Inquilab Logo Happiest Places to Work

بامبے ہائی کورٹ نے کوروناسے متعلقریاستی حکومت کے کاموں کو سراہا

Updated: December 14, 2021, 8:41 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

کورونا دور میں پیش آنے والے مسائل اور ویکسین سے متعلق ہونےوالی پریشانیوں کے تعلق سےعرضداشتوں کو ختم کردیا،اومائیکرون کے تعلق سے محتاط رہنے کی تلقین کی

The Chief Justice of the High Court has praised similar measures taken by those who come from other places to protect the state from Cocorona.
ریاست کوکورونا سے محفوظ رکھنے کیلئے دوسرے مقامات سے آنے والوں کا ٹیسٹ کیا جاتا ہےایسے ہی اقدامات کی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے ستائش کی ہے

:بامبے ہائی کورٹ نے کورونا وائرس کے مشکل دور کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’’گزشتہ تقریباً ۲؍ برسوں کے درمیان اور خصوصی طور پر کورونا وائرس نامی وباءکی شدت کے وقت جس طرح سےریاست مہاراشٹر نے رہنما اصولوں کو اپناتے ہوئےاحسن طریقہ سے اس پر قابو پانے کی کامیاب کوشش کی ہے وہ قابل تعریف بھی ہے،قابل ستائش اور قابل تحسین بھی۔ریاستی حکومت اور متعلقہ محکموں کے ساتھ ساتھ سرکاری و غیر سرکاری اداروں نے کووڈ۔ ۱۹؍ کے سبب پیدا ہونے والے بحران کا مقابلہ کرتے ہوئے بالآخر جیت حاصل کی ہے ۔‘‘
 بامبے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دیپانکر دتا اور جسٹس ایم ایس کارنک نےکورونا وائرس کے دوران پیش آنے والے مسائل اور ویکسین کے تعلق سے ہونےوالی دقتوں اور مریضوں کی اموات پر داخل کی جانےوالی عرضداشتوں کو ختم کرتے وقت پیر کونہ صرف جان لیوا وباءپر قابو پانے بلکہ بے شمار متاثرہ افراد کو اس موذی وباء سے محفوظ رکھنے کی ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا۔ چیف جسٹس نےیہ بھی کہا کہ ’’کورونا وائرس کےناگفتہ بہ حالات میں جس طرح سے پولیس ، محکمہ صحت،اسپتال انتظامیہ اور حکومت کے ذریعہ قائم کئےگئے سرکاری اور غیر سرکاری سینٹروں میں متاثرین کے علاج کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے جو اقدامات کئےگئےتھے ، یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ آج اس شہر اور ریاست میں پوری آب و تاب کے ساتھ زندگی دوبارہ لوٹ آئی ہے ۔ ‘‘ کورٹ نے کورونا وائرس نامی جان لیوا وباء کے دوران طبی سہولتوں کے فقدان اور اس سے بچاؤ کے لئے کئے جانے والے انتظامات میں ہونے والی دقتوں اور کمیوں کے خلاف داخل کردہ عرضداشتوں کو ختم کرتےہوئے یہ بھی کہا کہ ’’ ہمیں اب تاریک اور محرومیوںمیں گزرے ہوئے ان دنوں کو بھول جانا چاہئےکیونکہ وسائل کی کمی اور کورونا وائرس کی شکل میں اَن دیکھے دشمن کو ختم کرنے سے متعلق ہائی کورٹ نے جتنےبھی احکامات جاری کئے تھے حکومت اور ان کے متعلقہ محکموں نے اسے بہ حسن و خوبی نبھانے اور اس پر عمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔‘‘چیف جسٹس بامبے ہائی کورٹ نے کہا کہ’’ریاست مہاراشٹر ایک ایسی ریاست ثابت ہوئی ہے جس نے کورونا پر قابو پانے کیلئےتمام رہنما اصولوں پرعمل کیا اور سہل طریقہ سے جان لیوا وباء پر قابو پاکر جیت حاصل کی ہے ۔‘‘
 کورٹ کایہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں گزرے ہوئے وقت کی ان تمام تکلیف دہ یادوں کو بھلا کر آنے والی زندگی کا خیر مقدم کرنا چاہئے کیونکہ ہم یہ بھی دیکھ رہے ہیںکہ ملک کی کئی ایسی ریاستیں ہیں جو اب بھی رہنما اصولوں کو نہ اپنا نے کے سبب مشکلات سے دو چار ہیں۔کورٹ کے بقول ’’اومائیکرون کی شکل میں دوسرا دشمن ہم پر حملہ کر چکا ہے لیکن اس سے نہ تو ہمیں گھبرانے کی ضرورت ہے اور نہ ہی اس سے لاپرواہ ہونے کی ضرورت ہے۔ہمیں بس سابقہ تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے اس کا مقابلہ بھی کرنا ہے، اپنی حفاظت بھی کرنا ہے اورریاستی و مرکزی حکومت کو اسی طرح تال میل برقرار رکھتے ہوئےاور حالا ت پر قابو پاتے ہوئےزندگی کی نئی راہیں تلاش کرنا ہے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK