EPAPER
Updated: May 12, 2021, 8:38 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر نے منگل کو بی ایم سی کے عہدیداروں اور افسران کے ساتھ ممبئی کے مغربی مضافات میں واقع نالوں کی صفائی کا جائزہ لیا۔
ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر نے منگل کو بی ایم سی کے عہدیداروں اور افسران کے ساتھ ممبئی کے مغربی مضافات میں واقع نالوں کی صفائی کا جائزہ لیا۔ اس جائزہ کے بعد افسران کے حوالے سے انہوںنے یقین دلایا کہ مغربی مضافات کے نالوں کی صفائی ۷۵؍ فیصد مکمل ہو چکی ہے اور باقی صفائی مانسون سے قبل مکمل کر لی جائے گی۔ اس دورے میں ڈپٹی میئر ایڈ وکیٹ سہاس واڈکر ، بی ایم سی کی ہاؤس لیڈر وشاکھا راؤت، اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین یشونت جادھو اور دیگر عہدیدار اور افسران موجود تھے۔
میئر نے کہا کہ ’’ کورونا کی وباء کے دوران ممبئی کے نالوں کی صفائی کا کام متاثر نہیں ہوا ہے اور کورونا سے تحفظ کے احتیاط کے ساتھ ۲۲؍ فروری سے یہ کام شروع کیا گیا ہے۔ ممبئی کے شہریوںکو مانسون میں سیلابی صورتحال سے محفوظ رکھنے کیلئے نالوں کی صفائی پر پوری توجہ دی جارہی ہے۔ اسی وجہ سےجن علاقوں میں ۲۔۳؍ دنوں تک پانی جمع رہتا تھا اب اس کی نکاسی ۳؍ تا ۴؍ گھنٹوں میں ہو رہی ہے۔‘‘
میئر اور دیگر عہدیداروں نے جن ندیوں اور نالوں کا دورہ کیا ا ن میں ایچ /ایسٹ وارڈمیں واکولہ ندی ، ایچ / ویسٹ وارڈ میں ایس این ڈی ٹی نالا، کے /ویسٹ وارڈ میں اوشیوارا لنک روڈ پر اوشیوارا ندی، پی/ساؤتھ وارڈمیں گوریگاؤں ویسٹ لنک روڈ پر شاستری نگر نالا ، آر / ساؤتھ وارڈ میں لنک روڈ پر پوئیسر ندی ، آر / سینٹرل وارڈ میں بوریوالی ویسٹ کے راجندر نگر نالا ، آر / نارتھ ڈویژن میں دہیسر (مغرب) علاقے میں واقع دہیسر ند ی شامل ہے۔
ہند ماتا میں اسٹوریج ٹینک بنانے کی تجویز
نالوں کی صفائی کے دورے میں شامل اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین یشونت جادھو نے کہا کہ ہند ماتا علاقے میں ہمیشہ بارش کا پانی جمع ہو جاتا ہے اور اسی لئے یہاں اسٹوریج ٹینک تعمیر کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہےجو بدھ کو منعقدہ اسٹینڈنگ کمیٹی میں پیش کی جائے گی۔یشونت جادھو نے یہ بھی یقین دلایاکہ ممبئی کے چھوٹے او ربڑے نالو ںکی صفائی کا کام اطمینان بخش طریقے سے جاری ہے ۔