاکہ ہم اپنا فارم ترک نہ کریں اور اپنے دماغ اور فٹنیس کو اولمپکس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے مرکوز رکھیں۔‘‘بیریندر نے کہا ’’یہ اولمپکس ان کے لئے خاص ہے اور ٹیم کے نائب کپتان کے طور پر منتخب ہونے سےیہ اور بھی خاص ہوگیا ہے۔ یہ بہت ہی خاص اولمپکس ہوگا کیونکہ ہم نے سچ میں اچھی طرح سے تیاری کی ہے اور ٹوکیو میں میڈل جیتنے کے لئے تیار ہیں۔ ہرمن پریت سنگھ کے ساتھ نائب کپتان کے طور پر منتخب ہونا میرے لئے فخر کی بات ہے اور ہندوستانی ٹیم کے ساتھ کئی برسوں میں ہم نے دیکھا ہے کہ کھلاڑی نے اس مشکل وقت کے باوجود اپنی تیاریوں کے دورمیںکافی ذہنی پختگی کا مظاہرہ کیاہے۔‘‘