EPAPER
Updated: December 14, 2021, 8:43 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai
مالونی میںآل انڈیا علما بورڈ کی ہنگامی میٹنگ میں مطالبہ،حالات حاضرہ کے تناظر میں متعدد قرار داد پاس ہوئیں
آل انڈیا علماء بورڈممبئی کے اراکین عاملہ کی ایک اہم ہنگامی میٹنگ مالونی میںمنعقدہوئی اور حالات حاضرہ کے تناظرمیں مندرجہ ذیل قرارداد باتفاق رائے منظورہوئیںجس میں تبلیغی جماعت کے متعلق سعودی مملکت کا فرمان کہ یہ ایک بدعتی اور دہشت گردی میں ملوث جماعت ہے، قابل مذمت ہے۔آل انڈیا علماء بورڈ سعودی سربراہ سے مطالبہ کرتا ہےکہ وہ اپنا فیصلہ فوراًواپس لے۔اس کےعلاوہ دیگر تجاویز پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔
آل انڈیا علما بورڈ کے سرگرم رکن مولانا نوشاد احمد صدیقی نےکہا کہ آل انڈیا علماء بورڈکےاراکین عاملہ کی ایک اہم ہنگامی میٹنگ مالونی میںمنعقد ہوئی اور حالات حاضرہ کے تناظر میںمندرجہ ذیل قرارداد اتفاق رائے پاس ہوئیں۔
(۱)تبلیغی جماعت درحقیقت تحریک صلاۃ ہے اور مسلک و مشرب سےبالاتر ہوکر کلمہ گو کو اللہ کے گھر کی طرف یعنی نمازکی دعوت دیتی ہے۔ اس میں متعدد فقہی مکتبۂ فکر و نظریاتی جماعت کے لوگ شامل ہیں۔ ایسی جماعت کے بارے میں سعودی مملکت کا فرمان ہے کہ یہ ایک بدعتی اوردہشت گردی میں ملوث جماعت ہے، قابل مذمت ہے۔ آل انڈیا علماء بورڈ سعودی سربراہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنا فیصلہ فوراً واپس لے۔
(۲)مادر وطن ہندوستان کے اندر خدا نےعالمی سطح پرسب سے زیادہ طاقتوربننے کی صلاحیت رکھی ہے۔ جسے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے اور ملک میںامن و شانتی کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔
(۳)وقف کی جائیداد اللہ کی ملکیت ہے۔اس کا تحفظ، اور اس کی ترقی کیلئے ہمیں ہمیشہ کوشاں رہنا چاہیے۔بورڈکا حکومت سے مطالبہ ہے کہ وقف کی جائیدادکی بازیابی اور اس کے صحیح استعمال کو یقینی بنائے۔
(۴)سماج کی ترقی کا راز تعلیم میں مضمر ہےجس کیلئے آل انڈیا علماء بورڈ روز اول سے تحریک چلارہی ہے اور آئندہ کیلئے بھی پُر عزم ہے کہ یہ گھر گھر تک اس پیغام کو پوری قوت ساتھ پہنچائے گی۔
(۵)جہیز ہمارے سماج کیلئےایک ناسور ہے۔ جس کی لعنت سے ملک کو بچانا بہت ضروری ہے۔ہر باشعور فرد کی ذمہ داری ہےکہ وہ جہیز کے لین دین والی شادی سے نہ صرف گریز کرےبلکہ اس طرح کی شادی میں شرکت بھی نہ کرے ۔
اس میٹنگ میںمولانا نیاز احمد قاسمی دہلی (قومی صدر آل انڈیا علماء بورڈ)،چیف قاضی مفتی طاہر حسین مظاہری یوپی،مولانا نوشاد احمد صدیقی ممبئی، علامہ بنی نعیم حسنی(قومی جنرل سیکریٹری آل انڈیا علماء بورڈ) مولانا محمد شمیم اختر ندوی ممبئی،الحاج سیدشمشاد قادری حیدرآباد،حافظ سرتاج نواز ،مفتی صادق احمد خان قاسمی بہار ،مولانا ارشد ندوی دہلی، مشہور صحافیہ و علماء بورڈ کی ترجمان ذکیہ خان دہلی، مولانا ثابت علی نقشبندی ممبئی، گجرات علماء بورڈکے ذمہ داران بالخصوص وقف بورڈ کے صدر شیخ حفیظ اللہ ،سید اقبال میاں شریک تھے۔