Inquilab Logo Happiest Places to Work

سماجوادی پارٹی اور بی جے پی کا انتخابی منشور جاری، وعدوں اور دعوؤں کی کثرت

Updated: February 09, 2022, 9:41 AM IST | Lucknow

اکھلیش یادونے اپنے ’وچن پتر‘ میں لڑکیوں کیلئے کے جی سے پی جی تک مفت تعلیم اور ملازمتوں میں ۳۳؍ فیصد ریزرویشن کا وعدہ کیا اور کسانوں کیلئے آب پاشی اور کھاد کی فراہمی کو یقین بنانے کی با ت کہی

On the last day of the first phase of the election campaign, the Samajwadi Party issued its manifesto (Photo: PTI)
پہلے مرحلے کی انتخابی مہم کے آخری دن سماجوادی پارٹی نے اپنا ’وچن پتر‘ جاری کیا (تصویر: پی ٹی آئی)

اترپردیش میں ہر گزرتے دن کے ساتھ انتخابی ہما ہمی بڑھتی جارہی ہے۔ یہاں مغربی خطے میں الیکشن کے پہلے مرحلے کی انتخابی مہم کے آخری دن   تمام جماعتوں نے اپنا پورا زور صرف کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران سماجوادی پارٹی (ایس پی) اور بی جے پی نے اپنا اپنا انتخابی منشور بھی جاری کیا۔ ایس پی نے اسے ’وچن پتر‘ کا نام دیا تو بی جے پی نے ’سنکلپ پتر‘ قرار دیا۔
 منگل کو جاری پارٹی کے انتخابی منشور میں پارٹی نے ہر فصل کوکم از کم سہارا قیمت پر خریدنے،دو پہیہ گاڑی ہولڈروں کو فی ماہ ایک لیٹر پٹرول دینے،کسان تحریک کے دوران فوت ہونے والے کسانوں کے اہل خانہ کو۲۵؍لاکھ روپوں کا مالی تعاون دینے اوران کے یاد میں میموریل تعمیر کرنے کاوعدہ کیا ہے۔
  سماجوادی پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے’کے جی سے پی جی تک‘ لڑکیوں کی مفت تعلیم اور ملازمتوں میں۳۳؍فیصدی ریزرویشن دینے کا وعدہ کیا ہے۔خواتین کو باختیاربنانے کے ضمن میں سماجوادی پارٹی نے کہا کہ تمام پالیسیوں میں صنفی بجٹ کو نافذ کیا جائے گاور پولیس فورس میں خواتین کی تقرری کیلئے خصوصی تقرری مہم چلائی جائے گی۔
 اس کےساتھ ہی  انتخابی منشور میں بی پی ایل کنبے کوسال میں۲؍ ایل پی جی سلنڈر،اورآٹوڈرائیوروں کو ۳؍لیٹر پیٹرول یا۶؍کلو گرام سی این جی فی ماہ مفت میں فراہم کئے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔منشور کے مطابق بہتر راشن تقسیم سسٹم کیلئے ’انتودئےاسکیم‘ کو دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ ان اعلانات کے ساتھ اکھلیش یادو نے۳۰۰؍یونٹ مفت بجلی، پرانی پنش اسکیم کی بحالی کے اپنے وعدے کو ایک بار پھر دُہرایاہے۔انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ’’ہر فصل پر ایم ایس پی ملے گی اور گنا کی ادائیگی ۱۵؍دنوں کے اندر کی جائے گی۔اس کیلئے ۱۰؍ہزار کروڑ روپوں کے ساتھ ’کارپس فنڈ‘ کو تشکیل دیا جائے گا۔ زراعت اور دیہی ترقیاتی اسکیمات کے نفاذ کیلئے ’یوپی رورل انفراسٹرکچر فنڈ‘ قائم کیا جائے گا۔ اکھلیش نے کہا کہ زرعی قرض سے راحت کیلئے ’اگریکلچر ریلیف ایکٹ‘بنایا جائے گا۔اس ایکٹ کے تحت  ایک کمیشن کی تشکیل دی جائے گی جو کہ مسائل کی نشاندہی کرے گا۔
 سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ’ ’اگری اسٹارٹ اپ اور اس شعبے میں روزگار کے مواقع پید اکرنے کیلئے’اگری ٹیک  انکیوبیشن  سنٹرس‘ بنائے جائیں گے۔ساتھ ہی تمام چھوٹے اور درمیانے کسانوں کو جن کے پاس ۲؍ ایکڑ سے کم زمین ہے، انہیں ڈی اے پی کی دو بوریاں اور یوریا کی تین بوریاں مفت میں فراہم کی جائیں گی۔کسانوں کیلئے مفت سینچائی کی خاطر بجلی کی فراہمی کے ساتھ ہی سود سے پاک قرض، انشورنش اور پنشن کا انتظام کیا جائے گا۔‘‘
 سماجوادی پارٹی نے اس کے علاوہ کئی اہم اعلانات کئے ہیں اور حکومت بنتے ہی اسے فوری طور پر نافذ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK