EPAPER
Updated: December 30, 2020, 10:26 AM IST | Agency | Mumbai
بی ایس ای کا سینسیکس ۴۷۶۱۳؍ پوائنٹس پر جبکہ این ایس ای کا نفٹی ۱۴؍ ہزار پوائنٹس کے قریب پہنچ گیا ہے، بڑی کمپنیوں میں فروخت کے سبب اچھال آیا
عالمی سطح پر مثبت خریداری کے ساتھ ساتھ ریلائنس انڈسٹریز جیسی گھریلو اور دیگر گروپ کی کمپنیوں میں بھی خریداری کے سبب اسٹاک مارکیٹ مسلسل پانچویں روز ایک نئی بلندی پر آگیا۔ بی ایس ای سنیکس ۲۵۹؍پوائنٹس اضافے کے ساتھ ۴۷۶۱۳؍ پوائنٹس اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا اشاریہ نفٹی۵۹ء۴۰؍ پوائنٹس اضافے کے ساتھ ۱۴؍ ہزار پوائنٹس کی طرف بڑھتے ہوئے۱۳۹۳۲؍ پوائنٹس پر رہا ۔ جس طرح سے بڑی کمپنیوں میں فروخت دیکھنے میں آئی ، اسی طرح درمیانے درجے کی کمپنیوں میں منافع وصولی بھی زوروں پر ہوئی۔ تاہم ، چھوٹی کمپنیوں میں خریداری کے سبب بی ایس ای کا مڈ کیپ۰ء۷۰؍فیصد کمی کے ساتھ ۱۷۸۱۰؍ پوائنٹس پر آگیا جبکہ اسمال کیپ۰ء۱۶؍فیصد اضافے کے ساتھ ۱۷۹۶۷؍پوائنٹس پر رہا۔ اس سے مارکیٹ کے ماحول کا بھی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کس طرح سرمایہ کار منافع وصولی بھی کررہے ہیں اور خریداری بھی کررہے ہیں جس سے مارکیٹ میں سرمایہ کی ریل پیل ہے۔ بی ایس ای میں شامل گروپس میں بینکنگ ۱ء۴۱؍ فیصد ، فائنانس۱ء۶۰؍فیصد ، آئی ٹی۰ء۶۵؍فیصد اور ٹیک۰ء۵۰؍ فیصد سے زیادہ فائدہ میں رہے ۔ زوال پذیر ہونے والوں میں دھات کے گروپس ۱ء۳۲؍فیصد ، اینرجی ۰ء۶۷؍ فیصد ، پاور۰ء۸۱؍ فیصد اور ریالٹی۰ء۲۳؍ فیصد شامل ہیں۔ بی ایس ای میں مجموعی طور پر۳۱۸۸؍کمپنیوں میں منگل کو کاروبار ہوا ، جن میں سے۱۵۵۳؍ منافع میں اور۱۴۷۲؍ خسارہ میں رہیں جب کہ ۱۶۳؍کمپنیوں کے سرمایہ میںکوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے اثرات سے معیشت کو نکالنے کے لئے امریکہ میں دو لاکھ کروڑ ڈالر سے زیادہ کے امدادی پیکیج کی منظوری کی امید میں عالمی بازاروں میں تیزی دیکھی گئی ۔ جرمنی کا ڈیکس۱ء۲۶؍ فیصد ، چین کا شنگھائی کمپوزٹ۰ء۹۹؍ فیصد ، ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ۰ء۱۶؍ فیصد اور برطانیہ کا ایف ٹی ایس ای۰ء۱۰؍ فیصد جبکہ جاپان کا نکئیی۰ء۴۰؍ فیصد اتر گیا ۔ اس بارے میں مارکیٹ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر ملنے والے مثبت اشاروں کی وجہ سے یہاں کے سرمایہ کاروں میں ایک پازیٹیو سرمایہ کاری کا رجحان تھا جس کا فائدہ شیئر بازار کو ہوا ۔ حالانکہ اس دوران گراوٹ بھی دیکھی گئی لیکن اس سے مارکیٹ بہت تیزی کے ساتھ سنبھل گیا اور مثبت اشاریے میں بند ہوا ۔