EPAPER
Updated: December 16, 2021, 9:03 AM IST | Iqbal Ansari and saadat khan | Mumbai
آن لائن پڑھائی کا دبائو کم ہونے سےوالدین نے بھی اطمینان کا اظہار کیا،بیشتر اسکولوں میں حاضری ۵۰؍فیصد رہی،اسکولوں کو سجایا گیا اور بچوں کو تحائف دیئے گئے،ایجوکیشن آفیسرز نے کچھ اسکولوں کا دورہ کیا
کورونا وائرس اور لاک ڈائون کی وجہ سے تقریباً۲۱؍مہینوںسے بند اوّل تاہفتم جماعت کے اسکولوںکو شہرومضافات میں بدھ سے دوبارہ شروع کیا گیا۔اسکول شرو ع ہونے پر طلبہ، سرپرست اور اساتذہ میں زبردست جوش وخروش دکھائی دیا۔طلبہ کے خیرمقد م کیلئے متعدد اسکولوںکو سجایاگیا تھا۔کووڈ کے تناظر میں تمام احتیاطی تدابیرکےساتھ طلبہ اسکول آئے۔ اسکول شروع ہونے پر والدین نے خوشی کا اظہار کیاہے۔ بیشتر اسکولوں میں پہلے دن تقریباً ۵۰؍فیصد حاضری رہی۔آف لائن اسکول شروع ہونےسے آن لائن پڑھائی کا دبائو کم ہوا ہے۔بچوںنے معمول کے مطابق اسکول آنے کا عہد کیا۔ ایجوکیشن آفیسرزنے پہلے دن کچھ اسکول کا دورہ بھی کیا۔
۲۰۳۴؍میںسے ۱۹۰۲؍اسکولوں میں پڑھائی کا آغاز
واضح رہےکہ بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے زیراہتمام شہر ومضافا ت میں اوّل تا ہفتم جماعت کے ۲؍ہزار ۳۴؍اسکول ہیں۔ جن میں بدھ کو ایک ہزار ۹۰۲؍ اسکولوں میں آف لائن پڑھائی کا آغاز کیا گیا ہے۔ ان جماعتوںمیں ۵؍لاکھ ۹۱؍ہزار ۸۸۲؍ طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ جن میں سے ۲؍لاکھ ۶۳۹؍ طلبہ کے سرپرستوںنےاپنی ذمہ داری پر بچوںکو اسکول بھیجنے کیلئےحلف نامہ دیاہے۔ ان جماعتوںکے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی تعداد۲۱؍ہزار ۳۱۰؍ ہے جن میں سے۲۰؍ہزار ۲۱۲؍ اساتذہ کووڈ کے دونوں ٹیکہ لگواچکےہیں۔ مذکورہ تمام اسکولوں کے طلبہ کیلئے ماسک،تھرمل گن، آکسی میٹر اور سینی ٹائز وغیرہ کا انتظام کیاگیاہے۔
ہاشمیہ اسکول میںاحتیاطی تدابیر کے سامان کا انتظام کیا گیا
مسجداسٹیشن کے قریب واقع ہاشمیہ اُردو ہائی اسکول کے ہیڈماسٹر محمد رضوان نے بتایاکہ ’’ اوّل تا ہفتم جماعت کے اسکول شروع کئے جانے سے طلبہ اور والدین خوش ہیں۔ اگر طلبہ اسکول آنےپر خوش تھے تو والدین بھی بچوں کو پُرجوش انداز میں اسکول پہنچانے آئےتھے۔ اسکول کے پہلے دن مذکورہ جماعتوں کے ۳۶۴؍میں۱۲۰؍ طلبہ حاضر رہے۔ کووڈ کی وجہ سے اسکولوں کی طرف سے احتیاطی تدابیر کےسامان کا انتظام کیاگیاتھا۔ طلبہ اور سرپرست بھی ماسک پہننے کے ساتھ سینی ٹائز کا استعمال کرتےدکھائی دیئے ۔ افرادی دور ی کی بھی پابند ی کی گئی ۔طلبہ کو کووڈ کے بارےمیں اہم معلومات دی گئی۔ ‘‘
