EPAPER
Updated: November 01, 2020, 9:16 AM IST | Kazim Shaikh | Andheri
ایک ٹریلر کرین کو لاد کرجارہا تھا، میٹرو کے ستون سے ٹکراگیا،۲؍ خواتین اس کی زد میں آگئیں،ٹریلر کا ڈرائیور فرار
یہاں ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پرپیش آنے والے اندوہناک حادثہ میں ایک خاتون کی موت واقع ہوگئی جبکہ دیگرایک خاتون زخمی ہوگئی۔ جسےعلاج کیلئے اسپتال داخل کیاگیاہے۔پولیس نے اس سلسلےمیں ایک ٹریلر کے ڈرائیور کی تلاش جاری ہے ۔ اندھیری پولیس اسٹیشن کے ایک تفتیشی انسپکٹر نےبتایا کہ ممبئی کے ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر دل دہلادینےوالا حادثہ پیش آیا۔جس میں گجرات سے آنےوالی بس میںایک پارسل آنے والا تھا۔اس پارسل کیلئے۲؍خواتین انتظارکررہی تھیں۔ اسی دوران ایک ٹریلرپر لدی ہوئی کرین گرنےسےپورے علاقےمیں افراتفری مچ گئی۔ پولیس نے ٹریلر ڈرائیور کےخلاف لاپروائی سےڈرائیونگ کرنے کا معاملہ درج کرکے تلاش شروع کردی ہے۔ پولیس نے تفصیل بیان کرتے ہوئےکہاکہ سنیچر کو صبح تقریباً ۶؍ بجے ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر جوگیشوری سےباندرہ کی طرف جانےوالی سڑک پر ایک ٹریلرپرکرین لدی ہوئی جا رہی تھی۔ ڈرائیور نے گاڑی چلاتےہوئے اچانک اپنا توازن کھو دیا اور اندھیری مشرق گائوںدیولی بس اسٹاپ کے پاس میٹرو ریل کے پلر سے ٹریلر ٹکرا گیا۔کرین کا ایک حصہ گرنےسے فالگونی دنیش بھائی پٹیل (۲۶) کی جائے وقوع پرموت ہوگئی جبکہ تلسی کنہیا لال پٹیل (۳۲)زخمی ہوگئی، جنہیں علاج کیلئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ افسر کےمطابق مرنے والی اور زخمی خاتون قریبی رشتہ دار ہیں اور ساکی ناکہ میں واقع چاندیولی میں رہتی تھیں ۔
پولیس کاکہناہےکہ حادثےسے کچھ دیر پہلے دونوں گھرسے اپنی اسکوٹی کے ذریعہ یہاں پہنچی تھیں اوران کے آبائی وطن بھاؤ نگر گجرات سے آنے والی بس کاانتظار کررہی تھیں جس میں ان کا پارسل آنے والا تھا۔
افسرکاکہنا ہے کہ میٹرو کے کھمبے سے ٹکرانے کی وجہ سےکرین کا ایک حصہ نیچے گرگیا جس کی زد میں آکر فالگونی دنیش بھائی پٹیل کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ تلسی پٹیل کاعلاج جاری ہے۔ متوفی کے ایک قریبی شخص نےبتایاکہ مرنے والی خاتون ایک شاپنگ مال میںملازمت کرتی تھی اوراس کی آمدنی سے گھر کی کفالت ہوتی تھی۔
حادثہ کی وجہ سےاس کےاہل خانہ صدمے سے نڈھال ہیں۔حادثہ کےبعد ڈرائیور ونود یادو (۴۰) جائےوقوع سے فرار ہوگیاہے۔ڈرائیور کےخلاف تعزیرات ہند کی دفعات ۲۷۹، ۳۰۴؍ ۳۳۷، اور ۱۳۴؍ کے تحت معاملہ درج کرلیا گیا ہے اور مفرور کی تلاش جاری ہے ۔