EPAPER
Updated: January 10, 2022, 9:21 AM IST | Agency | New Delhi
مرکزی وزیر صحت کی آج ریاستوں کے وزرائے صحت کے ساتھ میٹنگ ، پارلیمنٹ کے زائداز ۴۰۰؍ ملازم کورونا سے متاثر
ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کوصورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی۔ میٹنگ میں وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر صحت ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ، داخلہ سیکریٹری اجے کمار بھلّا، کابینی سیکریٹری راجیو کمار گاباا ور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔ واضح رہے کہ ہفتہ بھر قبل ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ۲۷؍ ہزار ۵۵۳؍ تھی جس میں تیزی سے اضافہ ہوا ہےا ور اتوار کو ایک دن میں ایک لاکھ ۵۹؍ ہزار نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔یہ سنیچر کے مقابلہ میں ۱۳؍فیصد اضافہ ہے۔ ایسے وقت میں جبکہ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات بھی ہونے ہیں، کورونا کے معاملوں میں یہ اضافہ تشویشناک ہے۔ وزیراعظم نے ورچوئل میٹنگ میں محتاط رہنے کی تلقین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کورونا کی نئی شکلوں کو دیکھتے ہوئے ہمیں محتاط اور چوکنّا رہنے کی ضرورت ہے۔ وبا کے خلاف جنگ ختم نہیں ہوئی ہے اور کووڈ سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنےکا سلسلہ جاری رکھنا چاہئے۔‘‘ ذرائع کے حوالے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کے ساتھ اتوار کی اس میٹنگ کے بعد مرکزی وزیر صحت منسکھ مانڈویہ پیر کو تمام ریاستوں کے وزرائے صحت کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔ اُدھر بجٹ اجلاس کی تیاریوں کے بیچ پارلیمنٹ کے اسٹاف کے ۴۰۰؍ سے زائد اراکین کورونا سے متاثر پائے گئےہیں۔ ۴؍ سے ۸؍ جنوری کے درمیان مجموعی طورپر ایک ہزار ۴۰۹؍ میں سے ۴۰۲؍ ملازم کورونا پازیٹیو نکلے ہیں۔