EPAPER
Updated: August 03, 2021, 8:07 AM IST | nadeem asran | Mumbai
چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کے قریب لگائے گئے اڈانی ایئرپورٹ کے بورڈ کومظاہرین نے توڑپھوڑ کر ہٹادیا اور بھگواجھنڈے گاڑدیئے۔ چند مظاہرین کو پولیس نے حراست میں لے لیا
یہاں ممبئی ایئرپورٹ کے وی آئی پی گیٹ پر اڈانی ایئرپورٹ کا بورڈ لگایاگیا تھا جس کی وجہ سے شیوسینک برہم ہوگئےکیونکہ بورڈ پرچھترپتی شیواجی مہاراج کا نام غائب تھا حالانکہ ممبئی کا یہ بین الاقوامی ہوائی اڈہ شیواجی مہاراج سے منسوب ہے۔ جس جگہ احتجاج کیا گیا، وہ ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کے قریب واقع ہے۔
پیر کو شیوسینکوںنے توڑپھوڑ کرتے ہوئےاڈانی ایئرپورٹ کا بورڈ ہٹادیا اور وہاں بھگوا جھنڈے گاڑدیئے جسے بعد میں پولیس نے ہٹادیا۔ ڈیوٹی پر موجود پولیس افسر نے بتایا کہ وہاں اڈانی ایئرپورٹ لکھا ہوا تھا۔
اطلاع کے مطابق شیوسینکوں نے اڈانی ایئرپورٹ کا بورڈ ہٹانے کا کئی بار مطالبہ کیا تھا۔پیر کو مظاہرین نے دورانِ احتجاج یہ نعرہ بھی بلند کیا تھا کہ ’یہ ایئر پورٹ شیواجی مہاراج سے منسوب کیا گیاہے تو اسے اڈانی سے کیسے منسوب کیا جاسکتا ہے۔‘ پولیس نے چند مظاہرین کو حراست میں لے کر ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ پولیس نے یہ بھی کہا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا ۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اڈانی گروپ نے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی کمان سنبھالی ہے۔ اس سے قبل اس کا انتظام جی وی کے گروپ سنبھال رہا تھا۔گزشتہ سال اگست میں اڈانی گروپ نے ممبئی ایئرپورٹ میںجی وی کے کی جگہ سنبھال لی تھی اور اب وہ ایئرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کی شراکت دار ہے ۔یاد رہے کہ شیوسینا جو مہاراشٹر کی مہاوکاس اگھاڑی حکومت میں شامل ہے ، ممبئی ایئرپورٹ کا نام اڈانی گروپ کے نام پر رکھنے کی مخالفت کررہی ہے۔
اڈانی گروپ چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں۷۴؍ فیصد حصص کو کنٹرول کرتا ہے ،۵۰ء۵؍ فیصد حصص جی وی کے گروپ سے اور۲۳ء۵؍ فیصد اقلیتی شراکت داروں سے خریدا گیا ہے جس میں ایئرپورٹس کمپنی ساؤتھ افریقہ (اے سی ایس اے) اور بڈویسٹ گروپ شامل ہے۔