اسکول ھٰذا میں زیر تعلیم پنجم جماعت کے طالب علم محمدفارو ق شیخ کی والدہ سکینہ بانو نے بتایاکہ ’’ ہمیں بہت خوشی ہورہی ہےکہ آج سے ہمارے بچے اسکول جانے لگے۔گزشتہ ۲؍سال سے اسکول سے بچوںکا رشتہ ٹوٹ گیا تھاجس سے ان کا تعلیمی نقصان ہو رہا تھا۔‘‘اس کے علاوہ ہفتم جماعت کے طالب علم محمد افضل کی والدہ نور جہاں، ششم جماعت کے قربان شوکت انصاری کی بڑی بہن ترنم انصاری،پنجم جماعت کی طالبہ شیخ صابرین عبدالمالک کی والدہ نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔
ساکی ناکہ کے اسکول میں ۶۰؍فیصد حاضری رہی
سنگھر ش نگر میونسپل اسکول ساکی ناکہ کے انچارج خالد شیخ نےبتایاکہ ’’ اسکول کے پہلے دن طلبہ انتہائی پُر جوش دکھائی دیئے ۔ والدین میںبھی بچوںکو اسکول بھیجنے سے متعلق گرمجوشی دکھائی دی۔ ہمارے اسکول میں تقریباً ۶۰؍ فیصد طلبہ کی حاضری درج کی گئی ۔ اسی طرح اسکول بلڈنگ میں واقع ہندی اور مراٹھی میڈیم کے اسکولوںمیں بھی طلبہ کی حاضری ۵۰؍تا ۶۰؍فیصد کے درمیان رہی ۔آف لائن اسکول شروع ہونےسے آن لائن پڑھائی کا دبائو کم ہواہے۔ایجوکیشن آفیسرزنے اسکول کادورہ کیا۔ سبھی طلبہ کوماسک تقسیم کیاگیا۔ ان کےدرجہ حرارت کی پیمائش کی گئی۔تمام احتیاطی تدابیر کےساتھ طلبہ کو کلاس روم میں بٹھایا گیا۔ ایک بینچ پر ایک طالب کو بیٹھنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ طلبہ اسکول آکربہت خوش تھے۔ طلبہ نے معمول کےمطابق اسکول آنے کاعہد بھی لیا۔ ‘‘
نریمن لین اُردو میونسپل اسکول کرلا کے ہیڈماسٹر عقیل شاہ نےبتایاکہ ’’ ایک کلاس روم میں ۱۵؍طلبہ کو بٹھانےکی اجاز ت دی گئی ہے ۔ اس لئے ہمار ے اسکول کی گنجائش کے تحت پہلے دن ۵۵۰؍ میں سے صرف۱۶۶؍ طلبہ کوبلایاگیاتھا۔ جمعرات کو اب دیگر ۱۶۶؍طلبہ کو بلایاجائے گا۔ طلبہ کے خیرمقدم کیلئے اسکول کواچھی طرح سجایاگیاتھا۔ تحفے سے طلبہ کا استقبال کیا گیا۔ پہلے دن طلبہ کو کچھ پڑھایانہیں گیابلکہ ان کے ساتھ ٹیچرو ںنےدوستانہ ماحول میں کھیل کود میں حصہ لیا۔
تھانے کے میئر نے گھنٹی بجاکر اسکول کا آغاز کیا
ممبئی کے ساتھ تھانے میونسپل کارپوریشن(ٹی ایم سی ) کی حدود کے اسکولوں میں بھی پہلی تا ساتویں جماعت کی آف لائن پڑھائی شروع کی گئی۔تھانے کے میئر نریش مہسکےنےکسن نگر میںو اقع میونسپل اسکول میں جا کر وہاں طلبہ کو گلاب دے کر ان کااستقبال کیا ساتھ ہی خود ہی اسکول کی گھنٹی بجاکر اسکول شروع کروایا۔میئر نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ پابندی سے ماسک لگائیں، افرادی دوری برقراررکھیں اور بار بار ہاتھ دھوئیں یا سینی ٹائزر کااستعمال کریں۔