EPAPER
Updated: September 03, 2021, 11:50 AM IST | Agency | New Delhi
اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی ایک بار پھر ایشیا کے دوسرے اور دنیا کے ۱۴؍ ویں امیر ترین کاروباری بن گئے ہیں۔ جبکہ ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی ایشیا میں پہلے اور دنیا میں ۱۲؍ویں نمبر کے سب سے امیر کاروباری ہیں۔
اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی ایک بار پھر ایشیا کے دوسرے اور دنیا کے ۱۴؍ ویں امیر ترین کاروباری بن گئے ہیں۔ جبکہ ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی ایشیا میں پہلے اور دنیا میں ۱۲؍ویں نمبر کے سب سے امیر کاروباری ہیں۔ بلومبرگ بلینئر انڈیکس کی یکم ستمبر کو جاری ہونے والی رپورٹ میں یہ بات کہی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امیزون کے جیف بیزوس اب بھی دولت کے معاملے میں دنیا میں نمبر ایک پر ہیں۔ ان کی دولت ۲۰۰؍ ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔ ٹیسلا کے مالک ایلن مسک ۱۹۹؍ ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے مقام پر ہیں ۔ا رب پتی افراد کی فہرست میں مکیش امبانی کی دولت ۶ء۵۵؍ لاکھ کروڑ روپے تھی۔ گوتم اڈانی کی دولت ۵ء۲۴؍ لاکھ کروڑ روپے ہے۔ مکیش امبانی رینکنگ میں بھلے ہی اڈانی سے آگے ہیں لیکن پیسہ کمانے میں اڈانی نے امبانی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اڈانی نے جو پرانی رینکنگ پھر سے حاصل کی ہے اس کی وجہ ان کی کمپنیوں کے شیئر میں تیزی ہے۔ ان کی ۳؍ کمپنیوں اڈانی پاور، اڈانی گیس اور اڈانی ٹرانسمیشن کے شیئرز میں پچھلے ۱۰؍ دنوں سے تیزی دیکھی جارہی ہے۔ اڈانی ٹرانسمیشن کا شیئر روز ۵؍فیصد اَپر سرکٹ کے ساتھ بند ہورہا ہے۔ اس نے جمعرات کو ایک سال کا نیا ہائی مقام حاصل کیا ہے۔ جمعرات کو ۱۷۳۵؍روپے پر چلا گیا۔ اس سے پہلے اس کا ہائی ۱۶۸۲؍ روپے تھا۔اڈانی پاور بھی ۵؍فیصد کے اَپر سرکٹ کے ساتھ ۱۰۸؍ روپے پر پہنچ گیا ہے۔ اڈانی گیس ۱۴۹۰؍ اور اڈانی انٹرپرائز ۱۵۸۸؍ روپے پر پہنچ گیا ہے۔ یہ سبھی شیئر ۱۴؍جون کے بعد سے لگاتار گراوٹ میں تھے۔ ان شیئرز کی قیمتیں ۴۰؍ سے ۵۰؍فیصد تک گرگئی تھیں اور سبھی شیئر ایک ہزار روپے کے نیچے کے دام پر آگئے تھے۔جون میں اڈانی گروپ کی کمپنیوں میں ۳؍ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے سرمایہ کو منجمد کئے جانے کی خبر آئی تھی۔ اس کے بعد سے اڈانی کی کمپنیوں کے شیئرز میں گراوٹ آئی تھی۔