EPAPER
Updated: February 05, 2022, 12:27 PM IST | Agency | New Delhi
امریکی الیکٹرک کارکمپنی ٹیسلا کے ہندوستانی بازار میں قدم رکھنے کے منصوبہ کو جھٹکا لگا ہے۔ حکومت ہند نے امپورٹ پر ٹیکس میں رعایت دینے کا ٹیسلا کا مطالبہ خارج کردیا ہے۔
امریکی الیکٹرک کارکمپنی ٹیسلا کے ہندوستانی بازار میں قدم رکھنے کے منصوبہ کو جھٹکا لگا ہے۔ حکومت ہند نے امپورٹ پر ٹیکس میں رعایت دینے کا ٹیسلا کا مطالبہ خارج کردیا ہے۔ ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک ہندوستان میں اپنی امپورٹیڈ الیکٹرک کاریں فروخت کرنا چاہتے ہیں ۔ اس کے لئے انہوں نے امپورٹ ٹیکس(کسٹم ڈیوٹی) میں حکومت سے رعایت مانگی تھی۔ حکومت نے ٹیسلا کا مطالبہ یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ ہندوستان میں پہلے سے اس کے لئے پالیسی موجود ہے ۔ اس پالیسی کے تحت آٹو کمپنیوں کو کم ٹیکس پر ہندوستان میں جزوی طور پر تیار گاڑیاں امپورٹ کرنے اور یہاں ان کی اسمبلنگ کرنی کی اجازت دی گئی ہے۔ اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سینٹر ل بورڈ آف ان ڈائریکٹ ٹیکسیز اینڈ کسٹم کے چیئرمین وویک جوہری نے بتایا کہ ’’ہم نے اس پر غور کیا کہ ڈیوٹی میں کسی طرح کی تبدیلی کی ضرورت ہے کیا، ہم نے پایا کہ کچھ گھریلو پروڈکشن ہورہا ہے اور موجودہ نرخ ڈھانچہ پر کچھ سرمایہ آیا ہے۔ اسلئے یہ صاف ہے کہ ڈیوٹی اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔‘‘ حکومت نے ایلون مسک کو ہندوستان میں پیداوار شروع کرنے کے لئے مدعو کیا ہے۔ لیکن مسک شروعات میں اپنی امپورٹ کی گئی کاریں فروخت کرناچاہتے ہیں اور یہ بھی چاہتے ہیں کہ حکومت گاڑیوں کے امپورٹ پرعائد ڈیوٹی میں کمی لائےجو فی الوقت صدفیصد ہے۔ حالانکہ ہندوستان میں اسمبلنگ کے لئے پرزے امپورٹ کرنے پر ۱۵؍ سے ۳۰؍ فیصد ڈیوٹی لگتی ہے۔