EPAPER
Updated: December 23, 2021, 7:58 AM IST | Mumbai
ریاستی بورڈ کے مطابق طلبہ کی لکھنے کی عادت چھوٹ چکی ہے اسی لئے انہیں مزیدنصف گھنٹہ دیا جائے گا
مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائرسیکنڈری ایجوکیشن نے کہا ہے کہ ایس ایس سی اور ایچ ایس سی طلبہ کواضافی وقت کی سہولت دی جائے گی جس طرح گزشتہ سال اسے متعارف کرایا گیا تھا لیکن اس کا اطلاق نہیں کیا جاسکتا تھا۔ ۸۰/۱۰۰؍ مارکس کے ہرپرچے کیلئے طلبہ کو اضافی ۳۰؍ منٹ دیئے جائیں گے اور۴۰/۵۰ /۶۰؍ مارکس کے ہر پرچے کیلئے اضافی ۱۵؍ منٹ دیئے جائیں گے۔
تاہم صبح کے سیشن کے پرچے جو صبح ۱۱؍ بجے شروع ہوتے ہیں ، وہ ساڑھے ۱۰؍ بجے شروع ہوں گے۔ دوپہر کے سیشن کیلئے پرچہ شروع ہونے کا وقت دوپہر ۳؍ بجے ہی رہے گا لیکن اس کے ختم ہونے کا وقت طلبہ کو ملنے والنے والے اضافی وقت کی بنیاد پر ہوگا۔اس کی تصدیق کرتے ہوئے مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ کے چیئرمین شرد گوساوی نے کہا کہ ’’کورونا بحران کی وجہ سے اسکول آن لائن کلاس منعقد کررہے تھے جس کی وجہ سے طلبہ کی لکھنے کی عادت چھوٹ گئی ہے۔ اس کے پیش نظر گزشتہ سال اضافی وقت کی سہولت دینے کا اعلان کیا گیا تھا تاکہ طلبہ امتحانی پرچہ ختم کرنے کیلئے طلبہ پر دباؤ نہ رہے۔ تاہم گزشتہ سال امتحانات منسوخ کردیئے گئے تھے لیکن اس مرتبہ طلبہ کو یہ سہولت مہیا کرائی جائے گی۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ ۲؍ سیشن کے درمیان ایک گھنٹے کے وقفے کے پیش نظر ہم نے صبح کے سیشن کے شروع میں اور دوپہر کے سیشن میں پرچہ ختم ہونے پر اضافی وقت کوبڑھایا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ ایس ایس سی اور ایچ ایس سی امتحانات کا ٹائم ٹیبل جاری کردیاگیا ہے جو بورڈ کی ویب سائٹ پردیکھا جاسکتا ہے اور چند دنوں میں اس کا پرنٹ بھی تمام اسکولوں اور جونیئرکالجوں کو بھیج دیا جائے گا۔
ایچ ایس سی امتحان ۴؍ تا ۳۰؍مارچ اور ایس ایس سی امتحان ۱۵؍مارچ تا ۲۴؍ اپریل منعقدکیا جائے گا۔ کووڈ۱۹؍ کے پیش نظر تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ امتحانات آف لائن ہوں گے۔