Inquilab Logo Happiest Places to Work

تبلیغ الاسلام اسکول کی زوبیہ کی ڈرائنگ نے وزیر تعلیم کا دل جیت لیا

Updated: February 03, 2022, 9:48 AM IST | saadat khan | Mumbai

گاندھی جی کے یوم شہادت پر بنائی گئی تصویر کی ورشا گائیکواڑ نے نہ صرف ستائش کی بلکہ ملک کے اہم لیڈروںکو ٹیگ کرکے اسے شیئر بھی کیا

Zobia with her sketch.Picture:INN
زوبیہ اپنے اسکیچ کے ساتھ ۔ تصویر: آئی این این

 ریاستی محکمہ ٔ  تعلیم نے مہاتماگاندھی کے یوم ِ شہادت پرانہیں خراج عقیدت پیش کرنےکیلئے اسکولوںمیں ثقافتی پروگرام منعقدکئے جانےاور ان کی تفصیلات  فیس بُک پر اپ لوڈ کرنےکی ہدایت دی تھی ۔ جس کے تحت انجمن تبلیغ ا لاسلام اُردو ہائی اسکول کرلاکی نہم اور دہم جماعت کی ۴؍طالبات کی ڈرائنگ فیس بُک پر اپ لوڈ کی گئی تھی۔ان میں سے جماعت نہم کی ہونہار طالبہ شیخ زوبیہ عبدالرٰحیم کی شاندار ڈرائنگ کو وزیر تعلیم ورشا گائیکواڑنے پسند کرنے کےساتھ ہی ’’ویری ویل ڈرائنگ ‘‘ لکھ کر زوبیہ کومبارکباد پیش کی اور فیس بک پر ملک کے نمایاں لیڈران کو ٹیگ کرکےاسے شیئر کیا۔
  اسکول  کے ڈرائنگ ٹیچر الطاف حسین محمود ایاز نےبتایاکہ ’’ ۳۰؍جنوری کو مہاتماگاندھی کے یومِ شہادت پر محکمہ ٔ تعلیم کی ہدایت پر ہمارے اسکول کے نہم اور دہم جماعت کی ۴؍طالبات نے مہاتماگاندھی سےمتعلق ڈرائنگ بنائی تھی ۔ ہدایت کےمطابق ان ڈرائنگ کو طالبات کی کلاس ٹیچر نے فیس بُک پر اپ لوڈ کیاتھا۔ ان میں سے ز وبیہ کی ڈرائنگ کو وزیر تعلیم ورشاگائیکواڈ نے بہت  پسند کیااور اس ڈرائنگ پر اپناتا ثر ظاہر کرتےہوئے ’’ ویری ویل ڈرائنگ ‘‘ بھی لکھا جوہمارے اسکول اور جملہ عملے کیلئے باعث فخر ہے۔ موصوفہ کو یہ ڈرائنگ اتنی زیادہ پسند آئی کہ انہوںنے اسے ملک کے دیگر لیڈران سے بھی شیئر کیاہے ۔ ‘‘  انہوں نے بتایا کہ ’’ ڈرائنگ میں مہاتماگاندھی کی تصویر بڑی مہارت سے اسکیچ کی گئی ہے ۔اسکیچ کے ساتھ لہراتا پرچم دکھائی دے رہاہے ۔ یوں تو یہ ایک عام سی ڈرائنگ ہے مگر جس فنکارانہ انداز میں لائن کوالیٹی، برش اسٹروک ، کیریکٹر ، ہلکے اور گہرے شیڈ کا استعمال کیاگیاہے وہ قابل ستائش ہے۔ انہی فنی صلاحیتو ں سے زوبیہ کی ڈرائنگ منفرد اہمیت کی حامل رہی ۔‘‘کلاس ٹیچر شبانہ مومن کےمطابق ’’زوبیہ کو شروع سے ڈرائنگ میں دلچسپی ہے۔ وہ اسی شعبہ میں اپنا مستقبل بناناچاہتی ہے۔ کئی ڈرائنگ مقابلوں میں  زوبیہ نےاول انعام حاصل کیا ہے ۔
  زوبیہ کےبقول ’’ میرے لئے یہ اعزاز کی بات ہےکہ ورشا میڈم نے میری ڈرائنگ کو پسند کیا۔ میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ کبھی میری ڈرائنگ کی اس طرح پذیرائی ہوگی۔‘‘ زوبیہ نے بتایا کہ’’ میں نے پہلی مرتبہ مہاتماگاندھی کی تصویر سامنے رکھ کر اسکیچ بنایاہے۔ پرچم تو کئی بار بناچکی ہوں۔ لیکن یہ اُمید نہیں تھی کہ اس کانتیجہ اس طرح آئے گا۔‘‘  اپنی کامیابیوں کیلئے زوبیہ نے اپنے امی ابو کے علاوہ ڈرائنگ ٹیچر الطاف سر کا شکریہ ادا کیا۔  انہوں نے بتایا کہ وزیرتعلیم کی حوصلہ افزائی سے نہ صرف انہیں خوشی حاصل ہوئی ہے بلکہ ان کی خود اعتمادی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK