EPAPER
Updated: July 29, 2021, 7:59 AM IST | saadat khan | Mumbai
طلبہ پر اس امتحان کا خوف طاری ہے۔ اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈٹریننگ اور اسٹیٹ ایجوکیشن بورڈ سے بچوں کی رہنمائی کا مطالبہ۔ حکومت کے ذریعے جلد ہی کسی فیصلے کی امید
گیارہویں جماعت میں داخلے کیلئے اسٹیٹ ایجوکیشن بورڈ نےکامن انٹرنس ٹیسٹ (سی ای ٹی) منعقد کرنےکا اعلان کیاہے لیکن اس امتحان کے نصاب سے متعلق اسٹیٹ بورڈاور سی بی ایس ای ، آئی سی ایس ای ، آئی بی اور دیگر بورڈ کے طلبہ اوروالدین میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔ اسٹیٹ بورڈ کے طلبہ اوروالدین اس لئے تشویش میں مبتلاہیں کہ دیگر بورڈز کے طلبہ اسٹیٹ بورڈ کی پڑھائی سے ۲؍سال آگے ہوتے ہیں۔ اس لئے ا نہیںاس بات کا اندیشہ ہےکہ اسٹیٹ بورڈ کے طلبہ دیگر بورڈز کے بچوں سے پیچھے رہ سکتے ہیں۔ اسٹیٹ بورڈ کے طلبہ ،والدین اور پرنسپل میں پہلی مرتبہ اس طرح کے امتحان سے متعلق خوف بھی پایا جارہا ہے ۔ اس لئے ان کی جانب سے یہ مطالبہ کیا جارہا ہےکہ اسٹیٹ بورڈ سی ٹی ای کے نصاب اورپوچھے جانے والے سوالات سے متعلق رہنمائی کرے جبکہ دیگر بورڈزکے طلبہ اس لئے پریشان ہیں کیونکہ وہ پہلی مرتبہ اسٹیٹ بورڈ کے نصاب کے مطابق امتحان میں شریک ہوں گے۔ ایسےمیں تمام بورڈز کے طلبہ اور والدین میں سی ای ٹی سے متعلق ناراضگی پائی جارہی ہے ۔
واضح رہےکہ اسٹیٹ بورڈ کاایس ایس سی کانصاب دیگر بورڈز کے نصاب سے ۲؍سال پیچھے ہے۔اس لئے دیگر بورڈز کے طلبہ کیلئے زیادہ پریشانی نہیں ہوگی جبکہ اسٹیٹ بورڈ کے طلبہ ،والدین اور ہیڈماسٹرس ایسامحسوس کررہے ہیںکہ دیگر بورڈز کے طلبہ اسٹیٹ بورڈ کے طلبہ سے آگے نکل سکتےہیں۔
اس تعلق سے ممبئی ہیڈماسٹر اسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری پانڈورنگ کنگار نے انقلاب کو بتایاکہ ’’کووڈ ۱۹؍ اور لاک ڈائون کی وجہ سے اسکول بندہونے سے ایس ایس سی کے طلبہ کی پڑھائی معمول کےمطابق نہیں ہوسکی ہے۔ آن لائن پڑھائی ضرورہوئی ہے مگر آف لائن پڑھائی نہ ہونے سے طلبہ میں دسو یں کی پڑھائی سے متعلق خود اعتمادی کی کمی پائی جارہی ہے۔ سی ای ٹی میں سوالات کیسے آئیں گے ،ان کے جواب کیسے دیئے جائیں گے، طلبہ کے دل ودما غ میں اس طرح کے سوالات پیدا ہورہے ہیں۔ اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ اور اسٹیٹ ایجوکیشن بورڈ کو چاہئے کہ وہ طلبہ کی تشویش دور کرنے کیلئے ان کی رہنمائی کریں ۔ ‘‘
سی ای ٹی ۲۱؍اگست کومنعقدکرنےکااعلان کیا گیا ہے مگر ابھی اس کا ٹائم ٹیبل جاری نہیں ہوا۔ کورونا وباء اور موجودہ سیلابی کیفیت میں سی ای ٹی کس طرح منعقد کیا جائے گا، اس بارے میں کچھ کہانہیں جاسکتا ۔ اُمید ہےکہ آئندہ کچھ دنوں میں اس تعلق سے حکومت کوئی فیصلہ کرے گی۔