EPAPER
Updated: March 27, 2021, 10:32 AM IST | Iqbal Ansari | Bhandup
حادثہ کا شکارکووڈ اسپتال کے مریضوں کو اطراف کے ۷؍ اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کی ذمہ داری بھانڈوپ پولیس کے سپرد۔ مہلوکین کی عمریں ۵۸؍ سے ۸۰؍ سال کے درمیان
یہاں ایل بی ایس مارگ پر واقع ۴؍ منزلہ ڈریم شاپنگ مال میں بھیانک آتشزدگی کے نتیجے میں تیسرے منزلہ پر واقع ’سن رائز ‘اسپتا ل میں زیر علاج ۱۱؍ مریض ہلاک ہوگئے۔ مہلوکین میں ۵۸؍ سال سے ۸۰ ؍ سال کے مریض شامل ہیں۔ مذکورہ اسپتال میں زیر علاج مریضوں کو اطراف کے ۷؍ اسپتالوںمیں منتقل کیا گیا ہے۔ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) کی جانب سے اس معاملے کی جانچ بھانڈوپ پولیس کو سونپی گئی ہے۔ میئرکشوری پیڈنیکر نے اس معاملے میں ۲؍ دن میں محکمہ جاتی جانچ مکمل کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیاہے ۔ انہوں نے یقین دلایا ہےکہ خاطیوں کوبخشانہیں جائے گا۔ حادثہ کا بعد انہوںنے شہرومضافات کے سبھی اسپتالوں کا فوری طور پر فائر آڈٹ کا حکم بھی دیا ہے۔
’خاطیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی‘
سن رائز اسپتال کے تعلق سے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے بتایاکہ ’’کورونا کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پیش جہاں جہاں بھی ممکن تھا ،عارضی کووڈ اسپتال بنائے گئے تھے۔ اسی دوران سن سائز اسپتال کو بھی اجازت دی گئی تھی۔ ۳۱؍ مارچ کو یہ اسپتال بند ہونے والا تھا لیکن بدقسمتی سے شاپنگ مال کے پہلے منزلہ پر واقع ایک دکان میں آگ لگی جو اسپتال تک پہنچ گئی۔ ‘‘ جائے حادثہ کا دورہ کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ وینٹی لیٹر پر جو مریض تھے، انہیں منتقل کرنے میں کچھ وقت لگ گیاجس کے سبب بد قسمتی سے ان کی موت ہو گئی۔ انہوں نےیہ بھی کہاکہ ’’ اس حادثہ کی جانچ ضرور کی جائے گی اور اگر کوئی لاپروائی پائی جائے گی تو خاطیوں کے خلاف کارروائی بھی ضرور ہوگی۔‘‘
اس سلسلے میں میئر کشوری پیڈنیکر نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’شاپنگ مال کے تیسرے منزلے پر اسپتال اور کووڈ سینٹر تھا۔ اس حادثہ سے قبل ایک جائزہ میٹنگ میں فائر بریگیڈ کو سبھی اسپتالوں کا فائر آڈٹ کی ہدایت دی گئی تھی لہٰذا اس معاملے کی ۲؍ دن میں انکوائری کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور رپورٹ کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔‘‘
شاپنگ سینٹر کے تیسرے منزلے پر ۱۰۷؍ بیڈ والے سن رائزاسپتال میں حادثہ کےوقت ۷۸؍ مریض تھے۔
مہلوکین کے نام
اس حادثہ میں ۸۰؍ سالہ گووند لال داس بھی فوت ہوئے ہیں جو کووڈ۱۹؍ کے علاج کیلئے اسپتال داخل کئے گئے تھے۔ مہلوکین کے نام درج ذیل ہیں:
۱۔ نثار جاوید چاند(۷۴)، ۲۔رویندر منگیکر(۶۶)، ۳۔ گووند لال داس(۸۰)، ۴۔منجولا بتھاریہ(۶۵)، ۵۔امباجی نارائن پاٹل(۶۵)، ۶۔ سنندا بائی امباجی پاٹل(۵۸)، ۷۔ سدھیر سدکھا رام لاڈ(۶۶)، ہریش کرم چند سچدیو (۶۸)، ۹۔ شیام بھکتی لال(۷۷)، مہادیو شنکر ایئر(۷۹) اور ۱۱۔اشوک شریپڑ واگھمارے(۶۸)۔