Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوگی کا لکھنؤ کےپڑوسی اضلاع سیتاپور اوربارہ بنکی کا دورہ ،اپوزیشن پر شدید تنقید

Updated: September 30, 2021, 12:03 PM IST | Agency | Sitapur/Barabanki

یو پی کے وزیر اعلیٰ نے سیتاپور میں کہا :’’ایک وقت تھا جب غریبوں کا راشن سیفئی چلاجاتا تھا، ہاتھی کا پیٹ اتنا بڑا تھا کہ غریبوں کیلئے رکھا سارا ناج اس کے پیٹ میں چلا جاتاتھا ۔‘‘

Sitapur: Yogi Adityanath and others.Picture:INN
سیتاپور: یوگی آدتیہ ناتھ اور دیگر۔ تصویر:  پی ٹی آئی

 بدھ کو اتر پر دیش کے وزیراعلیٰ  یوگی آدتیہ ناتھ نے   سیتاپور اور بارہ بنکی کادورہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کی ۔اس دوران کئی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد بھی رکھا ۔   یو گی سیتاپورمیں عوامی جلسے سے خطاب کرتےہوئے کہا : ’’آج اترپردیش میں تفریق نہیں کی جاتی ہے ۔ کسی کی ذات اور مذہب نہیں دیکھا جاتا ہے ۔ ہم چہرہ دیکھے بغیر سماج کے تمام طبقات کی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں۔ ایک وقت تھا جب غریبوں کا راشن سیفئی چلاجاتا تھا۔ ہاتھی کا پیٹ اتنا بڑا تھا کہ غریبوں کیلئے رکھا سارا ناج اس کے پیٹ میں چلا جاتاتھا ۔ آج ہر غریب کا اپنا گھر ہے۔ ہر گھر میں بیت الخلا ءہے ۔‘‘ یوگی نے کسی کانام لئے بغیر طنز کیا :’ پہلے کسی کو بجلی نہیں ملتی تھی ۔ آج تو سیتاپور جیل میں بھی بجلی آتی ہے۔ رام پو ر ہو یا سیتا پور ہم سب کو بجلی دے رہے ہیں ، ہر جگہ ترقی کا اجالا ہے۔ ‘‘  یوگی نے بدھ کو سیتاپور میں۴۸۴ء۴۱؍کروڑ روپے کے اخراجات والے منصوبوں کا افتتاح  اور سنگ بنیاد رکھا۔عوامی جلسے میں ساڑھے ۴؍ سال کا حساب کتاب پیش کرتے ہوئے انہوں نے عوام سے بی جے پی پراعتماد کرنے کیلئے ان کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ حکومت ایک ایک شہری کی سیکوریٹی، احترام اور خود مختاری کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا :’’ گزشتہ سرکاروں میں سیتاپور کو نظر انداز کیا گیا ۔ دارالحکومت لکھنؤ کے اتنے قریب ہونے کے بعد بھی ترقی کی روشنی یہاں نہیں آئی۔‘‘ ضلع کے سیلاب کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا:’’ پہلے جب سیلاب یا بیماری دستک دیتی تھی تو حکومتیں کان میں تیل ڈال کر رضائی اوڑ کر سوجاتی تھیں ہم نے ۲۰۱۷ءمیں یہاں وعدہ کیا تھا اور آج سیلاب کے مسئلے کو حل کررہےہیں۔‘‘
  دریںا ثناء  وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ ہی کو بارہ بنکی  میں۵۰۰؍کروڑ روپے کے منصوبوں کا ا فتتاح اور سنگ بنیاد رکھا   جس میں برٹانیہ کمپنی کا ۳۴۰؍کروڑ روپے کے اخرجات والا بسکٹ بیکری پلانٹ بھی شامل ہے۔ اس موقع پر یوگی نے کہا: ’’برٹانیہ کے پلانٹ لگنے سے بارہ بنکی کے ایک ہزار نوجوانوں کو ان کے شہر ہی  میں نوکری ملے گی۔ یہاں کے نوجوانوں کو نوکری کیلئے نقل مکانی نہیں کرنی پڑےگی۔کسانوں کو بھی پلانٹ لگنے سے  فائدہ ہوگا۔ یہیں کے کسانوں سے گیہوں اورمیدہ بھی لیا جائے گا۔‘‘ انہوں نے کہا :’’ یوپی میں جرائم پیشہ افراد کو قابو میں کیا گیا ہے۔ مجرم کوئی بھی ہو اس کا ذات،مذہب، علاقہ اور زبان نہیں پوچھی جاتی ہے۔ جرم کیا ہے تو قانون کے دائرے میں لاکر اس کے ساتھ سختی کی جاتی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK