EPAPER
Updated: December 26, 2021, 9:55 AM IST | saadat khan | Mumbai
کووڈ کی وجہ سے اگر ایک بینچ چھوڑ کر ایک طالب علم کو بٹھانے کافیصلہ کیاگیا توسینٹروںکی تعدادکے ساتھ اساتذہ کی تعدادمیں بھی اضافہ کرناہوگا، ماہرین نے اسی طرح دیگر ضروریات پرتوجہ دینے کی ضرو رت پر زور دیتے ہوئےطلبہ کی سہولت کیلئےپرچے بھی آسان بنانے کا مشورہ دیا
:تعلیمی ماہرین کے مطابق کووڈ ۱۹؍کے تناظر میںایس ایس سی اور ا یچ ایس سی آف لائن بورڈ امتحان ۲۰۲۲ء کیلئےابھی سے تیاریاں شروع کردینی چاہئے، ورنہ عین وقت پر پریشانی ہوسکتی ہے۔ کووڈ کی وجہ سے اگر ایک بینچ چھوڑ کر ایک طالب علم کو بٹھانے کافیصلہ کیاگیا توسینٹروںکی تعدادکےساتھ اساتذہ کی تعدادمیں بھی اضافہ کرنا ہوگا۔اسی طرح دیگر ضروریات پرتوجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ماہرین کا یہ بھی کہناہےکہ کووڈ سے امسال بھی دسویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ کی پڑھائی معمول کےمطابق نہیں ہوسکی ہے ۔ طلبہ نے آن اور آف لائن پڑھائی کی ہے۔اس لئے طلبہ کی سہولت کے پیش نظرسوالیہ پرچہ آسان بنایاجائے ۔اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کےجنرل سیکریٹری ساجد نثار نے کہا کہ ’’کوروناوائر س کی وباءکے سبب گزشتہ۲؍سال سے طلبہ کا تعلیمی نقصان ہورہاہے۔ حالانکہ آن لائن تعلیم کاسلسلہ جاری رہا، مگر آف لائن پڑھائی نہ ہونےسے طلبہ کابڑا تعلیمی نقصان ہواہے۔ اسکول آنےکی عادت چھوٹنے کے علاوہ طلبہ کی لکھنے کی عادت بھی متاثر ہوئی ہے۔لکھنے کی عادت چھوٹ جانے سے ، ان کے لکھنے کی رفتار کم ہوگئی ہے۔اسکولوں کے بند ہونے سے متعدد مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ بالخصوص بورڈکا امتحان دینےوالے طلبہ کو زیادہ پریشانی ہوسکتی ہے۔حالانکہ حکومت نے اسی لئے دسویں اور بارہویں جماعت کےطلبہ کو آدھاگھنٹہ اضافی وقت دینے کا اعلان کیاہےجس کا ہم خیرمقدم کرتےہیں۔ اس سے یہ فائدہ ہوگاکہ طلبہ آسانی سے اپنا پرچہ حل کرسکیںگے۔ ‘‘
انہوںنےیہ بھی کہاکہ ’’ بورڈ امتحان اگر آف لائن منعقد کئے جارہے ہیں ۔ تواس کی تیاری ابھی سے ہونی چاہئے۔ ورنہ عین وقت پر کئی مسائل پیداہوسکتےہیں۔ جس سےافراتفری کا ماحول پید ا ہوسکتاہے۔ساتھ ہی حکومت اور بورڈ سے اپیل ہےکہ، امسال دسویں اور بارہویںکےطلبہ نےآن اور آف لائن طریقہ سے پڑھائی کی ہے جس کی وجہ سے ان کی تعلیم معمول کے مطابق نہیں ہوسکی ہے۔ ایسی صور ت میںسوالیہ پرچے آسان بنائے جائیں تو طلبہ کیلئے بہتر ہوگاتاکہ وہ آسانی سے پرچے حل کرسکیں۔‘‘
تعلیمی ماہر جیونت کلکرنی نےبتایاکہ ’’حکومت نے مارچ۔ اپریل ۲۰۲۲ءمیں آف لائن بورڈ امتحان منعقدکرنےکااعلان کیا ہے۔ کوروناکی وجہ سے آف لائن امتحان منعقدکرنےکیلئے متعدد احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے۔ امتحانی مراکز کو سینی ٹائز کرنے کے علاوہ طلبہ کیلئے ماسک پہننا لازمی ہے۔افرادی دوری بنائے رکھنے کیلئے اگر ایک بینچ چھوڑکر طلبہ کو امتحان دینےکیلئے بٹھایاجاتاہے تو اس کیلئے دُگنی بینچ اور امتحانی مراکزکی ضرورت پیش آسکتی ہے۔علاوہ ازیں ان مراکزکےاعتبارسےاسٹاف کی بھی ضرورت بڑھ جائے گی۔اس طرح کی متعددتیاریاںہیں جوابھی سے کی جانی چاہئے ورنہ عین وقت پر مسئلہ پیداہوسکتاہے۔ ‘‘ بورڈ کے کائونسلر مرلی دھر مورے سے جب اس تعلق سےبات چیت کی گئی توانہوںنےکہاکہ ’’ بورڈ نے آف لائن امتحان منعقدکرنےکا اعلان کیاہےتو اس کی تیاریاں کرنابھی بورڈ کی ذمہ داری ہے۔ یہ ضرور ہےکہ تیاریاں قبل ازوقت کی جائیں توبہتر ہے ورنہ آخری وقت میں پریشانی ہوتی ہے۔ویسے میری اطلاع کےمطابق آف لائن امتحان منعقدکرنےکی تیاریاں جاری ہیں۔‘‘