Inquilab Logo Happiest Places to Work

طلبہ کو مشتعل کرنے کےالزام میں ایک اور گرفتاری،پولیس ریمانڈ میں بھیجا گیا

Updated: February 02, 2022, 9:28 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

یہاں پیر کو دھاراوی میں رہنے والی ریاستی وزیر تعلیم ورشا گائیکواڑ کے مکان کے باہر احتجاج کرنے والے طلبہ کو اکسانے اور انھیں مشتعل کرنےکے علاوہ متعدد دفعات کے تحت پولیس نے وکاس پاٹھک عرف ہندوستانی بھاؤ کو گزشتہ روز تحویل میں لے لیا تھا

Vikas Pathak (Hindustani Bhao) has been arrested on charges of inciting students.
وکاس پاٹھک( ہندوستانی بھاؤ) کو طلبہ کو مشتعل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

   یہاں پیر کو دھاراوی میں رہنے والی ریاستی  وزیر تعلیم ورشا گائیکواڑ  کے مکان کے باہر  احتجاج کرنے والے طلبہ کو اکسانے اور انھیں مشتعل کرنےکے علاوہ متعدد دفعات کے تحت پولیس نے  وکاس پاٹھک عرف ہندوستانی بھاؤ کو گزشتہ روز تحویل میں لے لیا تھا۔دریں اثناء  اقرار خان نامی ایک اور شخص کو منگل کی صبح۷؍بجے سانتاکروز میں واقع جے ڈبلیو میریئٹ ہوٹل سے گرفتار کیا گیا ۔ پولیس نے دونوں ملزمین کو عدالت میں پیش کیا تھا جہاں مجسٹریٹ نے ملزموں کو  پولیس ریمانڈ میں رکھنے کا حکم دیا ہے ۔ 
 دھاراوی پولیس اسٹیشن کے ایک انسپکٹر نے انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بگ باس میں حصہ لینے والا وکاس پاٹھک عرف ہندوستانی بھاؤ نے سوشل میڈیا کے ذریعہ ۱۰؍ ویں اور ۱۲؍ ویں جماعت کے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے ایک پوسٹ اپ لوڈ کیا تھا کہ وہ دھاراوی میں وزیر تعلیم ورشا گائیکواڑ کے مکان کے باہر جمع ہوکر آف لائن امتحانات کی مخالفت کرتے ہوئے احتجاج کریں تاکہ ان کے احتجاج کا ریاستی حکومت پر کچھ اثر ہو۔ اس نے طلبہ سے کہا تھا کہ جب  سال بھر پڑھائی آن لائن ہوئی ہے تو امتحانات بھی آن لائن کرائے جائیں۔ طلبہ اس کے بہکاوے میں آکر جمع ہوئے تھے۔
  پولیس افسرنے مزید کہا کہ اس کے بعد دھاراوی کے علاوہ ممبئی  سے   باہر سے بھی طلبہ دھاراوی میں واقع گولڈ فیلڈ بلڈنگ کےسامنے بہت بڑی تعداد میں  جمع ہوگئے تھے ۔ طلبہ نعرے بازی کرتے ہوئے ہاتھوں میں پلے کارڈ لے کر اسکولوں اور کالجوں کی سالانہ فیس وغیرہ منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پتھر بازی اور توڑ پھوڑ شروع کردی اور مطالبہ کیا کہ بورڈ کے امتحانات آن لائن کرائے جائیں ۔ 
  پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے بعد حالات کو دیکھتے ہوئے پولیس نےطلبہ کو منتشر کرنے کیلئے ہلکا لاٹھی چارج کیا تھاجبکہ اس سے پہلے وزیر تعلیم ورشا گائیکوار نے یقین دلایا تھا کہ  ان کے  مطالبات پر غور کیا جائے گا۔ اس کے باوجود طلبہ کچھ سننے کیلئے راضی نہیں تھے ۔ 
 پولیس نے اس معاملے میں تعزیرات ہند کی دفعات ۳۵۴، ۳۳۲، ۴۲۷، ۱۰۹، ۱۱۴، ۱۴۳، ۱۴۵، ۱۴۶، ۱۴۹، ۱۸۸، ۲۶۹، ۲۷۰ ، کے علاوہ دیگر دفعات کے تحت معاملہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔ پولیس  نے پکڑے گئے ملزمین کے خلاف ریمانڈ لے کر مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK