EPAPER
Updated: March 17, 2021, 10:16 AM IST | Staff Reporter | Goregaon / Navi Mumbai
یہاں گوریگاؤں کی ایک کمپنی میں آگ لگ گئی تھی ۔ کمپنی میں کام کرنے والے ملازمین کو باہر نکال لیا گیا ۔ وہیں نوی ممبئی کے ایک فرسان کے گودام میں لگنے والی آگ سے بڑے پیمانے پر نقصان ہونے کی اندیشہ ہے ۔
یہاں گوریگاؤں کی ایک کمپنی میں آگ لگ گئی تھی ۔ کمپنی میں کام کرنے والے ملازمین کو باہر نکال لیا گیا ۔ وہیں نوی ممبئی کے ایک فرسان کے گودام میں لگنے والی آگ سے بڑے پیمانے پر نقصان ہونے کی اندیشہ ہے ۔ البتہ دونوں حادثات میں کوئی جانی نقصان ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔ تادم تحریر دونوں حادثات پر قابو پانے کیلئے فائر بریگیڈ کے اہلکار جدوجہد کررہے تھے ۔
ممبئی فائر بریگیڈکنٹرول روم کے مطابق گوریگاؤں کے مشرقی علاقے میں دندوشی کورٹ کے قریب ’سامنا پریوار ‘کھڑک پاڑہ ، ارون کمار ودیا مارگ، رتناگیری ہوٹل کے سامنے منگل کی شام میں تقریباً ۶؍بجے اچانک اے ایس ڈی کمپنی میں آگ لگ گئی تھی ۔ حادثہ کے وقت کمپنی میں ملازمین کام کررہے تھے لیکن تمام ملازمین کمپنی سے بحفاظت باہر نکل گئے اور چند ملازمین اس میں پھنس گئے تھےجنہیں نکال کر محفوظ مقام پر پہنچایا گیا ۔
فائر کنٹرول کے مطابق آگ لگنے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔ البتہ آس پاس کے علاقے میں تیزی کے ساتھ آگ پھیل گئی اور اس کی زد میںاطراف کے کئی جھوپڑے بھی آگئے ۔ فائر بریگیڈکے ۱۱؍ فائر انجن اور ۷؍ جمبوٹینکر کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی گئی ۔ فائر بریگیڈ کا کہنا ہے کہ حادثہ میں کسی جانی نقصان نہیں ہوا ہےاور آتشزدگی میں فوری طور پر مالی نقصان کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔
دریں اثناء نوی ممبئی کے ربالے میں واقع پلاٹ نمبر ۴۵؍ میں واقع ایک فرسان کے گودام میں منگل کی شام ۶؍بج کر ۱۸؍منٹ پر آگ لگ گئی ۔ اس گودام میں فرسان بھی تیار کیا جاتا تھا ۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی نوی ممبئی کے کئی فائربریگیڈ اسٹیشنوں سے ۶؍ انجن اورپانی کے ۳؍ ٹینکروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا ۔ حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ۔ پولیس نے بھی حادثاتی معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