EPAPER
Updated: February 05, 2022, 9:10 AM IST | Agency | Gorakhpur
وزیر داخلہ امیت شاہ اور دھرمیندر پردھان بھی موجود تھے،اثاثوں میں ۵۹؍ لاکھ کا اضافہ ۔ گورکھپور کےپولیس افسران یوگی کے وفادار، ٹرانسفر کیا جائے: چندر شیکھر آزاد
اسمبلی انتخابات کے چھٹے مرحلے کے تحت ضلع میں نوٹیفکیشن جاری ہونے کے پہلے ہی دن وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے شہر اسمبلی حلقہ سے پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔وہ دوپہرپو نے ایک بجے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور اتر پردیش کے الیکشن انچارج دھرمیندر پردھان کے ساتھ کلکٹریٹ پہنچے اور دو سیٹ میں نامزدگی کے کاغذات داخل کئے۔
یوگی کا پرچہ
ضلع الیکشن افسرضلع مجسٹریٹ وجئے کرن آنند کی جانب سے صبح نوٹیفکیشن جاری کرنے کے بعد نامزدگی کا عمل شروع ہوا۔ طے شدہ پروگرام کے تحت وزیر اعلیٰ یو گی ۱۲؍ بجکر ۴۵؍ منٹ پر اپنے تجویز کار اتر پردیش شیڈول کاسٹ فائنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے وائس چیئر مین وشوناتھ اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ کلکٹر یٹ پہنچے اور رسمی کارروائی مکمل کرتے ہوئے شہر اسمبلی حلقہ سے اپنا نامزدگی پر چہ ریٹرننگ افسر ایس ڈی ایم صدر کلدیپ مینا کے حوالے کیا۔ اس کے بعد وہ باباگورکھناتھ کا آشیر واد لینے مندر گئے اوریہاں سے تقریباً ڈیڑھ بجے دہلی کیلئے روانہ ہو گئے۔ نامزدگی کے دوران بی جے پی کے ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ، نشاد پارٹی کے صدر ڈاکٹر سنجے نشاد اور اپنا دل کے صدر آشیش پٹیل موجود تھے۔
یوگی کے اثاثے
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے اثاثوں میں۵۳؍ ماہ میں تقریباً۵۹؍ لاکھ رو پے کا اضافہ ہوا ہے۔ کاغذات نامزدگی کے ساتھ دیئے گئے حلف نامہ کے مطابق، ۴۹؍ سالہ یوگی آدتیہ ناتھ سائنس سے گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے۱۹۹۲ء میں ایچ این بہوگنا یونیورسٹی شری نگر، پوڑی گڑھوال سے بی ایس سی کیا تھا۔ فی الوقت ان کا مجموعی اثاثہ ایک کروڑ۵۴؍لاکھ۹۴؍ ہزار۵۴؍ روپے ہے۔ ۲۰۱۷ء میں دوران ان کے پاس۹۵؍ لاکھ۹۸؍ ہزار۵۳؍ روپے کا اثاثہ تھا۔ ان کے پاس اس وقت کوئی گاڑی نہیں ہے،جبکہ ۲۰۱۴ء میں ان کے پاس ۳؍ لگژری گاڑیاں تھیں۔ وزیر اعلیٰ کے پاس زیور کے نام پر۲۰؍ گرام کا ایک کنڈل اوررودراکش کی مالاسے لیس سونے کی چین ہے۔وہ ایک ریوالور اورایک رائفل بھی رکھتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے پاس نہ تو زرعی اور تجارتی زمین ہے اور نہ ہی ان کے پاس کوئی گھر یاوعمارت ہے۔حلف نامہ کے مطابق ،وزیر اعلیٰ کے خلاف فی الحال کوئی مقدمہ زیر التوا نہیں ہے۔ اس سے قبل،ان کے خلاف ۴؍ مقدمات زیر التوا تھے لیکن اس وقت سب کا تصفیہ ہو چکا ہے۔
؍ ۳۰۰؍ سے زیادہ سیٹیں جیتنے کاحلف
وزیر اعلیٰ یوگی کی نامزدگی کیلئے گورکھپور پہنچے وزیر داخلہ امیت شاہ نے نامزدگی سے قبل کا رکنوں کی کا نفرنس میں انہیںایک بار پھر ۳۰۰؍ سے زیادہ سیٹیں جیتنے کاحلف دلایا۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ بی جے پی زبردست اکثریت کے ساتھ دوبارہ حکومت بنا کر تاریخ رقم کرے گی۔ مہاراناپرتاپ انٹر کالج کے میدان میں منعقدہ کانفرنس میںامیت شاہ نے ریاست کی ترقی اور گڈ گورننس کو شمار کراتے ہوئے سابقہ حکومتوں پر جم کر تنقیدیں کیں۔
چندر شیکھر آزاد کا مطالبہ
گورکھپور اسمبلی سیٹ سے وزیر اعلیٰ یوگی کو چیلنج پیش کر رہے آزاد سماج پارٹی کے چیف چندرشیکھر آزاد نے ا لیکشن کمیشن سے ضلع کے ایس ایس پی سمیت کئی پولیس افسران کو فوراً ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ چندرشیکھر نے ان پر بی جے پی کا ایجنٹ ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کو بھیجے گئے اپنے خط میں چندرشیکھر نے کہا کہ گورکھپور کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ وپن ٹاڈا بی جے پی رکن پارلیمنٹ ستیہ پال سنگھ ملک کے داماد ہیں اور ان کا بی جے پی سے ذاتی لگاؤ ہے، اس وجہ سے ان کے غیر جانبدار رہنے کی امید نہیں کی جا سکتی ہے۔اس کے علاوہ گورکھ ناتھ کے سرکل افسر رتنیش سنگھ اور گورکھ ناتھ انسپکٹر منوج سنگھ دونوں کو بھی بی جے پی ایجنٹ قرار دیا۔