Inquilab Logo Happiest Places to Work

آف لائن پریکٹیکل امتحان کاآغاز،طلبہ میں جوش و خروش

Updated: February 15, 2022, 6:44 AM IST | Mumbai

ایچ ایس سی کے طلبہ نےتمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے خود اعتمادی سےامتحان دیا، آف لائن امتحان کے تعلق سے ڈروخوف کووقتی قراردیا

No fear was seen in the students who arrived for the practical examination. (File photo)
پریکٹیکل امتحان دینے پہنچے طلبہ میں کسی قسم کا خوف نہیں دیکھا گیا۔(فائل فوٹو)

: کوروناوائرس کی وباء اور لاک ڈائون کےسبب گزشتہ سال بارہویں جماعت کا آف لائن پریکٹیکل امتحان منعقدنہیںہوسکاتھا۔ کوروناکا اثر کم ہونے پر حکومت اور ریاستی بورڈ نے امسال آف لائن پریکٹیکل امتحان منعقدکرنےکا اعلان کیاہے۔پیر(۱۴؍فروری) سے آف لائن پریکٹیکل امتحان کا آغاز کیاگیا۔طلبہ نے کووڈ کی گائیڈ لائن اور تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے خود اعتمادی سےپریکٹیکل امتحان دے کر آف لائن امتحان کے بارےمیںپھیلے ڈروخوف کوکم کیاہے ۔ پریکٹیکل کا آف لائن امتحان دینے سے طلبہ تحریری امتحان کیلئے بھی پُر جوش دکھائی دیئے ۔ اساتذہ کے مطابق کووڈ اور لاک ڈائون سے جس طرح کی صورتحال ہے ،اس سے طلبہ مایوس ضرورہیں مگر انہیں آف لائن پریکٹیکل اور پریلیم امتحان کیلئے ہم گزشتہ ۴؍ مہینے سے محنت کرارہےہیں ۔ انہیں ان امتحان کیلئے تیار کیا گیا ہے جس سے آف لائن امتحان دینےمیں طلبہ کوآسانی ہوئی ہے۔ پریکٹیکل امتحان میں طلبہ میں جوش و خروش دیکھا گیا۔
 انجمن اسلام محمد اسحاق جمخانہ ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کی پرنسپل صباپٹیل نے بتایاکہ ’’کورونا اورلاک ڈائون سے طالبات اور ان کےوالدین میں امتحا ن سے متعلق ڈرو خوف ضرور تھا مگر ان کی مایوسی ختم کرنے کیلئے گزشتہ چندمہینوں سےمتواتر محنت جاری ہے۔ طالبات کو پڑھانےکےساتھ انہیں آف لائن امتحان کیلئے تیارکرنےکی مشق کی جارہی ہے۔طالبات اور والدین کی ذہن سازی کیلئے متعدد میٹنگ منعقد کی گئی ہے جس سےطالبات میں خود اعتمادی آئی ہے ۔اب وہ پریلیم اور پریکٹیکل امتحان بلا خوف دے رہی ہیں۔‘‘ کالج ھٰذا کی کیمسٹری ڈپارٹمنٹ کی انچارج فائزہ خان نےبتایاکہ ’’ ہمیں اس بات کا علم تھا کہ اچانک آف لائن امتحان کیلئے اگر طالبات سے کہاگیاتو وہ  پریشان ہوسکتی ہیں۔ اس لئے  پریکٹیکل امتحان کیلئے ہمیں جو نصاب دیاگیاتھا اس کےمطابق طالبات کی تیاری کروائی تھی ۔تمام پروجیکٹ کی متعددمرتبہ مشق کروائی گئی جس سے آف لائن پریکٹیکل امتحا ن دینے میں طالبات کوآسانی ہوئی اور سب اطمینان سے امتحان دے رہی ہیں۔ ‘‘
