EPAPER
Updated: September 12, 2021, 8:44 AM IST | jalgaon
فائرنگ کے باوجود ڈکیت کوپکڑ کرپولیس کے حوالے کیا، اعزاز سے نوازاگیا
:پونے کے گھورپڑے پیٹھ کے حنا ٹاورمیں ڈکیتی کی کوشش کو ناکام بنانے اور ۳؍ راؤنڈ فائرنگ کےباوجود بغیر ڈرے اپنی جان پر کھیل کر ڈکیت کو پکڑنے والے ۲۳؍ سالہ نوجوان محمد اویس سلیم انصاری کو پو نے پولیس نے اعزاز سے نوازا ہے۔
محمد اویس نے نہ صرف اپنے گھر پر ہونے والی ڈکیت کی کوشش کو ناکام بنایا مستعدی، حاضر دماغی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ڈکیت کو نہ صرف پکڑ لیا بلکہ اسے پولیس کے حوالے بھی کردیا جبکہ اس ڈکیت کی خاتون ساتھی بھاگنے میں کامیاب ہوگئی ۔ڈکیت نے محمد اویس کو جان سے مارنے کیلئے اس پر ۳؍رائونڈ فائرنگ بھی کی ،اس کے ہاتھ کے انگوٹھےپر کاٹ کراسے زخمی کرکے بھاگنے کوشش بھی کی مگر کامیاب نہیں ہوسکا۔ اس ضمن میں پونے کے کھڑکا پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر کے مطابق محمد اویس انصاری پونے کے گھور پڑے پیٹھ کے حنا ٹاور میں اپنی اہلیہ ،ماں باپ اور بھائی کے ساتھ رہتا ہے۔ ڈکیتی والے دن وہ گھریلو ضرورت کا سامان لے کر دوپہر ۱۲؍ بجے جب گھر پہنچا تومکان کے پہلے منزلے کا دروزاہ کھلا دیکھ کر اسے شبہ ہوا۔ جب وہ وہاں پہنچا تو ایک شخص الماری سے قیمتی سامان چوری کررہاتھا۔ ٹوکنے پر چور نے اپنے بیگ سے پستول نکالی اور محمد اویس پر فائر کردیا مگر نشانہ خطا ہوگیا۔ اس دوران ڈکیت کی خاتون ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی جبکہ محمد اویس بغیر ڈرے مسلح ڈکیت سے گتھم گتھا ہوگیا۔ اس دوران ڈکیت نے محمد اویس پر مزید ۲؍فائر کئے مگر خوش قسمتی گولی اویس کو نہیں لگی اور اس دوران فائرنگ کی آواز سے ہجوم اکٹھا ہوگی اور کچھ ہی دیر میں پولیس بھی پہنچ گئی جس نے چور کو گرفتار کرلیا۔ محمد اویس کی اس بہادری پر پونے کے پولیس کمشنر امیتابھ گپتا نے نہ صرف ان کا استقبال کیا بلکہ سند سے بھی نواز۔ مسلم اوقاف ویلفیئر ٹرسٹ اوراکھیل راشٹریہ سماج سیوا پرتشٹھان کی جانب سے بھی استقبالیہ دیاگیا ڈکیت کی شناخت وٹھل وامن بھولے کے طورپر ہوئی ہے۔پولیس اسکی خاتون ساتھی کو تلاش کررہی ہے۔