Inquilab Logo Happiest Places to Work

مہاراشٹر میں پابندیوں میں اضافہ کا امکان

Updated: January 02, 2022, 1:38 AM IST | Mumbai

ایڈیشنل چیف سیکریٹری کے مطابق جنوری کے تیسرے ہفتے میں ایکٹیو معاملات ۲؍ لاکھ تک پہنچ سکتے ہیں اس لئے ہر ممکن احتیاط ضروری ہے

Testing has been stepped up across the country to deal with Corona. (PTI)
کورونا سے نمٹنے کیلئے پورے ملک میں ٹیسٹنگ میں اـضافہ کردیا گیا ہے۔ (پی ٹی آئی )

ریاست میں کورونا اور اومیکرون کے بڑھنے کی رفتار اتنی زیادہ ہے کہ ریاست کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ہیلتھ) ڈاکٹر پردیپ ویاس کا کہنا ہے کہ جنوری کے تیسرے ہفتے میں کورونا کے ایکٹیو معاملات کی تعداد ۲؍ لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ اسی وجہ سے ریاست میں پابندیوں میں مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے خبر رساں ایجنسی  اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے یہ واضح کیا کہ ریاست میں معاملات تو تیزی کے ساتھ بڑھ رہے ہیں لیکن ان میں کتنوں کو اسپتال داخل کیا جارہا ہے یہ دیکھنے والی بات ہے کیوں کہ اومیکرون اور کورونا کا انفیکشن اب جو ہو رہا ہے وہ بہت ہلکا ہے۔ اس کے باوجود ہمیں کوئی  تساہلی نہیں برتنی ہے۔
ٹیکہ نہ لینے والوں کو وارننگ 
  ڈاکٹر ویاس کے مطابق کورونا کا انفیکشن  بھلے ہی  ہلکا ہے لیکن یہ  ان لوگوں کے لئے بہت خطرناک ہے جنہوں نے اب تک ایک بھی ٹیکہ نہیں لیا ہے یا جنہیں کوئی مرض پہلے سے لاحق ہے۔ اسی لئے ہم نے ٹیسٹنگ میں اـضافہ کے ساتھ ساتھ ریاست میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی ٹیکہ کاری کاہدف بھی مقرر کیا ہے۔ ڈاکٹر ویاس نے میڈیا میں آرہی  ان خبروں کہ تیسری لہر بہت مدھم ہو گی یا پھر اومیکرون کا اثر بہت کم ہے ، پر سخت ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ یہ تمام باتیں درست ہو سکتی ہیں لیکن اس وقت حقیقت یہی ہے کہ اگر تیسری لہر آئی تو معاملات میں ہوش رُبا اضافہ ہو گا جو جنوری کے وسط تک ۲؍ لاکھ سے زائد پر پہنچ جائے گا۔ اس لئے یہ سمجھنا کہ اب کورونا کا اثر کم ہو گا خام خیالی ہے۔  ایسے میں ضروری ہے کہ احتیاط برتی جائے اور ٹیکہ کاری مکمل کی جائے ۔ اس کے بغیر کورونا سے مقابلہ نہیں کیا جاسکے گا۔ڈاکٹر ویاس نے پھر سے لاک ڈائون لگانے کی اطلاعا ت پر کہا کہ یہ فیصلہ حکومت کی جانب سے کیا جائے گا اور تمام حالات پر غور کرنے کے بعد ہی ایسا ہو گا۔
راجیش ٹوپے کا بیان 
 دوسری طرف ریاست کے  وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہا کہ مہاراشٹر میں بھلے ہی کورونا کے معاملات  بہت تیزی کے ساتھ  بڑھ رہے ہیں لیکن  یہاں لاک ڈائون لگانے پر کوئی  غور نہیں ہو رہا ہے اور نہ اس تعلق  سے کوئی فیصلہ ہوا ہے۔ راجیش ٹوپے نے واضح کیا کہ مہاراشٹر میں ہیلتھ  انفراسٹرکچر بہت  بہتر حالت میں ہے اورمختلف اسپتالوںکو اپنے یہاں سہولتوں میں اضافہ کرنے کی ہدایت بھی دے دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی جمبو کووڈ سینٹرس بھی پوری طرح سے آپریشنل کردئیے گئے ہیں اس لئے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر ریاست میں آکسیجن کی یومیہ طلب ۷؍ ہزار میٹرک ٹن سے زائد ہو تی ہے تو لاک ڈائون پر غور کیا جائے گا۔
مرکز نے ہدایات جاری کیں
  کووڈانفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر مرکزی حکومت نے ریاستوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ عارضی کووڈ  مراکز قائم کریں اور ٹیسٹنگ میں اضافہ کریں۔ مرکزی وزارت صحت کے سیکریٹری راجیش بھوشن نےتمام ریاستوں  کے چیف سیکریٹریوں کو لکھے  خط میں کہا کہ کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملوں کے  پیش نظر تیاریاں کی جانی چاہئیں۔ پارکوں، کمیونٹی سینٹرز، ہوٹلوں اور دیگر مقامات پر کووڈ کے علاج کے  لئے عارضی مراکز قائم کیے جائیں۔ کورونا وبا کی گزشتہ لہر کے دوران شروع  کئے گئے کووِڈ مراکز کو دوبارہ شروع کیا جانا چاہئےجبکہ ہلکے انفیکشن والے لوگوں کو گھر میں خود کو الگ تھلگ کرنے کی ترغیب دی جانی چاہئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK