EPAPER
Updated: December 19, 2021, 7:09 AM IST | Mumbai
آئندہ سال کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اپوزیشن کو جم کر آڑے ہاتھوں لیا، یوگی آدتیہ ناتھ کو یو پی کیلئے ’اُپیوگی‘ قراردیا، ریاست کو ’مافیا اور کٹّا لہرانے والوں ‘ سے نجات دلانے کا دعویٰ
اتر پردیش جہاں آئندہ سال کے اسمبلی انتخابات میں بی جےپی کی ساکھ داؤ پر لگی ہوئی ہے، کا سنیچر کو وزیراعظم نے پھر دورہ کیا۔ انہوں نے گنگا ایکسپریس وے کا افتتاح کرتے ہوئے اپوزیشن کو جم کر آڑے ہاتھوں لیا اور وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو یوپی کیلئے ’اُپیوگی‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست میں نظم ونسق کی صورتحال کوبہتر کیا ہے۔ وزیراعظم کے مطابق یوگی راج میں عوام کو ’’مافیا اور کٹا لہرانے والوں‘‘سے نجات ملی ہے۔
الیکشن سے قبل یوپی کو ایک اور تحفہ
وزیر اعظم نریندرمودی نے اترپردیش کو روڈ کنیکٹیوٹی کا ایک اور بڑا تحفہ دیا۔انہوں نے ۳۶؍ ہزار ۲۳۰؍ کروڑ ر وپے کی لاگت سے تیار ہونے والے صوبہ کے سب سے لمبے ۵۹۴؍ کلومیٹر کے گنگا ایکسپریس وے کا رموٹ کا بٹن دبا کر سنگ بنیاد رکھا۔ گنگا ایکسپریس وے میرٹھ کو پریاگ راج سے جوڑے گا۔ اس میں شاہجہاں پور کے جلال آباد میں ۳ء۵۰؍؍ کلومیٹرکی ایئر اسٹرپ بھی بنائی جارہی ہے۔جس پر فائٹر پلین بھی لینڈ کر سکیں گے ۔
اس سے قبل انہوں نے گنگا ایکسپریس کے ماڈل کی نمائش کودیکھا۔ وزیر اعظم نریندرمودی اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے گنگا ایکسپریس وے کے فوائد بتاتے ہوئے حزب اختلاف پارٹیوںکو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ اب یہاں سبھی طبقات کی ترقی کو مد نظر رکھتے ہوئے اسکیمیں بنائی جاتی ہیں اورمافیائوں کی ناجائز عمارتوں پر بلڈوزر چلائے جاتے ہیں ۔اسی وجہ سے یوگی آدتیہ ناتھ یوپی کی ترقی کے لئے بے حد مفید ہیں۔
شاہجہاں پور کے مجاہدین آزادی کو یاد کیا
گنگا ایکسپریس وے کے سنگ بنیاد کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے روضہ کے ریلوے میدان پر اجلاس میں ملک کی آزادی میں شہید ہونے والے انقلابیوں کوخراج پیش کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی ترقی کے لئے دن رات ایک کرکے ہمارے انقلابیوں نے جو خواب دیکھا تھا اسے پورا کرکےانہیں خراج پیش کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کل ہی پنڈت رام پرساد بسمل ،اشفا ق اللہ خاں اور ٹھاکر روشن سنگھ کا یوم شہادت ہے۔ ہندوستان کی آزادی کے لئے اپنا سب کچھ نچھاور کرنے والے انقلابیوں کا ہم سب پر قرض ہے جو ہم کبھی ادا نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہاکہ انگریزی اقتدار کو چیلنج دینے والے شاہجہاں پور کے ان تینوں سپوتوں کو ۱۹؍ دسمبر کو پھانسی دی گئی تھی۔
’ سب کا ساتھ سب کا وکاس ‘ پرزور دیا
وزیراعظم نے کہاکہ شروعات سے ہی سب کا ساتھ اور سب کی ترقی ہی ہمارا نعرہ رہا ہے۔ڈبل انجن کی حکومت کا پورا فوکس یوپی کی ترقی پرہے۔ انہوں نے الزام لگایاکہ’’ ۲۰۱۴ء سے قبل یوپی میں کچھ لوگوں کے لئے اسکیمیں بنائی جاتی تھیں ۔ کچھ لوگوں کی ترقی کے بارے میں فکر کی جاتی تھی لیکن اب یوپی میں سب کی ترقی کے لئے فکر کی جاتی ہے۔ مودی اور یوگی کی ڈبل انجن کی حکومت کا فوکس یوپی کی ترقی پرہے۔ آپ پانچ سال قبل کا حال یاد کریئے۔ کچھ علاقوں کو چھوڑ دیں تو دوسرے شہروں اور گائوں دیہات میں بجلی نہیں ملتی تھی ۔ڈبل انجن کی حکومت نے نہ صرف یوپی میں قریب ۸۰؍ لاکھ مفت بجلی کنکشن دیئے بلکہ سبھی اضلاع کو پہلے سے کئی گنا زیادہ بجلی دی جارہی ہے۔جب پورا یوپی ایک ساتھ بڑھتاہے تو ملک آگے بڑھتاہے۔یوپی میںآج جو جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر ہورہی ہے وہ یہ دکھاتاہے کہ وسائل کا صحیح استعمال کیسے کیاجاتاہے۔‘‘ وزیر اعظم اوروزیر اعلیٰ کا استقبال کابینی وزیر سریش کمارکھنہ نے کیا۔وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے وزیر اعظم کو یہاں کی زردوزی سے تیار شال اور گنگا کے ماڈل والا مومنٹو پیش کیا۔اس موقع پر ڈپٹی وزیراعلیٰ کیشو پرساد موریہ اور دیگر موجود تھے۔