EPAPER
Updated: August 09, 2021, 11:47 PM IST | Agency | New Delhi
چیف جسٹس آف انڈیا کااظہار تشویش، کہا کہ اہم شخصیات بھی نہیں بخشی جاتیں
قومی سطح پر پولیس افسران کو حقوق انسانی کے تعلق سے حساس بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے چیف جسٹس آف انڈیا این وی رامنا نے اتوار کو بلاکسی تامل کے کہا ہے کہ حقوق انسانی کو سب سےزیادہ خطرہ پولیس اسٹیشنوں میں ہوتا ہے جہاں مراعات یافتہ اہم شخصیات بھی ’’تھرڈ ڈگری برتاؤ‘‘ سے نہیں بچ پاتیں۔ انہوں نےکہا کہ پولیس کی زیادتیوں پر قابو پانے کیلئے ضروری ہے کہ شہریوں کو حراست کے دوران قانونی امداد کے حق اور مفت قانونی امداد کی فراہمی سے واقف کرایاجائے۔ جسٹس رامنا نے کہا ہے کہ اس ضمن میں ابتدائی قدم یہ ہو سکتا ہے کہ ہر پولیس اسٹیشن میں ڈسپلے بورڈ اور باہر ہورڈنگ لگائی جائے۔ انہوں نے اس ضمن میں نیشنل لیگل سروس اتھاریٹی آف انڈیا (نالسا) کوبھی اپنی ذمہ داری اداکرنے اور ملک گیر سطح پر پولیس افسران کو حقوقِ انسانی کے تئیں حساس بنانے کی جانب توجہ دینے کی تلقین کی۔