  اسی کالج کی دھاراوی طالبہ شیخ سدرا نہال الدین نے بتایاکہ ’’ اساتذہ نے آف لائن امتحان کے تعلق سے ہمارےدل ودماغ کے ڈروخوف کو ختم کرنےمیں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ پریکٹیکل امتحان کیلئے پوری تیاری کروائی گئی تھی اس کے باوجود کچھ مایوسی تھی مگر امتحان گاہ میں داخل ہونے کےبعد وہ خوف بھی جاتا رہا۔ میں نے بڑے اطمینان سے تمام پروجیکٹ حل کئے جس سے مجھ میں تحریری امتحان کیلئے بھی خود اعتمادی آئی ہے۔ ‘‘
  ماہم کی طالبہ غوثیہ غوث محمد نےبتایاکہ ’’ آج میرا کیمسٹری کا پریکٹیکل امتحان تھا۔ کووڈکی گائیڈ لائن اوراحتیاطی تدابیر کے ساتھ آف لائن امتحان منعقد کیاگیا۔ اساتذہ نے پریکٹیکل امتحان کی تیاری کروائی تھی اس لئے امتحان دینےمیں پریشانی نہیں ہوئی لیکن نہ جانے کیوں یہ احساس ہورہاتھا کہ کہیں وقت کم نہ پڑجائے ۔ یہی سوچ کر میں دوران ِامتحان کچھ پریشان ضرورتھی مگر ۳؍گھنٹے میں  سارے پروجیکٹ مکمل کرنےپر راحت  محسوس ہوئی۔ ‘‘
 مہاراشٹر کالج کےپرنسپل سراج الدین چوگلے نے بتایاکہ ’’ہم نے پریکٹیکل امتحان کی پوری تیاری کرلی تھی ۔ہمارے یہاں  سائنس فیکلٹی کےتقریباً ۴۵۰؍ طلبہ ہیں جو مرحلہ وار بیچ کی صور ت میں آف لائن پریکٹیکل امتحان دیں گے۔ ہم جمعرات سے پریکٹیکل امتحان کاآغازکریں گے۔ سبھی طلبہ کو آف لائن امتحان کی اطلاع دی گئی ہے ۔ طلبہ کی آسانی کیلئے گزشتہ کچھ مہینوں سے پریکٹیکل امتحان کےمشمولات کےبارےمیں ان کی رہنمائی کی جارہی ہے تاکہ آف لائن امتحان دینے کے بارےمیں ان کےدل میں جوشبہات  ہیں وہ ختم ہوجائیں۔ واضح رہےکہ اسٹیٹ بورڈ نے ۱۴؍فروری تا ۳؍مارچ ۲۰۲۲ء کےدرمیان آف لائن پریکٹیکل امتحان منعقدکئے جانےکی ہدایت جاری کی ہے۔‘‘
 بیلاسس روڈپر واقع انجمن اسلام سیف طیب جی گرلزہائی اسکول اینڈجونیئر کالج کی پرنسپل شمع تاراپوروالا کےمطابق ’’۴؍ اکتوبر۲۰۲۱ء سے ایچ ایس سی کی طالبات کوآف لائن پڑھا رہےہیں۔ اس دوران ذہنی طورپر انہیں آف لائن امتحان کیلئے تیارکیاگیا ہےتاکہ وہ آسانی سے امتحان دے سکیں ۔ اس کا یہ فائدہ ہواکہ انہوںنے بڑی خوداعتمادی سےپریلیم اور پریکٹیکل امتحان دیاہے۔ حالانکہ یہ وہ طالبات ہیں جنہوںنے گیارہویں جماعت کی پوری پڑھائی آن لائن کی ہے مگر بلاخوف بارہویں جماعت کاآف لائن امتحان دینےکیلئے تیار ہیں۔‘‘
 اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے ریاستی جنرل سیکریٹری ساجد نثار نےبتایاکہ ’’آف لائن پریکٹیکل امتحان کاآغاز ہو گیا ہے مگر اسٹیٹ بس سروس کی ہڑتال ہونے سےبالخصوص دیہی علاقوں کے طلبہ کو امتحان گاہ پہنچنےمیں دشواری ہورہی ہے ۔ آمدورفت کےمسدود ذرائع سے طلبہ پریشان ہیں۔چنانچہ ریاستی حکومت سے اپیل ہےکہ ایس ٹی بس سروس بحال کی جائے یا پھر طلبہ کیلئے آمدورفت کےمتبادل ذرائع کا بندوبست کیاجائے ۔‘‘ دریں اثنا  ریاستی وزیر تعلیم ورشاگائیکواڈ نے ایچ ایس سی کےآف لائن پریکٹیکل امتحان کے آغاز پر طلبہ کیلئے نیک خواہشات پیش کی ہیں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK